• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم گرما کی تعطیلات جاری ہیں۔ چلچلاتی دھوپ میں والدین بچوں کو باہر کھیلنے سے منع کرتے ہیں اورچاہتے ہیں کہ وہ انڈور گیمز سے لطف اندوز ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ چاہتے ہیں کہ بچے ایسی صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیں، جن سے چھٹیوں کے دوران اِن کی پڑھنے کی عادت بھی برقرار رہے۔ اسی کو مدِنظر رکھتے ہوئے بچوں کی دلچسپی کیلئے چند بہترین ایپس دستیاب ہیں، جو تما م کلاسز اور موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔ آئیں جانتے ہیں کیا کچھ نیا ہے ۔

ہوپسٹر 

(Hopster)

ہوپسٹر، بچوں کو تعلیمی اور تفریحی میڈیا کامحفوظ پلیٹ فارم فراہم کرتاہے۔ اس ایپ میں آپ کے بچوں کو ویڈیوز، میوزک، کتابیں اور گیمز کے ساتھ ساتھ تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنےو الی سرگرمیاں ملتی ہیں، جو خاص طور پر آپ کے بچوں کی عمر اور کلاس کی مناسبت سے شامل کی گئی ہیں۔ مشہور کرداروں، اداکاروں اور مصنفین کی شمولیت سے اس کا مواد (کانٹینٹ) اور بھی دلچسپ ہوجاتاہے۔

ان تمام آپشن تک بچے بآسانی رسائی حاصل اور انہیں تلاش کرسکتےہیں۔ اس چائلڈ فرینڈلی ایپ میں نہ تو اشتہارات آپ کے بچے کا موڈ خراب کرتےہیں اور نہ ہی کوئی اخلاق باختہ مواد سامنے آتاہے۔ مزید یہ کہ اس ایپ میں کوئی ایسا کلک بھی موجود نہیں، جس سے بچے سوشل میڈیا تک رسائی حاصل کریں۔


ایلیفینٹ لرننگ میتھ اکیڈمی

(Elephant Learning Math Academy)

اب تک ایجاد کی گئی ایپس میں یہ ایپ آپ کے بچے کومؤثر طریقے سے ریاضی سیکھنے میں مدد دیتی ہے کیونکہ اس ایپ سے بچے تیزی سے ریاضی سیکھتے ہیں اور ان کے اذہان میں تادیر اس کے سبق رہتےہیں۔ ایلیفینٹ ایپ میں بچوں کیلئے 21انٹر ایکٹو گیمز موجود ہیں جن کی مخصوص تھیمز اور موضوعات ہیں۔ ا س کے گرافکس اور ویژولز بہت خوبصورت ہیں اور بچے دلچسپی سے کھیل ہی کھیل میں ریاضی سیکھ جاتے ہیں۔


پینگوئن ایڈیشن

(Penguin Addition)

یہ سادہ سی ایپ بچوں کو گنتی سکھانے کیلئے بہترین ہے۔ بنیادی گنتی اور ہندسوں کے تعلق پر بچے اپنی توجہ مرکوز کرتےہیں تو ان میں سیکھنے کا عمل تیز اور گہرا ہوتا چلاجاتاہے۔ گنتی کرنے کے ساتھ ساتھ جمع کرنے کا عمل بھی انہیں ازبر ہو جاتاہے ۔ اس میں کئی لیول ہیں، جن میں پینگوئنز کو گن کر بچے آگے بڑھتے ہیں اور صحیح یاغلط جوابات سے اپنی ذہانت آزماتے ہیں۔ والدین اپنے بچوں کی عمر کے مطابق اس ایپ کے لیول سیٹ کرسکتے ہیں۔


ٹائمز ٹیبلز اینڈ فرینڈز

(Times Tables and Friends)

یہ بہت دلچسپ ایپ ہے جس میں آپ کے بچوں کو ملٹی پلیکیشن (Multiplication)کے ذریعے بھالو کو دریا، پہاڑ اور جنگلات کو عبور کروانا ہوتا ہے ۔ جب بچے کئی بار ٹیبل ( پہاڑے ) کی مدد سے بھالو کی مدد کرتے ہیں تووہ بہت لطف اندوز ہوتےہیں اور کھیل ہی کھیل میں ملٹی پلیکیشن کے ماہر بن جاتے ہیں۔


ہیلو نمبرز

(Hello Numbers)

یہ بھی ایک سادہ سی ایپ ہے جو آ پ کے بچے کی عمر کےمطابق اسے صفر سے 9تک کے ہندسوں کی پہچان کرواتی ہے ۔ یہ ایپ بچوںکو صفر کی اہمیت اور مقام سے روشناس کرواتی ہے کہ کس طرح صفر کا مقام بدل کر نمبر ز حاصل کیے جاسکتے ہیں۔


ٹونیا کلر بک

(Toonia Colorbook)

ٹونیا کلر بُک آجکل بچوں اور پری اسکولرز کیلئے نئی فیورٹ کلر نگ بُک بن چکی ہے۔ دلچسپیوں سے بھری یہ کلرنگ ایپ بچوں کو ڈھیر ساری تھیمز اور پیجز فراہم کرتی ہے، جس پر بچے مزے سے رنگ بھرتے ہیں۔ فری میں ڈائون لوڈ ہونے والی دیگر کلرنگ ایپس کے مقابلے میں یہ بہت بہتراورکارآرمد ہے۔


کریزی گیئرز

(Crazy Gears)

کریزی گیئرز ایک پرابلم سولونگ گیم ہے ، جس کے ذریعے بچے منطقی اندازمیں سوچتے ہوئے معموں کو حل کرتے ہیں۔ اس کے ذریعے وہ فزکس اور دیگر STEM موضوعات کی کھوج بھی کرتے ہیں۔ اگلے لیول میں کیا ہوگا، اسی جستجو میں دلچسپی سے بھرپور پزلز بچوں کو لیول مکمل کرنے پر ابھارتے ہیں ۔ یہ ایک تخلیقی ایپ ہے ، جو بچوں کیلئے فزکس اور انجینئرنگ کے دلچسپ پہلو سامنے لاتی ہے۔


مونسٹر میتھس

(Monster Maths)

ایک زبردست آئی پیڈ ایپ ، جو انٹرایکٹو اور چیلنجز سے بھرپور ہے۔ یہ جمع، تفریق، ضرب اور تقسیم کی مشقوں کے ذریعے بچوں کو ریاضی میں ماہر بننے میں مدد دیتی ہے۔ ا س کے گیم میکینکس کو کثیرالجہت مہارتو ں کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس میں جوابات کیلئے بچوں کی رہنمائی بھی کی جاتی ہے۔ 

تازہ ترین