• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسان کی عادتیں اس کی کامیابی و ناکامی کی ضمانت ہوتی ہیں۔ بہت سی عادتیں ایسی بھی ہوتی ہیں، جوناکامی کو پس پشت ڈالتے ہوئے کامیابی کوممکن بناتی ہیں۔ اچھی عادتوں کی اہمیت کے پیش نظر فرانسیسی شاعر کے ایک مقولے کا ذکر کرنا چاہوں گی، جس کے مطابق’’کامیابی کا حصول انسان کی عادتوں پر منحصر ہے کیونکہ وہ ہمیں بناتی بھی ہیں اور بگاڑتی بھی‘‘۔ ہم ایسی بے شمار کہانیاں پڑھتے اور سنتے آئے ہیں، جن میں انسان کی کامیابی کا دارومدار روزانہ صبح سویرے اُٹھ کر دنیا کو فتح کرنے نکل جانا کو قرار دیاجاتا ہے۔ تاہم، کامیابی کے لیے صرف صبح سویرے اٹھنا ہی لازم نہیں ہوتا بلکہ دیگر اوقات میں اپنائی جانے والی عادتیں بھی اہم قرار دی جاتی ہیں ۔دنیا میں کامیاب ترین افراد کی اچھی عادات انھیں برے وقت سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ وہ عادات کون سی ہیں ان کا جاننا کامیابی کے خواہشمند طالب علموں کے لیے بے حد ضروری ہے۔

ایک گھنٹہ مطالعہ

کہتے ہیں کہ ہر بڑے آدمی کی کامیابی کاراز مطالعہ ہوتا ہے۔’کچھ نیا سیکھنے کا جنون‘ کسی بھی انسان کو مطالعہ کا عادی بنادیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کامیاب افراد مطالعہ کے شوقین ہوتے ہیں۔ مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس مطالعہ کے رسیا ہیں،وہ روزانہ رات کو اپنے بیڈ پر جانے سے قبل ایک گھنٹہ کتب بینی کرتے ہیں۔ ان کی کتابوں کے موضوعات سیاسی یا حالات حاضرہ سے متعلق ہوتے ہیں۔

ایسیکس یونیورسٹی میں کی گئی ایک تحقیق کے نتائج کے مطابق دن میں صرف چھ منٹ کا مطالعہ ذہنی دباؤ کی سطح کو68فیصد کم کردیتا ہے۔ مطالعہ کو ماہرین مینٹل ورک آؤٹ سے تشبیہ دیتے ہیں۔ اگر آپ بھی کامیاب کیریئر کے خواہشمند ہیں تو طالب علمی کے زمانے سے ہی باقاعدگی سے مطالعہ کی عادت اپنائیں۔ شروع میں آدھا گھنٹہ دیں اور بعد میں آہستہ آہستہ مطالعہ کا وقت بڑھاتے جائیں ۔

بیڈروم میں ’نو موبائل فون‘

ایک مشہور و معروف امریکی مصنف اور کالم نگار کے مطابق شدید اعصابی تھکن اور سر میں پانچ ٹانکے آنے کے بعد سے اب تک وہ بیڈ پر جانے سے قبل موبائل فون بیڈروم سے باہر کسی دوسرے کمرے میں رکھ آتی ہیں تاکہ نیند میں خلل پید انہ ہو۔ سائنسی تحقیقات بھی کچھ ایسا ہی کرنے کا مشورہ دیتی ہیں ۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے پروفیسر چارلس سیزلر کے مطابق رات کے وقت آئی پیڈ اور اسمارٹ فون کی اسکرین سے نکلنے والی شعاعیں انسانی نیند کو بری طرح متاثر کرتی ہیںاور ان شعاعوں کا اثر دن کے اوقات میں بھی انسانی سوچوں پر حاوی رہتا ہے۔ لہٰذا اگر آپ اچھی نیند اور بہترین دن کا آغاز چاہتے ہیں تو موبائل فون کو سونے سے قبل دوسرے کمرے میں رکھنے کی عادت ڈال لیں۔

سونے سے قبل چہل قدمی

صبح سویرے اکثر لوگ چہل قدمی کرتے ہیں، ممکن ہے آپ بھی ’مارننگ واک‘ کے عادی ہوں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ رات کو سونے سے قبل کی گئی چہل قدمی بھی آپ کی صحت پر بہترین اثرات مرتب کرتی ہے؟ سوفٹ ویئر ایپلیکیشن بفر کے سی ای اوجوئل کیسجوئن ہر رات سونے سے قبل باقاعدگی سے تیز چہل قدمی کرنے کے عادی ہیں۔ تھکاوٹ اور مصروفیات سے بھرپور دن گزارنے کے بعد خیالات کو روکنےاور تھکن کو کم کرنے کیلئے جوئل چہل قدمی کرتے ہیں۔ ایک مطالعہ کے نتائج بھی یہ ظاہر کرتے ہیں کہ صبح کی گئی چہل قدمی کے علاوہ رات میں کی گئی چہل قدمی صحت پر اضافی فوائد مرتب کرتی ہے۔ پیدل چلنے سے انسان کی تخلیقی صلاحیت بیدار ہوتی ہے اور دماغ نت نئے آئیڈیاز سوچنے کے قابل ہوتا ہے۔

مراقبہ

مراقبہ کی عادت کا ذکر اکثر اوپرا ونفرے کی کامیاب زندگی سے متاثر ہوکر دیا جاتا ہے۔ اس بات میں دو رائے نہیں کہ میڈیا سیلیبرٹی اوپرا ونفرے کا روزانہ ہی مصروف ترین شیڈول ہوتا ہے۔ تاہم مصروفیت بھرے دن کے اختتام پر وہ رات کے وقت مراقبہ کا ایک سیشن لازمی طور پر کرتی ہیں۔2014ء میں 19ہزار افراد پر کی گئی ایک تحقیق کے نتائج کے مطابق رات کو کیا گیامراقبہ انزائٹی، ڈپریشن، اسٹریس اور درد کی سطح کو کم کرنے کے لیے بے حد مددگار ہوتا ہے۔ 

کچھ تخلیقی سوچیں

امریکی فیشن ڈیزائنر ویرا وانگ کے مطابق،’’فیشن ڈیزائننگ سے متعلق سوچنا، لفظی کے بجائے تصوراتی زیادہ ہوتا ہے‘‘۔ تخلیقی نکات سے متعلق کچھ بھی سوچنے کے لیے رات کا وقت بہترین ہوتا ہے۔ مختلف تحقیقات اس بات کی توثیق کرتی ہیں کہ اگر آپ صبح سویرے اٹھنے کے عادی ہیں تو پھر سب سے زیادہ آئیڈیازرات کو سونے سے قبل ہی آتے ہیں۔ اسی لیے ماہرین کا خیال ہے کہ اگر آپ نت نئے آئیڈیاز پر کام کررہے ہیں تو رات کو بیڈ پر جلدی چلے جائیں۔

اگلے دن کی منصوبہ بندی

امریکن ایکسپریس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رات کو سونے سے قبل کچھ کام لازمی کرتے ہیں اور یہ تمام کام اگلے دن کی منصوبہ بندی سے متعلق ہوتے ہیں۔ اس منصوبہ بندی کے پیش نظر ہی وہ اگلے دن بیدار ہوکر تمام کام نمٹاتے ہیں، جن کی وہ رات کو پلاننگ کرچکے ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے وہ طالب علموں کو بھی مشورہ دیتے ہیں کہ کامیابی کے حصول کے لیے رات کو سونے سے قبل اگلے دن کی منصوبہ بندی ضروری ہے۔ منصوبہ بندی آپ کو کسی بھی کام کو بہترین طریقے سے کرنے اور اگلے دن سوچنے کی دقت سے محفوظ رکھتی ہے ۔

تازہ ترین