• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی بجٹ میں غریبوں پر کم بوجھ ڈالنے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اقتصادی ٹیم کا اجلاس بنی گالہ میں ہوا، جس میں وفاقی بجٹ پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں مشیر خزانہ حفیظ شیخ، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور اقتصادی ماہرین نے شرکت کی۔

اقتصادی ٹیم نے وزیراعظم عمران خان کو بجٹ میں ٹیکس کے نفاذ اور اہداف سے متعلق آگاہ کیا۔

عمران خان نے اپنی معاشی ٹیم کو غریب طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بجٹ عوام دوست اور معاشی استحکام کے پیش نظر بنایا جائے۔

معاشی ٹیم نے وزیراعظم کو آئندہ بجٹ سے متعلق تجاویز پر بریفنگ دی اور انہیں بجٹ میں ٹیکس کے نفاذ اور اہداف کے بارے میں بتایا، مالی سال 19-2018 کی بجٹ تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے بجٹ تیاری اور ممکنہ حجم سے متعلق معاشی ماہرین سے مشاورت کی جبکہ مشیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور چئیر مین ایف بی آر نے وزیراعظم کو تجاویز پیش کیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کی نمبر ون ترجیح عوام ہیں اور یہ بجٹ عوام دوست ہوگا، یہ بجٹ تحریک انصاف کے طویل المدتی پروگرام کی راہ ہموار کرے گا۔

آئندہ مالی سال کے لئے وفاقی حکومت اپنا بجٹ 11 جون کو پیش کرے گی۔

تازہ ترین