• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ، شدید گرمی سے بچوں میں پیٹ کے امراض میں اضافہ

ملک بھر میں موسم گرم ہے، بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کا راج ہے، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کی وجہ سے نظام زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔

سندھ میں شدید گرمی کے باعث بچوں میں پیٹ کے امراض میں اضافہ ہوا ہے۔

ادھر شمالی علاقوں میں موسم میں کچھ بہتر ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

کہیں سورج کی تپش نے تو کہیں گرم ہواؤں نے شہریوں کو بے حال کر دیا ہے، گرمی کی شدت بڑھتے ہی ٹھنڈے ٹھار مشروبات کے استعمال میں اضافہ بھی ہو گیا۔

سندھ میں حیدر آباد، سکھر، جیکب آباد، بدین، نواب شاہ، ٹھٹھہ سمیت تمام شہروں میں گرمی کی شدت کم ہونے کا نام نہیں لے رہی، جس کی وجہ سے بچوں میں پیٹ کےامراض تیزی سے پھیلنے لگے۔

ادھر پنجاب میں ملتان، فیصل آباد، بہاولپور، مظفر گڑھ، بھکر سمیت دیگر علاقے حبس کی لپیٹ میں ہیں، گرمی کی وجہ سے کہیں رنگ برنگے شربت تو کہیں لسی پی جا رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں اِن مشروبات کو پینے سے ناصرف گرمی کا احساس کم ہوتا ہے بلکہ جسمانی اور ذہنی تازگی بھی لوٹ آتی ہے۔

بلوچستان میں تفتان، قلات، خضدار اور دیگرشہرو ں میں بھی گرمی کا راج ہے، ادھر خیبر پختون خوا میں موسم کافی بہتر ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، گوجرانوالہ، لاہور، میرپورخاص اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

تازہ ترین