• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

’’قبائلی تصادم‘‘ تین مختلف واقعات میں3 افراد ہلاک

چند روز قبل لاکھاروڈ کے قریب جائیداد کےتنازعہ پر دو گروپوں میں مسلح تصادم ہوگیا جس میں آتشیں اسلحہ کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص لال بخش خاص خیلی جاںبحق ہوگیا جب کہ پانچ افراد رزخمی ہوئے,مقتول کی لاش کافی دیر تک جائے وقوعہ پر پڑی رہی۔ اس کے رشتے داروں نے لاش وہاں سے اٹھانے سے انکار کردیا۔ شدید زخمی شخص ، فتح محمد کو تشویش ناک حالت میں نواب شاہ اسپتال جب کہ دیگر زخمیوں کو محراب پور اسپتال منتقل کر دیا گیا گیا۔اس سلسلے میں لاکھاروڈ پولپس نے جنگ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مری برادری کے دوگروپوں کے درمیان عرصہ دراز سے زمین کی ملکیت کا تنازعہ چل رہا تھا، جس کی وجہ سے کچھ عرصے قبل بھی 3 افرادمارے جاچکےہیں۔ یہاں پولیس پکٹ بھی قائم کی گئی تھی جسے بعد میں ختم کردیا گیا۔پولیس نے موقع واردات پر پہنچ کر لاش اپنی تحویل میں لے کر اسپتال پہنچائی جب کہ لاکھاروڈ تھانے پر، مری برادری کے 10 افراد کے خلاف قتل مقدمہ درج کر لیا گیا۔تصادم کے بعدگاؤں لائق خاصخیلی میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے جب کہ دونوں گروپ ابھی بھی مورچہ بند ہیں جس سے مزید تصادم کا خطرہ ہے۔ پولیس کی بھاری نفری وہاں کسی بھی ناخوش گوار صورت حال سے نمٹنے کے لیے موجود ہے۔

کنڈیارو کے قریب راہ زنی کی واردات کے دوران اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے ایک ڈاکو جاں بحق ہوگیاجب کہ ڈکیتی مزاحمت پر چار افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کنڈیارو، کلہوڑا لنک روڈ پرتین مسلح ڈاکوؤں نے ایک شخص سےموٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کی ، مزاحمت پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل کے مالک سمیت وہاں سے گزرنے والےچار افراد زخمی ہوگئے، جب کہ ان کا اپنا ساتھی ہلاک ہوگیا۔ دونوں ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر مرنے والے ڈاکو اور چاروں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔مرنے والے مبینہ ڈاکو کی شناخت نہیں ہوسکی ، اس کی لاش سرد خانے میں رکھوا دی گئی ہے۔

پڈعیدن تھانہ کی حدود میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گوٹھ جانی مری میںرقم کی لین دین پر ایک شخص نےفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 25 سالہ ابراہیم مری جاں بحق ہوگیا۔ ملزم موقع واردات سے فرار ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے واردات پر پہنچنے کے بعد لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔بتایا جاتا ہے مقتول اور ملزم آپس میں خالہ زاد بھائی تھے۔

بھریاسٹی میں بجلی کا کنڈا لگانے کے معاملے پر نائچ اور لاڑ برادی کےافراد کے درمیان تلخ کلامی کے بعد تصادم ہوگیا جس کے دوران گولی لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ افراد،قربان ،حبدار،مسکین،غلام عباس ،امداد علی۔فاروق ،محبوب اور صدام زخمی ہوگئے۔ پولیس نے لاش اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا۔علاقے میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہے، کسی بھی ناخوش گوار صورت حال پر قابو پانے کے لیے عارضی طور پر پولیس کی چوکیاں قائم کردی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق دو روز سے دونوں فریقین میں بجلی کا کنڈا لگانے پر کشیدگی تھی۔ وقوعے والے روز ایک مرتبہ پھر دونوں فریقین میں تکرار ہوگئی جس نے بڑھ کر مسلح تصادم کی شکل اختیار کرلی۔آخری اطلاعات تک واقعہ کا مقدمہ درج نہ ہوسکا۔ قبائلی تصادم کا ایک اور واقعہ کنڈیارو کے قریب گوٹھ خاش میں رونما ہوا ۔ اطلاعات کے مطابق ، سولنگی برادری میں رشتہ کے تنازعہ پرمسلح تصادم ہوگیا جس میں فریقین کی جانب سے مہلک ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔مسلسل فائرنگ کی وجہ سے لاش کئی گھنٹے تک جائے وقوعہ پر پڑی ۔ صورت حال اس قدر سنگین تھی کہ بروقت اطلاع ملنے کے باوجود پولیس کئی گھنٹے تک علاقہ میں داخل نہ ہوسکی۔ بعد اذاں فائرنگ رکنے کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر لاش تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کی۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین