• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلیبرٹیز ہر وقت اتنی خوبصورت اور تروتازہ کیسے نظر آتی ہیں؟ یہ بات درست ہے کہ خوبصورتی قدرت کی عطا کردہ ہوتی ہے لیکن اسے برقرار رکھنا اور اس میں نِکھارلانا انسان کے اپنے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ خوبصورت نظرآنے کے لیے میک اَپ ایک عارضی عمل ہے اورسیلیبرٹیز موقع و محل کے اعتبار سے اس کا استعمال بڑی فراخدلی سے کرتی ہیں۔ تاہم ان کی متاثرکن خوبصورتی اور ہمیشہ جواں رہنے کی وجہ، اس سے بڑھ کر کچھ اور ہے۔

کیئرنن شپکا

کیئرنن شپکا Netflixکی 19سالہ اُبھرتی ہوئی اداکارہ ہیں۔

دیگر سیریز کے علاوہ ہارر سیریز Chilling Adventures of Sabrinaان کی خاص وجہ شہرت ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں کیئرنن شپکا نے بتایا کہ وہ اپنے دن کا آغاز کافی کے بجائے matcha latteسے کرتی ہیں۔ ماچا، جاپان کی ایجاد ہے، جو سبز چائے کا نعم البدل ہے۔ تاہم اس کے فوائد سبز چائے کے مقابلے میں کہیں زیادہ بتائے جاتے ہیں۔ کیئرنن شپکا، ماچا کے ایک کپ میں اسگندھ، کارڈیسیپ اور مشروم پاؤڈر شامل کرتی ہیں اور اس کے ایک کپ سے بھرپور لطف اندوز ہوتی ہیں۔

یارا شہیدی

یارا شہیدی ایک اُبھرتی ہوئی امریکی اداکارہ، ماڈل اور سماجی کارکن ہیں۔ یارا شہیدی کی فلاسفی سادہ ہے،’اپنی رنگت کا اندر سے خیال رکھو‘ اور اس کا ایک طریقہ بہت زیادہ جوسز کا استعمال ہے۔ ’’میں اکثر ادرک، لیموں، چقندر، Kale(بند گوبھی کی طرح کی ایک سبزی)، پودینہ اور ہلدی کا جوس بناتی ہوں اور اگر کبھی میٹھے کی طلب محسوس ہورہی ہو تو اس میں گاجر بھی شامل کرلیتی ہوں‘‘۔ یارا شہیدی اپنی جِلد کی خوبصورتی کے لیے الائچی کا بھی استعمال کرتی ہیں۔ ’’الائچی آپ کے لیے بہت اچھی رہتی ہے ۔اس کے علاوہ، الائچی میں نہ صرف وٹامن سی موجود ہوتا ہے بلکہ یہ گردش خون کو بھی بہتر بناتی ہے اور یہ دونوں چیزیں آپ کی جِلد کے لیے فائدہ مند ہیں‘‘۔

گائنتھ پالٹرو

ہالی ووڈ کی 46سالہ خوبصورت اداکارہ گائنتھ پالٹرو ہر صبح ویگان اسمودی (Vegan Smoothie)تیار کرتی ہیں، جو ان کے خون کو صاف، موڈ کو خوشگوار اور جِلد کو تروتازہ رکھتا ہے۔ اس اسمودی کا نام Adaptogenic Proteinہے۔ یہ اسمودی مجموعی طور پر ذہنی اور جسمانی دباؤ کے خلاف انسانی خلیوں کی حساسیت کو کم کرتی ہے۔ اگر آپ یہ اسمودی اپنے گھر پر تیار کرنا چاہتی ہیں تو اس کے لیے آپ کو درج ذیل اشیا کی ضرورت ہوگی:

ایک کپ بادام کا دودھ، ایک چمچ بادام کا مکھن، ایک چمچ ناریل کا تیل، دو چمچ ونیلا مشروم پروٹین پاؤڈر، ایک چمچ جیفل (Maca)،ایک چمچ اسگندھ (Ashwagandha)، ایک چمچ He Shou Wu(سائنسی نام فیلوپیا ملٹی فلورا)، ایک چمچ کارڈیسیپ، ایک چمچ Moon Juice Dust، ایک چٹکی نمک اور ایک چٹکی ونیلا پاؤڈر۔

لی مشیل

لی مشیل ہالی ووڈ کی اداکارہ اور گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین مصنفہ بھی ہیں۔ 2014ء میں لی مشیل کی آٹوبائیوگرافیکل کتاب Brunette Ambitionکے نام سے شائع ہوئی تھی اور جلد ہی معروف امریکی جریدے کے بیسٹ سیلرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن پر جگہ بنانے میں کامیاب رہی۔ لی مشیل نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ ا س کے ’مارننگ ڈِرنک‘ میں جو اجزاء (Kale، بلیو بیریز، ایواکاڈو اور برف) شامل ہیں، وہ عموماً ہر گھر میں پہلے ہی موجود ہوتے ہیں۔ ان تمام اجزاء کو بلینڈ کریں اور ایک مزیدار ڈِرنک انجوائے کریں۔ بلیو بیریز اور Kaleمیں زبردست اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات پائی جاتی ہیں جبکہ ایواکاڈو میں دل کو جواں رکھنے والے صحت مند فیٹس موجود ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسے سپر فوڈ اسمودی بھی کہا جاتا ہے۔

میگھن مارکل

سابقہ ہالی ووڈ اداکارہ، جوکہ برطانوی شہزادے ہیری سے شادی کے بعد شاہی خاندان کا حصہ بن چکی ہیں، نے ایک ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے روزانہ کے پسندیدہ اسمودی میں ایک پیکٹ پروٹین سے بھرپور شیک پاؤڈر، آدھا کپ منجمد(Frozen) بلیو بیریز، ایک چمچ الائچی، ایک چمچ تخم بلنگا، آدھا کپ بادام کا دودھ اور آدھا کپ ناریل کا پانی شامل ہوتا ہے۔ یہ ریسیپی پلانٹ پروٹین، اومیگا-3اور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات سے بھرپور ہے، جس سے دیرپا توانائی اور مدافعتی سپورٹ حاصل ہوتی ہے۔ الائچی کے باعث سوزش نہیں ہوتی، جبکہ ناریل کا تیل جسم کو آبیدہ رکھتا ہے۔ کبھی کبھار وہ ریسیپی کچھ تبدیل بھی کرلیتی ہیں اور اس میں منجمد آم، لیموں سے کشید کردہ تازہ رس اور ہلدی بھی شامل کرلیتی ہیں۔

کھلوئی کارڈیشین

کھلوئی کارڈیشین اپنے سوشل میڈیا پیج پر کئی بار اس بات کا اقرار کرچکی ہیں کہ وہ ہاضمے کے نظام کو درست اور پیٹ کو سیدھا رکھنے کے لیے ہر صبح ’ادرک کی چائے‘ پیتی ہیں۔ چاہے آپ کو متلی محسوس ہورہی ہو، معدے میں درد یا پھر گیسز، ادرک کی چائے آپ کے نظام انہضام کے کئی مسائل کا مؤثر اور آسان حل ہے۔ ادرک کی چائے کے لیے آپ کو ادرک، لیموں، الائچی، شہد اور لال مرچ جیسی اشیادرکار ہونگی۔

تیار کرنے کا طریقہ:ادرک کے ایک بڑے سے ٹکڑے کو 8سے 10چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر پانچ کپ پانی میں کم از کم 20منٹ تک اس طرح پکائیں کہ وہ صرف دو کپ رہ جائے۔ پھر اسے کپ میں نکال کر آدھے لیموں کا تازہ رس، آدھا چمچ شہد، چوتھائی چمچ الائچی اور حسبِ ذائقہ لال مرچ شامل کریں۔

تازہ ترین