• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں دفاعی عالمی چیمپین آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل سمرسیٹ کائونٹی کے گرائونڈ میں اتوار کی دوپہر اچانک شروع ہونے والی بارش سے پاکستانی ٹیم کے لئے سب سے بڑی تشویش یہ ہے کہ بدھ کو میچ والے دن بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں کہ میچ بارش سے متاثر ہوسکتا ہے،سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے،دو دن سے سورج کم نکلا ہے۔

پاکستانی ٹیم کی تیاریوں پر نظر رکھے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی ٹائونٹن پہنچ گئے ہیں ٹائونٹن میں میڈیا کے انتظامات ناقص ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں میڈیا کے لئے پریس باکس کے دروازے بند کردیئے گئے اور میڈیا کو سینٹر سے یہ کہہ کر نکال دیا گیا کہ پیر کو میڈیا سینٹر کھلے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ بھی کوشش کے باوجود میڈیا سینٹر نہ کھلواسکا،بارش اور سرد موسم میں میڈیا والے مشکل میں رہے اور انہیں اپنے فرائض کی ادائیگی میں سخت مشکلات پیش آئیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی دو بڑی ٹیموں کے اہم ترین میچ کے لئے چھوٹے سینٹر کا انتخاب حیران کن ہےکیونکہ گرائونڈ میں میڈیا کے لئے سہولتیں ناکافی ہیں۔

توقع ہے کہ اگر پورا میچ ہوا تو پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔تاہم اگر اوورز کم ہوئے تو ٹیم انتظامیہ کا پلان بی تیار ہے۔

پاکستانی ٹیم حریف کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ موسم پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے، کھلاڑی پرعزم ہیں کہ وہ آسٹریلیا کے میچ میں جیت کا تسلسل قائم رکھیں گے۔ہوم گرائونڈ پر سیریز پانچ صفر سے ہارنے کے باوجود پاکستانی ٹیم اس بار بازی پلٹنے کے لئے ایڑ ی چوٹی کا زور لگائے گی۔

قومی ٹیم کا برسٹل میں سری لنکا کے خلاف میچ بھی بارش سے متاثر ہوا تھا،دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا تھا۔

ٹائونٹن میں اگلے چار دن بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور میچ والے دن بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کو جمعے کو مدِمقابل ہوناتھاتاہم بارش کی وجہ سے میچ شروع ہوئے بغیر ہی منسوخ کر دیا گیا،دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا تھا۔

تازہ ترین