• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

روہیت شرما نے سنگاکارا کا ریکارڈ توڑ دیا

روہیت شرما نے ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کردیا
روہیت شرما سری لنکا کے خلاف میچ میں زور دار شاٹ لگاتے ہوئے۔

بھارت کے مایہ ناز اوپننگ بیٹسمین روہیت شرما نے کسی بھی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا کا ریکارڈ توڑ دیا۔

کمار سنگاکارا نے 2015ء کے ورلڈ کپ میں 4 سنچریاں بنائی تھیں۔

روہیت شرما نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے 44 ویں میچ میں سری لنکا کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی، جو حالیہ ورلڈ کپ میں اُن کی پانچویں اور ورلڈکپ مقابلوں میں مجموعی طور پر چھٹی سنچری ہے۔

اس کے ساتھ ہی روہیت شرما نے ہم وطن لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا ورلڈ کپ میچز میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ہے۔

بھارت کے سابق ٹیسٹ کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے ورلڈ کپ مقابلوں کی 44 اننگز میں مجموعی طور پر 6 سنچریاں اسکور کی ہیں جبکہ روہیت شرما نے یہ کارنامہ صرف 16 اننگز میں سرانجام دیا ہے۔

ورلڈ کپ میچوں میں سری لنکا کے کمار سنگکارا، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور بھارت کے سارو گنگولی نے پانچ، پانچ سنچریاں بنائی ہیں جبکہ پاکستان کی طرف سے رمیز راجہ اور سعید انور نے تین، تین سنچریاں اسکور کی ہیں۔

روہیت شرما سری لنکا کے خلاف 94 گیندوں پر 2 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 103 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس سنچری کے ساتھ ہی رواں ورلڈ کپ میں روہیت شرما 647 رنز کے ساتھ ٹاپ بیٹسمین ہیں جبکہ بنگلادیش کے شکیب الحسن نے 606 اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے 516 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کی طرف سے بابر اعظم نے سب سے زیادہ 474 رنز بنائے۔

تازہ ترین
تازہ ترین