• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورِ جدید میں جب ہر چیز کا آپشن موجود ہے تو پھر باتھ روم کے فرش کو کیوں روایتی رکھا جائے؟ نہانے کے بعد آپ فریش محسوس کرتے ہیں، لیکن اگر باتھ روم اچھا بنا ہوگا تو نہانے سے پہلے ہی آپ کی کافی تھکان اُترجائے گی اور آپ ریلیکس ہوجائیں گے۔ باتھ روم کی تعمیر میں اس کا فرش خاصی اہمیت رکھتا ہے، لہٰذا اس کے بارے میں سوچیں اور نئے ٹرینڈز کو اپنانے کی کوشش کریں۔ باتھ روم کا فرش ایسا ہونا چاہئے کہ اس میں پھسلن نہ ہو جبکہ دیدہ زیب فرش اسے گلیمرس دِکھاتا ہے۔ باتھ روم کے فرش کیلئے نئے زمانے کے کچھ ٹرینڈز کا ذکر کرتے ہیں۔

وینائل فرش

باتھ روم کے فرش کیلئے ہارڈ ووڈ یا لیمنیشن آئیڈیل نہیں ہوتے کیونکہ پانی پڑتے رہنے سے ان کے خراب ہونے کا خدشہ بڑھتا چلا جاتاہے۔ اسی لیے لگژری وینائل فلورنگ آپ کے باتھ روم کے فرش کو لکڑی کا تاثردے کر آپ کا استقبال کرتی ہے۔ یہ پانی کے خلاف مزاحمت کرتی اور بہت زیادہ پائیدار ہوتی ہے جبکہ اس کی منٹیننس بھی آسان ہے۔ لکڑی کی جھلک دکھلاتا یہ فرش آپ کے باتھ روم کو دلکش بناتاہے۔

ربر، وینائل، لینولیئم اور مارمولیئم سے تعمیر کروائے گئے فرش واٹر پروف ہوتے ہیں جبکہ ان کی صفائی بھی آسان ہوتی ہے۔ ربر، وینائل، لینولیئم اور مارمولیئم پیروں کے نیچے گرمائش فراہم کرنے کے علاوہ واٹر پروف اور صاف رکھنے میں آسان محسوس ہوتے ہیں۔ ذہانت سے کی گئی ڈیجیٹل فوٹوگرافی کی مدد سے آپ اس میں بے شمار ڈیزائن آپشنز استعمال کرسکتے ہیں۔ یہ فرش پھسلن سے محفوظ ہوتے ہیں اور اس میں آپ لکڑی یا پتھروں کے دیدہ زیب ڈیزائن بھی بنوا سکتے ہیں۔

پر تعیش آپشن

اگر آپ باتھ روم کے فرش کے لیے ماربل ، گرینائٹ ، لائم اسٹون ، سلیٹ یا پھر ٹریورٹائن کا استعمال کررہے ہیں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ ان میں باریک سوراخ یا جال ہوتے ہیں، لہٰذا اگر انھیں سیلڈ (Sealed)کردیا جائے تو پھر یہ سالہا سال چلتے ہیں۔ گرینائٹ کئی رنگوں میں دستیاب ہوتا ہے جبکہ ماربل اور اونیکس کے منفرد پیٹرنزتو بہت ہی دلکش دکھائی دیتے ہیں ۔ قدرتی پتھروں کی خاص بات یہ ہے کہ اگر یہ ایک رنگ میں بھی ہوں تو اس کے مختلف اقسام کے ٹیکسچرزاور پیٹرن اسے عمدہ ڈیزائن میں ڈھال دیتے ہیں۔

ہارڈویئر فرش

پالش کیے گئے کنکریٹ یا پتھروں سے بنائے گئے اسٹائلش باتھ روم بھی آج کل ’اِن‘ ہیں۔ لیکن یہ فیملی باتھ روم کیلئے مناسب نہیں ہیں کیونکہ کنکریٹ یا پتھر پر پالش ہونے سے اس فرش پر پھسلنے کا خطرہ ہوتاہے۔ ایکریلک فلورنگ بھی ویسا ہی تاثر پیش کرسکتی ہے لیکن اس میں پھسلن کم ہوتی ہے۔ آپ کوباتھ روم کے فرش کا انتخاب کرنے سے قبل اپنے ڈیزائنر سے مشورہ ضرور کرنا چاہئے۔

ٹیک اور بانس کا فرش

سخت لکڑی یا لیمنیٹ کیا ہوا فرش عام طور پر باتھ روم کیلئے مناسب نہیں ہوتا کیونکہ باتھ روم کی نمی اورپانی کی زیادتی کی وجہ سے اس فرش کا رنگ خراب یا پھر اس میں اُبھار آجاتاہے۔ لیکن ہارڈ ووڈ کا فرش جیسے کہ ٹیک (Teak)اور بانس (بیمبو) اس کیلئے عمدہ انتخاب ہوسکتے ہیں۔ تاہم اسے بنوانے سے پہلے آپ کو کسی ماہر یا ڈیزائنر سے مشورہ کرنا ہوگا، وہ آپ کی بہتر طو ر پر رہنمائی کر سکتے ہیں، بالخصوص جن کا اس حوالے سے تجربہ زیادہ ہو۔

پورسلین فرش

پتھر کا کفایتی متبادل پورسلین ہے۔ آپ اس کا فرش اپنے باتھ روم میں بنوا سکتے ہیں، اس کی منٹیننس بھی آسان ہوتی ہے اور یہ مارکیٹ میں بآسانی کئی رنگوں میں دستیاب ہوتا ہے اور اس کی فنشنگ بھی عمدہ ہوتی ہے۔ آپ اسے کثیر تعدا د میں خرید سکتے ہیں، اسے لگانے کے بعد رخنوں میں سیمنٹ بھرنا مشکل نہیں ہوتا۔ سیریمک ٹائلز اور پورسلین ٹائلز قدرتی پتھروں جیسا تاثر دیتی ہیں۔ پورسلین، سیرامک ٹائلز سے زیادہ سخت اور بہتر ہوتی ہیں، خاص طور پر ان باتھ رومز کیلئے جہاں لوگو ں کا آنا جانا زیادہ ہوتاہے۔

سلیٹ کے ساتھ فرش

روایتی سلیٹ ایک عام باتھ رو م میں بھی عمدہ سطح کے طور پر سامنے آسکتی ہے۔ اگر سلیٹ پر داغ دھبے لگ جائیں یا یہ خراب ہورہی ہو تو اسے صاف کرنے اور اس کے سوراخ بھرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ صفائی کیلئے ہمیشہ وہی مصنوعات استعمال کریں، جو مینوفیکچرر نے تجویز کی ہوں۔

چھوٹے باتھ روم کا فرش

اگر ہم چھوٹے باتھ روم کی بات کریں تو عمدہ انداز میں کی گئی فلورنگ بڑا فرق ڈالتی ہے۔ آپ نے دیواروں پر جو ٹائلز لگائی ہیں اگر انہیں فرش پر بھی لگالیں تو چھوٹا سا باتھ روم بھی کشادہ لگے گا۔ باتھ روم میں چھوٹی ٹائلز کے بجائے درمیانے یا بڑے سائز کی ٹائلز بہتر رہتی ہیں۔ چھوٹے سائزکی ٹائلز یا موزیک لگانے سے آپ کا باتھ روم اور چھوٹا محسوس ہوگا۔ 

تازہ ترین