• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالب علموں کی بڑی تعداد تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنی ڈگری نہیں نکلواتی۔ ملازمت اورمعاشی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے انہیں موقع نہیں ملتا کہ وہ اپنی ڈگری نکلوالیں۔ مگر جب کبھی انہیں مزید تعلیم حاصل کرنے، کیریئر میں آگے بڑھنے یا ملک سے باہر روزگار کا حصول درکار ہوتا ہے تو انھیں ڈگری کی تصدیق کی ضرورت پڑتی ہے اور ایسے میں وہ پریشانی کا شکا ر ہو جاتے ہیں۔ آج کے دور میں چونکہ ہر چیز آن لائن ہے ، آپ کے امتحان کے نتائج سے لے کر داخلوں تک، فیس وائوچر سے لے کر کورسز کرنے تک، آپ گھر بیٹھے سب کچھ کر سکتے ہیں۔ اسی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی ڈگری کی آن لائن تصدیق کیلئے ای پورٹل کی سہولت فراہم کردی ہے، جس کا طریقہ ہم اس مضمون میں آپ کو بتائیں گے لیکن سب سے پہلے آپ یہ جان لیں کہ کب او ر کہاں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی تصدیق شدہ ڈگری کی ضرورت پڑتی ہے۔ مزیدیہ کہ ڈگری کی ویریفیکیشن (تصدیق) اور اس کی اٹیسٹیشن (توثیق) میں کیا فرق ہوتاہے۔

اگر آپ کسی سرکاری ادارے، بینک یا کسی ملٹی نیشنل کمپنی کیلئے اپلائی کررہے ہیں تو آپ کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی تصدیق شدہ ڈگری کی ضرورت پڑسکتی ہے جبکہ کسی پیشہ ورانہ اسٹڈی یا پوسٹ گریجویشن میں داخلے کیلئے بھی آپ کو ایچ ای سی کی تصدیق شدہ ڈگر ی درکا ہوتی ہے۔ ویریفیکیشن (تصدیق) اور اٹیسٹیشن (توثیق) میں فرق یہ ہے کہ اگر آپ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تسلیم شدہ ادارے یا یونیورسٹی سے کوئی ڈگری حاصل کرتے ہیں تو وہ پہلے سےہی ایچ ای سی سے توثیق شدہ یعنی attestedہوتی ہے ، لیکن اس کی ویریفیکیشن یعنی تصدیق سے مراد اس با ت کا ثبوت فراہم کرنا ہوتاہے کہ آپ کی ڈگری اصلی ہے، جو کہ کسی قسم کی کرپشن یا نقالی میں ملوث ہوکر حاصل نہیں کی گئی۔ اگر آپ ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے اپنی ڈگری کی آن لائن ویریفیکیشن اور اٹیسٹیشن کروانا چاہتے ہیں تو آپ کو ای پورٹل پر جاکر وہاں موجود تفصیلات کا مطالعہ کرنا ہوگا۔

آن لائن تصدیق کا طریقہ کار

ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) نے ڈگری کی آن لائن تصدیق کے پورٹل کا آغاز کرکے لاکھوں طلبہ کیلئے آسانی فراہم کردی ہے۔ بس آپ کو دی گئی ہدایات کے مطابق عمل کرنا ہے، جس کے بعد آپ کی ڈگری کی تصدیق ہو جائے گی۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ای پورٹل سے اپنی ڈگری کی تصدیق کیلئے آپ کو 10مراحل پورے کرنے ہوں گے۔

پہلا مرحلہ: دیے گئے لنک پر کلک کریں یا پھر گوگل سرچ سے ای پورٹل معلوم کریں۔

eportal.hec.gov.pk/hec-portal-web/auth/login.jsf

دوسرا مرحلہ: اپنے شناختی کارڈ نمبر، فون نمبر یا ای میل ایڈریس کے ذریعے اپنا اکائونٹ نمبر تخلیق کریں ۔

تیسرا مرحلہ: اب My Applications/My Tasks/ My profile میںسے کسی آپشن کو منتخب کرکے اس میں تفصیلات درج کرکے مکمل کریں تاکہ آپ اگلے مرحلے میں جاسکیں۔

چوتھا مرحلہ: یہ بہت اہم مرحلہ ہے۔ یہاں آپ کو اسکین کی گئی اپنی تمام دستاویزات بشمول شناختی کارڈ (دونوں اطراف سے )، حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر اور تعلیمی اسناد اَپ لوڈکرنی ہوںگی۔ تمام دستاویزات اَپ لوڈ کرنے کے بعد آپ کو Save and Closeکے آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔

■اس کے بعد آپ کو Accredation and Attestationکا آپشن نظر آئے گا۔ جب آپ اس پر کلک کریںگے تو پھر آپ کو HEC online degree atttestation system پر کلک کرنا ہوگا۔ یہاں آپ کو آن لائن ڈگری اٹیسٹیشن ای پورٹل فارم ملے گا ، جسے آپ نے درست معلومات کے ساتھ پُر کرنا ہوگا۔

پانچواں مرحلہ: مکمل اور درست معلومات کے ساتھ فارم بھرنے کے بعد آپ کو درج ذیل میں سے کسی ایک آپشن کو کلک کرنا ہوگا۔

■■Attest New Degree

Duplicate Attestation■

Supplementary Attestation■

Update an Attested Degree■

چھٹا مرحلہ: بہت احتیاط سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اس سینٹر کو منتخب کریں، جہاں آپ بآسانی جا سکیں اور یہ آپ کے ضلع یا صوبہ میں ہونا چاہئے۔

ساتواں مرحلہ: اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کے پاس نادرا کا اصل شناختی کارڈ، میٹرک، انٹر اور گریجویشن کی اصل دستاویزات موجود ہوں، جنہیں آپ اسی وقت اَپ لوڈ کرسکیں۔ آخر میں submit کے بٹن پر کلک کردیں۔

آٹھواں مرحلہ: جب آپ اپنا فارم submitکررہے ہو ںگے تو ایچ ای سی آفیشل آپ کی تمام دستاویزات اور معلومات کو چیک کرے گاکہ آیا یہ اصلی ہیں یا نہیں۔ اگر آپ ان کے طریقہ کار کے مطابق تمام دستاویزات جمع کروانے میں کامیاب ہوگئے تو آپ کومنظوری کا پیغام موصول ہو جائے گا۔

نواں مرحلہ: اگر آپ کی جمع کردہ دستاویزات میں کوئی غلطی ہوگی تو آپ کو دوبارہ تمام اسکین شدہ دستاویزات اَپ لوڈ کرنا ہوںگی اور آٹھویں مرحلہ تک کے مراحل پورے کرنے ہوںگے۔

دسواں مرحلہ: دستاویزات کی کامیاب اَپ لوڈنگ کے بعد ایچ ایس سی آفیشل بذریعہ ایس ایم ایس یا ای میل آپ کو ایچ ای سی سینٹر وزٹ کرنے کا ٹائم د ے گا۔ اس وقت آپ کو تمام اصل دستاویزات کے ساتھ دیے گئے وقت پر ایچ ای سی سینٹر کا دورہ کرنا ہوگا۔ 

تازہ ترین