• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنگوں کے انتخاب کا مرحلہ ہو تو موسم کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، فیشن سٹا خواتین کے لیے یہ جاننا بے حد ضروری ہے کہ کس موسم میں کون سا رنگ زیادہ مقبول ہے۔ اس موسم گرما میں انسٹا پرجس رنگ نے دھنک بکھیری ہے، وہ زرد اور پیلے رنگ کی مختلف جھلک ہیں۔ سیلیبرٹیز موسم گرما میں جو رنگ اپنائے نظر آرہی ہیں، اس میں بھی پیلا رنگ سرفہرست ہے۔

مشرقی خواتین کے لیے ملبوسات کے انتخاب میں پیلا رنگ ایک ’’چیلنجنگ آپشن‘‘ ثابت ہوتا ہے، جسے اپناتے وقت عام طور پر خواتین کی اکثریت ہچکچاہٹ کاشکار ہوجاتی ہے۔ اگر غور کیا جائے تو کچھ ایسی سیلیبرٹیز ٹرکس موجود ہیں، جن پر عمل کرتے ہوئے پیلے رنگ کے حوالے سے پائی جانے والی ہچکچاہٹ ختم کی جاسکتی ہے اور ہرقسم کاکمپلیکس بآسانی دور کیا جاسکتا ہے۔ موسم گرما میں پیلے رنگ کے حوالے سے درج ذیل سیلیبرٹی اسٹائل کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں ۔

ہانیہ عامر

گزشتہ کئی برسوں سےپاکستانی ایلیٹ کلاس کی خواتین میں جمپ سوٹ کا رواج مغربی ممالک کی طرح خاصا عام ہوگیا ہے۔ ایسی ہی ہانیہ عامر کی انسٹا گرام پر پوسٹ کی گئی ایک تصویر بھی خاصی وائر ل ہوئی، جس میں وہ پیلے اور سفید رنگ کے پولکا پرنٹ کا جمپ سوٹ پہنے جوس سے لطف اندوز ہورہی ہیں۔ جمپ سوٹ اسٹائل کی بات کی جائے تو یہ ایک ہی سلائی میں سلا ہوا سوٹ ہوتا ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان شوبز انڈسٹری کی کئی سیلیبرٹیز جمپ سوٹ پہن چکی ہیں۔

حریم فاروق

پاکستانی اداکارہ حریم فاروق کے ڈریسنگ اسٹائل کے چرچے مشرقی ہی نہیں مغربی میڈیا میں بھی خاصے عام ہیں۔ موسم گرما کے فیشن ٹرینڈز کی بات کی جائے تو اس موسم میں حریم فاروق بھی آپ کو پیلا رنگ پہنے دکھائی دے رہی ہیں۔ اداکارہ نے انسٹا اکاؤنٹ پرحال ہی میں ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں پیلے رنگ کی شارٹ فراک اور میچنگ ایئرنگ میں وہ خاصی پُرکشش اور منفرد دکھائی دیں۔ دوسری جانب حریم فاروق کومنعقد ہونے والے ایک فیشن شو میں پیلے رنگ کی شرٹ اور سفید رنگ کی پینٹ میں دیکھا گیا اس فیشن شو کے دوران بھی ان کا ڈریسنگ اسٹائل توجہ کا مرکز بنا رہا۔

سائرہ شہروز

پاکستانی اداکار شہروز سبزواری اور ان کی اہلیہ اداکارہ و ماڈل سائرہ شہروز کی جوڑی مداح میں خاصی مقبول ہے۔ سائرہ شہروز ان دنوں جس رنگ کی دیوانی نظر آتی ہیں، وہ پیلا رنگ ہے۔ سائرہ شہروز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مداحوں کے لیے جو تصویر شیئر کی گئی، اس میں سائرہ نےزرد رنگ کی جیکٹ پہن رکھی ہے۔ ان کا یہ اسٹائل خاصا منفرد ہونے کے ساتھ ساتھ ان پر بے حد جچ بھی رہا ہے۔

صبا قمر

معروف اداکارہ صبا قمر بھی اپنے ڈریسنگ اسٹائل کے سبب آئے روز مداحوں کی توجہ حاصل کرنے میں بآسانی کامیاب ہوجاتی ہیں۔ صبا قمر کی پیلے رنگ کی جیکٹ پہنے تصویر یقیناًآپ کو بھی ان کا دیوانہ کردے گا۔

مہوش حیات

حال ہی میں تمغۂ امتیاز پانے والی پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات موسم اور ماحول کے حساب سے خوبصورت لباس اور رنگوں کا انتخاب کرنے کے باعث مداحوں میں خاصی مقبول ہیں۔ ان دنوں مہوش حیات بھی پیلے رنگ میں دکھائی دیں۔ انسٹا گرام پر مہوش حیات کی جانب سے پیلے رنگ کا لباس پہنے دو تصاویر شیئر کی گئیں، ایک تصویر میں وہ پیلی ٹی شرٹ پہنے مصروف سے انداز میں خاصی پرکشش دکھائی دے رہی ہیں تو دوسر ی تصویر میں پیلے سن گلاسز ان کی خوبصورتی کو چار چاند لگارہے ہیں۔

شاہی خاندان،موسم گرما اور پیلا رنگ

واضح رہے کہ گزشتہ برس موسم گرما کے موقع پر شاہی خاندان کی دونوں بہوؤں، کیٹ مڈلٹن اور میگھن مارکل نے موسم گرما میں دو الگ الگ تقریبات کے لیے پیلے رنگ کے لباس کا انتخاب کیا تھا۔ اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ گلابی،کالا یا اس کے علاوہ اور بھی بہت سے رنگ ایسے ہیں، جنہیں ہم کافی عرصہ سے اپنے لباس کے لیے منتخب کرتے آئے ہیں، اس کے برعکس پیلا رنگ فیشن میں اِن ہے اور موسم گرما کے لیے بہترین انتخاب ہے۔

پیلا رنگ اور فیشن ایکسپرٹ کی آراء

فیشن ایکسپرٹ کے مطابق پیلے رنگ کے ملبوسات پہنی خواتین آسانی سے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے میں کامیاب ہوجاتی ہیں۔ یہی نہیں، رنگوں کے حوالے سے کیے گئے ایک مطالعہ کے مطابق پیلا رنگ دماغ میں ایک مخصوص کیمیکل سیروٹونین کی سطح کو بڑھاتا ہے،اس کی بڑھی ہوئی سطح انسان کے مزاج کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ پیلے رنگ کے حوالے سے ایک خوشگوار بات یہ ہے کہ پیلا رنگ تمام جِلد کی ساخت رکھنے والی خواتین کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔

تازہ ترین