• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ہنگر گیمز‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی جینیفر لارنس آج ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیں اور بڑے بینرز کی کئی فلموں میں اداکاری کے جواہر دکھاتے ہوئے فلم ’سلور لائننگز پلے بُک‘ میں اداکاری پر آسکر ایوراڈ جیت چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ آسکر ایوارڈ کی چارنامزدگیاں (بشمول فلم ’جوائے‘ کے لیے بہترین اداکارہ کی نامزدگی) بھی حاصل کر چکی ہیں۔ وہ اپنی تمام تر کامیابیوں اور کامرانیوں کے ساتھ اپنے لاس اینجلس کے خواب نگر میں رہائش پذیرہیں۔ جینیفر لارنس جتنی خوبصورت اداکارہ ہیں، ان کا گھر بھی انہی کی طرح شاندار ہے۔

جینیفر لارنس نے لاس اینجلس میں واقع اپنا موجودہ گھر 8ملین ڈالر میں خریدا تھا۔ 5ہزار500مربع فٹ پرمشتمل یہ گھر بیورلی ہلزمیں موجود ہے، جس کی خریدو فروخت سیلیبرٹیز کے درمیان ہی ہوتی رہتی ہے۔ درحقیقت جینیفر لارنس نے یہ گھر مشہو ر گلو کارہ جیسیکا سمپسن سے خریدا تھا۔ جینیفرکے ہمسائے میں مشہور فنکار کیمرون ڈیاز، ملا کیونِس اور ایشٹن کوچر موجود ہیں اور یہ سب مل کر اس گھر میں خوب پارٹی کرتے ہیں۔

گھر کی خصوصیات

اس گھر میںداخل ہوتے ہی شاندار انداز سے بنے زینے آپ کو اوپر ی منزل پرلےجانے کیلئے بے تاب رہتے ہیں اور بالائی کمرہ لِونگ روم کے طور پر آپ کا استقبال کرتاہے۔ اس گھر میں رہائش پذیر ہونے سے قبل جینیفر لارنس نے اس کی تزئین و آرائش کرکے اسے اپنے حساب سے اَپ ڈیٹ کروایا تھا اور بعد میں صرف فرنیچر سیٹ کروایا۔

بیڈ رومز

اس گھر میں پانچ بیڈ رومز ہیں، جن میں جینیفر کے زیر استعمال وسیع و عریض مرکزی بیڈ روم میںسیٹنگ ایریا بھی ہے۔ اس کے پیچھے فرنچ ڈور بالکونی ہے، جہاں جینیفر لاس اینجلس کی گرم مرطوب آب وہواسے لطف اندوز ہوتی ہیں۔

باتھ رومز

مرکزی بیڈ روم کے ساتھ متصل باتھ روم دیکھ کر آپ اش اش کر اٹھیں گے ، اس کے ٹائلز کا رسٹک چارم اسے دلکش بناتاہے اور اس کا وسیع و عریض احاطہ سفید رنگ کے ماربل سے بنے باتھ ٹب تک چلا جاتاہے۔ اس کے اندر لگے بڑے بڑے آئینے اس کی وسعت میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔دوسرے بیڈ روم سے متصل باتھ روم پرانے ہالی ووڈ کا منظر پیش کرتاہے ۔

میک اَپ روم

جینیفر چونکہ ایک مشہور اداکارہ ہیں اور انھیں ہر حال میں بننا، سجنا اور سنورنا ہوتاہے ، اس لئے اس گھر میں ایک بہت بڑا واک اِن کلوزٹ ہے، جہاں جینیفر اپنے میک اَپ اور بالوں کے اسٹائلز کیلئے وقت گزارتی ہیں اور انھیں کسی بیوٹی سیلون جانے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

لِونگ اور ڈائننگ روم

لِونگ روم سے متصل ڈائننگ روم ہے،جہاں مرکز میں اوک کی لکڑی سے بنی بیضوی ڈائننگ ٹیبل جینیفر کی میزبانی کرتی ہے ، اس پر رکھا پھولوں سےسجا شمع دان ڈائننگ روم کی خوبصورتی میں اضافہ کرتاہے۔ یہاں سے باہر بنے گارڈن کا نظارہ فرحت بخش محسوس ہوتاہے۔ مہمانو ںکے لیے آرام دہ اور پُرسکون لِونگ روم میں بہت ساری کھڑکیاں ہیں اور اس کا فرنچ ڈور مہمانوں کی گارڈن تک رہنمائی کرتاہے۔ لونگ روم کی چھت پر لگی بیمز اس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں۔

کچن

ملٹی ملین ڈالر مالیت کے اس گھر کا کچن کسی ریسٹورنٹ کے کچن کا منظر دیتاہے، خاص طور پر اس کا چولہے اور اوون تو کمال کے ہیں۔ کچن کا گوشہ پائیں باغ کی طرف لے جاتاہے۔

گارڈن

کچن اور لِونگ روم سے گزرتے ہوئے فلیگ اسٹون راستے پر آتے ہیں،جو آپ کو ایک نخلستان میں لے جاتاہے۔ جینیفر کے گھر کے عقبی حصے (بیک یارڈ) میں پتھروںسے بنے پیٹیو دیکھے جاسکتے ہیں۔ آگے جا کر ایک تالاب ہے جہاں تیرتی ہوئی رنگ برنگی مچھلیاں آپ کا دل بہلاتی ہیں ۔ یہاں کا قدرتی ماحول طبیعت کو ہشاش بشاش کردیتاہے۔ رات میں یہاں جھل مل کرتی روشنیاں کہکشاں کا سماں پیش کرتی ہیں اور آنکھوں کوخیرہ کرتا منظر خوب رومانوی محسوس ہوتاہے۔ گارڈن کی گہرائی میں جاتے ہوئے ایک خوبصورت سوئمنگ پول ہے، جس کے ارد گرد بڑے بڑے درخت اس پول پر سایہ اور مکمل پرائیویسی فراہم کرتے ہیں۔ جینیفر کا یہ گھر اتنا نپا تلا اورپرفیکٹ بنایاگیا ہے کہ آپ کو بمشکل اس کی تعمیر، انداز اور دلکشی میں کوئی سقم نظر آئے گا۔

تازہ ترین