• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم سے 55چینی کمپنیوں کے سربراہان کی ملاقات


وزیراعظم عمران خان سے چینی کمپنیوں کے 55 سربراہان نے ملاقات کی ہے۔


وزیراعظم سے ملاقات میں چینی کمپنیوں نے پاکستان میں آئندہ 3سے 5سال میں 5ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

چینی کمپنیوں نے اسمال اینڈ میڈیم شعبے میں سرمایہ کاری کرنے اور انڈسٹری پاکستان منتقل کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور انڈسٹری کی منتقلی سے ملک میں پہلے سال 50ہزار سے زائد نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے ملاقات میں کہا کہ سی پیک کے طے شدہ منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا اولین ترجیح ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے عوام گہری دوستی میں بندھے ہیں، وہ چینی قیادت کے وژن اور تدبر خصوصاً امن و ترقی، گڈگورننس اور عوام کو غربت سے نکالنے کی حکمت عملی سے متاثر ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے معاہدے کو عملی جامہ پہنانے کے حوالے سے امور پر بات کی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، سی پیک منصوبہ پاکستان چین دوستی کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کے پوٹینشل سے بھرپور استفادہ کرنے کے ضمن میں گیم چینجر ثابت ہوگا۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ سی پیک منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کے لیے وزارت منصوبہ بندی میں خصوصی شعبہ قائم کیا ہے تا کہ ان منصوبوں میں بلا رکاوٹ پیشرفت کو یقینی بنایا جا سکے۔

تازہ ترین