• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے 41 ویں میچ میں میزبان انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لئے 306 رنز کا ہدف دیا ہے۔

چیسٹر لی اسٹریٹ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جسے اوپنرز جیسن روئے اور جونی بیرسٹو نے درست ثابت کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 123 رنز بنائے۔

جیسن روئے 8 چوکوں کی مدد سے 60 رنز کی اننگز کھیل کر نیشام کا شکار بن گئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین جو روٹ نے بھی بیرسٹو کے ساتھ 71 رنز کی عمدہ شراکت بنائی، روٹ 24 رنز بناکر بولٹ کی گیند پر وکٹ کیپر لیتھم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین بیرسٹو تھے جو 99 گیندوں پر 106 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ہینری کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، اُن کی اننگز میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

کپتان ایون مورگن نے 40 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 42 رنز بنائے۔

ایک موقع پر ایسا دکھائی دے رہا تھا کہ انگلینڈ کی ٹیم 350 سے زائد رنز بنالے گی لیکن پہلے بیرسٹو اور پھر مورگن کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کے رنز بنانے کی رفتار سست پڑگئی اور نئے آنے والے بیٹسمین کیوی بولرز کو کھل کر نہ کھیل سکے۔

بین اسٹوکس نے 27 گیندوں پر 11 رنز کی سست رفتار اننگز کھیلی تو ووکس بھی 11 گیندوں پر صرف 4 رنز بناسکے۔

پلنکیٹ نے 12 گیندوں پر ناقابل شکست 15 جبکہ عادل رشید نے اتنی ہی گیندوں پر 16 رنز بناکر اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا۔

اس طرح انگلینڈ نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، ہینری اور نیشام نے دو، دو جبکہ سینٹنر اور ساؤتھی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

تازہ ترین