• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ہاکی میں بہتری کیلئے نئے سکریٹری متحرک
لاڑکانہ میں ٹینس ٹور نامنٹ کے موقع پر مہمان خصوصی خیر محمد شیخ،نثار اللہ‎ شیخ اور دیگر کا گروپ

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری آصف باجوہ نے اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد ملکی ہاکی میں بہتری کے لئے اپنا کام شروع کردیا ہے، انہوں نے پہلے مرحلے میں ناراض سابق ہاکی اولمپئینز سے رابطہ کیا ہے، ان سے ملاقات کی ہے جو پچھلے کئی سالوں سے پی ایچ ایف کے سابق سکریٹری شہباز احمد کی اقربا پروری، اور سیاسی گٹھ جوڑ سے سخت نالاں تھے، آصف باجوہ نے پہلے مرحلے میں اولمپئینز فورم کے سر براہ منظور جونیئر اور خواجہ جنید احمد سے ملاقات کی ، بعد میں کراچی پہنچ کر انہوں نے کے ایچ اے کے تنازع کو دور کرنے کے لئے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان کوچ حنیف خان، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سکریٹری سید حیدر حسین سے ملاقات کی جس میں ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے تنازع کو حل کرنے کے لئے نئے فارمولے پر بات چیت ہوئی جس میں صوبائی وزیر سعید غنی سر پرست ، گلفراز احمد خان چیئرمین، ڈاکٹر جنید علی شاہ صدر اور حیدر حسین سکریٹری ہوں گے،جبکہ کے ایچ اے ( پی ایچ ایف )کو دیگرنشتوں پر ایڈ جسٹ کیا جائے گا، سلیکشن کمیٹی میں بھی ان کے ارکان کو شامل کیا جائے گا،انہوں نے کراچی میں سندھ حکومت کے حکام سے بھی ملاقات کی اور ان سے پاکستان سپر ہاکی لیگ کے انعقاد کے سلسلے میں مدد مانگی، انہیں حوصلہ افزاء جواب ملا ہے۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے آصف باجوہ نے کہا کہ ڈالرز کی قیمت میں اضافے کے پیش نظر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئندہ غیر ملکی دورے میں کھلاڑیوں کو ڈیلی الائونس پاکستانی کرنسی میں دیا جائے گا، کرپشن کے الزامات پر ادارے موجود ہیں، پی ایچ ایف کا گزشتہ ساڑھے تین سال کا فررنزک آڈٹ ہوچکا اگرکچھ بے قاعدگیاں نظر آئیں تو رپورٹ سامنے آجاے گی۔ اولمپکس کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت کا انحصار20جون کو ہونے والی انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے اجلاس کے فیصلے پر ہوگا ، جس میں صدر خالد سجاد کھوکھر اور وکیل شرکت کرکے پاکستان پر پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر عائد جرمانے پر بات کریں گے۔ گارڈن اسپورٹس نے بحریہ یونائیٹڈکو شکست دے کر عبدالرزاق آرائیں فلڈ لائٹ روک بال ٹورنامنٹ جیت لیا، الجدون کلب نے علی جوانی کلب کو ہراکر تیسری پوزیشن حاصل کی، بعد میں مہمان خصوصی اکرم رانا، سعید احمد آرائیں، ام لیلی کلثوم اور مقبول احمد نے انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ قومی چیمپئن شپ اگست میں لاہور میں ہوگی جبکہ نومبر میں قومی ٹیم بنگلہ دیشن میں ہونے والی ایشین روک بال چیمپئن شپ میں حصہ لے گی۔

ہاکی میں بہتری کیلئے نئے سکریٹری متحرک
بلدیہ ٹاؤن ہاکی فیسٹیول کے اختتام پر مہمان خصوصی اسماء علی شاہ انعامات تقسیم کرتے ہوئے ساتھ میں حیدر حسین بھی نمایاں ہیں

محمود احمد خان ٹرافی باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل نیبر ہڈ باسکٹ بال کلب نے ون یونٹ باسکٹ بال کلب کو ہراکر جیت لیا۔مین آف دی ٹورنامنٹ ایوارڈ کے مشترکہ حقدار عبداللہ شاہ اور کاشف سروری اور فائنل کا مین آف دی میچ مشترکہ طور پر تاشفین زیدی اور حماد این ڈی خان کو دیا گیا ، کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے فاتح ،رنر اپ ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافی اور کھلاڑیوں اور آفیشلز میں انعامات و کیش پرائز تقسیم کئے اس موقع پر سابق وفاقی وزیر قانونی پروفیسر این ڈی خان ،کرنل سید بصیر عالم ،شاہدہ پروین کیانی ،خالد جمیل شمسی ،انجینئر سید محفوظ الحق ،محمد ارشد ، محمد سلیم خمیسانی ،عظمت اللہ خان ، غلام محمد خان ،ٹورنامنٹ کے روح رواں محمود احمد خان دیگر شخصیات موجود تھیں ۔بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے ورلڈ کپ کر کٹ ٹور نامنٹ کی وجہ سے 14 ویں ویسٹ ایشیا ء بیس بال کپ کو 15سے20جولائی تک کرانے کا فیصلہ کیا ہے، پہلے یہ ایونٹیکم سے چھ جولائی تک ہونا تھا، مگر ورلڈ کپ کر کٹ میں پاکستان،سری لنکا اور بھارت کی ٹیموں کی موجودگی کی وجہ سے ایونٹ کی تاریخ کو تبدیل کردیا گیا۔پاکستان بیس بال فیڈریشن نے قومی ایونٹ کو بھی جون کے بجائے ستمبر میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے ایشین گیمزسمیت دیگر انٹرنیشنل ایونٹس میں شاندار کارکردگی دکھانے اور پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے والے قومی اتھلیٹس کو انکی انعامی رقم جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، یہ کھلاڑی طویل عرصے سے رقم کے انتظار میں تھے۔ امکان ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات کے بعد وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کریں گی۔

ہاکی میں بہتری کیلئے نئے سکریٹری متحرک
وہیل چیئر ایشیا کپ کر کٹٹور نامنٹ کی فاتح پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹرافی کے ساتھ جشن

شہر کے تاریخی اور قدیم اسپورٹس گرائونڈ وائی ایم سی اے پر ہاکی گراؤنڈ اور باسکٹ بال کورٹ کی تعمیر کا کام اس ماہ کے آخر میں شروع ہوجائے گا، سپریم کورٹ کے حکم پر چھ ماہ قبل اس گرائونڈ سے شادی کی تقریبات کو ختم کیا گیا تھا، تاہم شادی ہال کے مالکان کے کچن اور دفاتر بدستور قائم تھے جن کو چندروز قبل خالی کرالیا گیا ہے، اس سلسلے میں کے ایچ اے کے سکریٹری حیدر حسین اور ڈی سی سائوتھ صلاح الدین نے اہم کردار ادا کیا۔کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ( پی ایچ ایف)کے صدر اور صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ 15 جون سے شہید بینظیر بھٹو آل سندھ انٹر ڈویژن مینز ہاکی ٹورنامنٹ کراچی میں کھیلا جائیگا ، گلشن اقبال میں واقع کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اسپورٹس کمپلیکس میں ہاکی ایسوسی ایشن کے انتظامی کام کا بھی جلد آغاز ہوگا، کمپلکس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن سے الحاق کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیدار انتظامی امور سنبھالیں گے، ان خیالات کا اظہار سعید غنی نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات میں کامران اشرف،فتخار سید ، مبشر مختار، جان محمد ، طلعت محمد ، لطافت حسین شاہ اور طارق خان بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ کو قومی کھیل کا گہوارہ بنائینگے آل سندھ انٹر ڈویژن ہاکی ٹورنامنٹ سے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئینگے ، چیمپیئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو انعامات کیساتھ اداروں کی ٹیموں میں بھی جگہ فراہم کی جائیگی، کے ڈی اے، واٹر بورڈ اور کے ایم سی کی ہاکی ٹیمیوں میں ان کھلاڑیوں کو ملازمت کا موقع ملے گا ۔ سابق سینیٹر نے کہا کہ کے ایم سی کی ہاکی ٹیم کے قیام سے کراچی کے کھلاڑیوں کی محرومیاں دور ہونگیں، ہماری کوشش ہوگی کہ صوبہ سندھ میں جن اداروں نے قومی کھیل کی ٹیمیں بند کردی ہیں وہ اپنی ٹیمیں بحال کریں۔ اس حوالےسے شاہد علی خان ، کامران اشرف ، لیزا مہدی اور طلعت محمود پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔نیشنل بینک سے تعلق رکھنے والی انٹرنیشنل بیڈمنٹن کھلاڑی پلوشہ بشیرنے عرب امارت میں کھیلے گئے 42 ویں یواے ای اوپن خواتین بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ڈبل ایونٹ اپنے نام کرلیاجبکہ سنگل ایونٹ میں رنرزاپ رہی ۔

ہاکی میں بہتری کیلئے نئے سکریٹری متحرک
روک بال ٹور نامنٹ کے اختتام پر مہمان خصوصی اکرم رانا، سعید احمد آرائیں، ام لیلی کلثوم اور مقبول احمد کاکھلاڑیوں کے ساتھ گروپ

لاڑکانہ کے آفیسرز کلب میں سندھ اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے اور لاڑکانہ ٹینس ایسوسی ایشن کے زیرے نگرانی 57وان ایس ایس بی لاڑکانہ سندھ رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ شروع ہوگئی،مہمان خصوصی خیر محمّد شیخ سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ اور نواب قلب لاہوری نے افتتاح کیا ان کے ساتھ صدر لاڑکانہ ٹینس ایسوسی ایشن ڈاکٹر عبدل عبدالفتاح بگھیو جنرل سیکرٹری لاڑکانہ ٹینس ایسوسی ایشن احمد محمود فاروقی ۔نثار اللہ‎ شیخ آرگنائزنگ سیکرٹری۔ پروفیسر عطا محمّد شیخ۔مختیار احمد ابڑو بھی موجود تھے، مہمان خصوصی نے کہا کہ کھیل سے انسان کافی بیماریوں سے بچتا ہے اور خود کو تندرست رکھتا ہے جہاں کھیل زیادہ ہوتے ہے وہاں ہسپتال ویران ہوتے ہیں ۔

ہاکی میں بہتری کیلئے نئے سکریٹری متحرک
لاہور میں پی سی بی لیول ون کورس کے موقع پر سابق قومی کپتان مصباح الحق اور دیگر شریک ہیں

پی سی بی نے سابق ٹیسٹ اور انٹر نیشنل کر کٹرز کو کوچنگ کی جانب لانے کے لئے لاہور میں قومی کر کٹ اکیڈمی میں لیول ٹو کوچنگ کورس کا انعقاد کیا ہے ، جو کل ختم ہوگا کورس میں 15قومی کرکٹر شریک ہیں، ان میں سابق کپتان مصباح الحق، سعید اجمل، سلمان بٹ،باسط علی،عبد الرحمان، عدنان اکمل، احمد شہزاد، اعتزاز چیمہ، بلال آصف، احسن عادل، ہمایوں فرحت، قیصر عباس، عبید آصف اور ذولفقار بابر شامل ہیں ڈاریکٹر اکیڈمی سابق ٹیسٹ کر کٹر مدثر نذر نے شرکاء کو لیکچر دیا، جس میں انہیں فیلڈنگ، بولنگ اور دیگر امور کے بارے میں آگہی دی گئی، کورس کا مقصد کرکٹرز کو کوچنگ کے شعبے میں متعارف کرانا ہے، سابق کپتان مصباح الحق نے کہا کہ کھیلنا اورسکھانا دو مختلف کام ہے اس کورس سے کوچنگ کے بارے میں معلومات ملے گی جس سے ہمیں نئے کھلاڑیوں کو سکھانے میں مدد ملے گی۔

تازہ ترین
تازہ ترین