• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس نے عاطف زمان کا بیان ریکارڈ کرلیا

کراچی میں نیوز اینکر مرید عباس کے قتل کے مرکزی ملزم عاطف زمان کا پولیس نے ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم عاطف زمان کو نجی اسپتال میں ہوش آیا، اس نے ابتدائی بیان میں قتل کے واقعے کی وجہ لین دین کا معاملہ ہونے کی تصدیق کی۔

پولیس کے مطابق دہرے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مرکزی ملزم کا بھائی عدنان زمان روپوش ہوگیا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔

منگل کی رات قتل کئے گئے ٹی وی اینکر مرید عباس اور خضر کے کیس کی گتھیاں سلجھنے لگیں،20کروڑ روپے کے لین دین کا معاملہ دہرے قتل کی وجہ بنا۔

قتل کے مرکزی ملزم عاطف زمان کا ٹائر کا بزنس تھا،اس نے کئی افراد کو بھاری منافع کا لالچ دے کر کروڑوں کی سرمایہ کاری کرا رکھی تھی۔

اسمگل شدہ ٹائروں کی کھیپ پکڑی جانے پر 3ماہ سے منافع بند تھا ،سرمایہ کاروں نے تنگ کرنا شروع کیا تو ملزم نے پیسا واپس مانگنے والوں کو دفتر بُلاکر قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

ملزم عاطف زمان نے مرید عباس اور خضرحیات سمیت 5افراد کو فون کیا، 3 اس کے جھانسے میں آکر دفتر پہنچے،2 مارے گئے جبکہ عمر ریحان فرار ہونے میں کامیاب رہا۔

پولیس نے ملزم کے کال ریکارڈ سے 35افراد کی تفصیلات حاصل کی ہیں، قتل کی اس واردات میں عاطف زمان کا بھائی عدنان زمان بھی ملوث ہے۔

تازہ ترین