• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک طرف فلم اسٹارز کے آن اسکرین کردار جہاں پرستاروں پر اپنا تاثر قائم کرتے ہیں، تو دوسری طرف ان اسٹارز کی شخصیت اور آف اسکرین سرگرمیاں پرستاروں کی نظروں میں رہتی ہیں اوروہ ان سے متاثر ہوکر انھیں فالو کرتے ہیں۔ ان کے پسندیدہ اسٹارز چاہے مہنگے ترین روایتی لباس زیب تن کریں یا پھر سادہ جینز اور ٹی شرٹ پہنیں، وہ ہر لباس میں اپنے پرستاروں اور عام لوگوں کے لیے فیشن کا ایک نیا انداز پیش کرتے ہیں۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں، بالی ووڈ کے چند موسٹ فیشن ایبل اسٹارز پر، جو اپنے ملبوسات کے انتخاب کے ذریعے اپنے پرستاروں کو متاثر کیے بغیر نہیں رہتے۔

دیپیکا پڈوکون

دیپیکا پڈوکون کی شخصیت فطری طور پر اسٹائلش ہے، اس کی مسکراہٹ ایسی ہے کہ وہ کسی کو بھی اپنا دیوانہ بنا سکتی ہے اور اعتماد ایسا کہ جہاں جائے سب کو اپنی طرف متوجہ کرلے۔ بلاشبہ، دیپیکا پڈوکون کا شمار اس وقت بالی ووڈ کے چند موسٹ فیشن ایبل اسٹارز میں ہوتا ہے۔ دیپیکا پڈوکون کا راج کرنے کا ہنر صرف اسکرین تک ہی محدود نہیں، بلکہ آف اسکرین بھی وہ گیم چینجر ہے۔دیپیکا نے اپنی کلاسیکی خوبصورتی اور فیشن کی سوجھ بوجھ کے باعث نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں اپنے لیے ایک مقام حاصل کیا ہے۔ دیپیکا پڈوکون صرف ایک اداکارہ کا نام نہیں، بلکہ وہ ایک برانڈ ہے۔

رنویر سنگھ

رنویر سنگھ اپنے فیشن میں تجربات کرنا پسند کرتا ہے۔ ہر دیکھنے والا پہلی نظر میں اس کے فیشن پر عجیب و غریب تاثرات کا اظہار کرتا ہے، لیکن کچھ ہی دیر میں لوگوں کو احساس ہوجاتا ہے کہ رنویر سنگھ نے درحقیقت ایک نیا فیشن اسٹیٹ منٹ دیا ہے، جسے لوگ کاپی کرنا اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔ وہ اپنے غیر روایتی فیشن کے ذریعے بالی ووڈ کا نئے دور کا فیشن کنگ بن چکا ہے۔ اپنے غیرروایتی فیشن اور بے انتہا اعتماد کے باعث، میڈیا میں اسے بالی ووڈ کی لیڈی گاگا بھی کہا جاتا ہے۔

رنبیر کپور

منکسرالمزاجی رنبیر کپور کی سب سے بڑی خصوصیت ہے اور یہ اس کے ملبوسات کے انتخاب میں بھی نظر آتی ہے۔ کرن جوہر اور عالیہ بھٹ کا کہنا ہے کہ رنبیر کپور کو ملبوسات کی خریداری کاجنون ہے، تاہم وہ اس میں سادگی اور نفاست کو ترجیح دیتا ہے۔ وہ کلاسیکی ملبوسات پہننا پسند کرتا ہے، جوکہ رنویر سنگھ کے اسٹائل کا متضاد ہے، تاہم جہاں تک اسٹائل کی بات ہے تو اس میں رنویر سنگھ کا مقابلہ صرف رنبیر کپور ہی کرسکتا ہے۔

رنبیر کپور اس وقت اپنی زندگی کے بہترین دور سے گزر رہا ہے، جہاں ایک طرف وہ ذاتی زندگی میں عالیہ بھٹ کے ساتھ بہت خوش نظر آتا ہے تو دوسری جانب ’سنجو‘ کی بے مثال کامیابی نے اسے بالی ووڈ کے ٹاپ اداکاروں میں شامل کردیا ہے، جہاں کہا جاتا ہے کہ نوجوان اداکاروں میں صرف رنبیر ہی ایک ایسا اداکار ہے، جو رنویر سنگھ کی سپر اسٹارڈم کو چیلنج کرسکتا ہے۔

پریانکا چوپڑہ

پریانکا چوپڑہ کو جو بات سب سے منفرد بناتی ہے، وہ ہے اس زبردست اداکارہ کا کمال درجے کا اعتماد۔ وہ جو کچھ بھی زیب تن کرلے، جس کمال درجہ کی مہارت اور اعتماد کے ساتھ وہ ان ملبوسات کو لے کر چلتی ہے، یہ صرف اسی کا کمال ہے۔ وہ چست کپڑے پہن لے یا لانگ کوٹ یا پھر چھتری ہاتھ میں لیے نیویارک کی کسی مارکیٹ یا روڈ پر چہل قدمی کرتی نظر آئے، پریانکا یہ بات بخوبی جانتی ہے کہ وہ کس مقصد کے لیے باہر نکلی ہے اور اس کے لیے اسے کس طرح ڈریس اَپ ہونا ہے۔ پریانکا چوپڑہ کے پاس ہر موقع کی مناسبت سے لباس، جوتوں اور آرائشی سامان کی لاجواب اور شاندار کلیکشن موجود ہے۔ اگر شاہی خاندان کی شادی میں اسے مدعو کیا گیا تھا، تو وہ یقیناً اس کی حقدار بھی تھی۔

کرینہ کپور خان

گلابی رنگت اور پرکشش جسامت کے ساتھ، کرینہ کپور خان کا اسٹائل کبھی بھی آؤٹ آف فیشن نہیں ہوتا۔ چاہے وہ جدید رجحان کے ملبوسات ہوں یا روایتی انڈین لباس، کرینہ کپور بلاشبہ فیشن اور اچھی پوشاک پہننے میں دلچسپی رکھنے والی لڑکیوں اور خواتین کے لیے ’فیشن انسائیکلوپیڈیا‘ کی حیثیت رکھتی ہے۔ شادی شدہ اور ایک بچے کی ماں ہونے کے باوجود، ’ویر دی ویڈنگ‘ جیسی اسٹائلش فلم میں گلیمرس کردار ادا کرکے اور پوری فلم کو اپنے بل بوتے پر شاندار کامیابی سے ہمکنار کرکے کرینہ کپور خان نے بالی ووڈ میں ایک نیا رجحان متعارف کروایا ہے، جس کے لیے دیگر اداکاراؤں کو ان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔

شاہد کپور

شاہد کپور غالباً بالی ووڈ کا واحد اداکار ہے، جو اپنے ملبوسات کو بھی Accessoryکے طور پر لیتا ہے اور اس کے چہرے پر ہر وقت سجی ملین ڈالر مسکراہٹ کے تو کیا ہی کہنے۔ کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ لوگوں کی نظریں اس کے چہرے سے ہٹتی ہی نہیں کہ وہ یہ دیکھ سکیں کہ شاہد کپور نے کیا لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔ شادی کے بعد شاہد کپور کے اسٹائل میں مزید نکھار پیدا ہوا ہے اور اس کا کریڈٹ شاید ان کی بیوی کو جاتا ہے۔

شاہد کپور کو نوجوان نسل کے اداکاروں میں چاکلیٹی ہیرو کا خطاب دیا جاتا ہے، جس کی وجہ اس کے چہرے پر ہر وقت چھائی معصومیت ہے۔

شاہد کپور کی شخصیت میں ٹھہراؤ کی ایک وجہ اس کا ذاتی زندگی میں خوش اور مطمئن ہونا بھی ہے، جہاں وہ بیوی میرا راجپوت، بیٹی میشا کپور اور بیٹے زین کپور کے ساتھ انتہائی خوش و خرم زندگی سے لطف اندوز ہورہا ہے اور یہ بات اس کے فیشن اور اسٹائل میں بھی جھلکتی ہے۔

تازہ ترین