• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ: بھارت نے آسٹریلیا کو 36 رنز سے مات دے دی

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے 14 ویں میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دے دی۔

لندن کے اوول گرائونڈ پر کھیلے گئے میچ میں بھارت نے 353 رنز کا ہدف دیا جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 316 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میچ میں شیکھردھون کی سنچری، روہیت شرما اور کپتان ویرات کوہلی کی نصف سنچریوں کی بدولت بھارت نے اسکور بورڈ پر ورلڈ کپ کا دوسرا بڑا ہدف سجادیا۔

353کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی طرف سے ڈیوڈ وارنر اور کپتان ایرون فنچ نے اننگز اوپن کی،61 کے مجموعے پر فنچ 36 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ پر ڈیوڈ وارنر نے اسمتھ کے ساتھ مل کر اسکور میں 72 رنز کا اضافہ کیا،اس دوران وارنر نے اپنی نصف سنچری مکمل کی،25 ویں اوور میں 133 کے اسکور پر وہ 56 رنز بناکر چاہل کا شکار بن گئے۔

آسٹریلیا کی تیسری وکٹ37 ویں اوور میں 202 کے اسکور پر گری، عثمان خواجہ 42 رنز بناکر بمرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

بھارت کو آسٹریلوی اننگز کے ٹاپ اسکورر اسمتھ کی وکٹ 40 ویں اوور میں 238 کے اسکور پر ملی،اسمتھ نے69 رنز کی اننگز کے دوران 5 چوکے اور 1 چھکا لگایا، ان کی وکٹ بھنشور کمار کے حصے میں آئی۔

40ویں اوور میں ہی آسٹریلیا کی پانچویں وکٹ بھی گری،اسٹائنس بغیر کوئی رنز بنائے بھنشور کی دوسری وکٹ بن گئے، مسلسل 2 وکٹ گرنے کے بعد آسٹریلیا کے لئے میچ مشکل ہوگیا۔

41ویں اوور میں 244 کے اسکور پر میکس ویل 28 رنز کی اننگز کھیل کر چاہل کا شکار بن گئے،بھارتی اسپنر کی میچ میں یہ دوسری وکٹ تھی۔

آسٹریلوی وکٹ کیپر ایلکس کیری نے اسکور میں تیزی سے اضافے کرنے کی کوشش کی لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹ گرنے کا سلسلہ جاری رہا،ساتویں وکٹ 287 کے اسکور پر کولٹر نائیل کی گری وہ صرف4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کو آٹھویں وکٹ 300 کے اسکور پر کمنز کی ملی، وہ 8 رنز بناکر بمرا کا تیسرا شکار بن گئے،اس وکٹ کے گرنے کے بھارتی جیت یقینی ہوگئی۔

آسٹریلیا کی نویں وکٹ 313 کے اسکور پر اسٹارک کی گری،وہ 3 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے جبکہ آخری وکٹ زمپا کی گری وہ 1 رنز بناکر بھنشور کمار کی تیسری وکٹ بنے۔

بھارت کی طرف سے بھنشور کمار اور بمرا نے 3،3 جبکہ چاہل نے 2  کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،2 آسٹریلوی میچ میں رن آئوٹ ہوئے۔

ایونٹ میں یہ بھارت کا دوسرا اور آسٹریلیا کا تیسرا میچ تھا، ویرات کوہلی الیون کی لگاتار یہ دوسری کامیابی ہے جبکہ ورلڈ کپ 2019ء میں آسٹریلیا کو پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تازہ ترین