• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
حج و عمرہ ائیرپورٹ کے قیام کا فیصلہ
گورنر مکہ، ائرپورٹ پروجیکٹ کے معاہدے پہ دستخط کے موقع پر

مکہ مکرمہ میں حج و عمرہ ائیرپورٹ قائم کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیاہے۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے ’’الفیصلیہ پروجیکٹ‘‘ کے تحت حج و عمرہ ائیرپورٹ کے لیے زمین مختص کر دی ہے۔الفیصلیہ پروجیکٹ مقدس شہر کا ایکسٹینشن ہو گا ۔ نیا ائیرپورٹ محکمہ شہری ہوابازی کے تعاون سے تیار کیا جائے گا ۔ یہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ماتحت ہوگا، سعودی میڈیا کے مطابق گورنر مکہ مکرمہ نے بتایا ہے کہ حج و عمرہ ائیرپورٹ سے زائرین حرم کو غیر معمولی سہولتیں ملیں گی۔الفیصلیہ سٹی مکہ مکرمہ ریجن کا عظیم الشان ترقیاتی منصوبہ ہے۔ پرنس خالد الفیصل نے پہلی مرتبہ اس کا اعلان جولائی 2017ء میں کیا تھا۔ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے بتایا کہ الفیصلیہ پروجیکٹ میں سرکاری دفاتر تعمیر ہوں گے ۔جدید ترین ٹیکنالوجی استعمال ہو گی۔یہ ایک طرح سے مکہ مکرمہ اسمارٹ سٹی کی بنیاد ثابت ہو گا ۔

پروجیکٹ2354مربع میٹرکے رقبے میں 7مرحلوں میں مکمل کیا جائے گا ۔آغاز 2019ء اور مکمل 2050ء تک ہو گا ۔ اس منصوبے کے تحت کمرشل پورٹ ، پرآسائش جہازوں کی بندرگاہ ، کمرشل زون ، سیاحتی مراکز اور ایک رہائشی محلہ بھی بسایا جائے گا۔شہر کے اندر سٹی ٹرانسپورٹ کاخصوصی بندوبست ہو گا۔

گورنر مکہ مکرمہ نے الفیصلیہ پروجیکٹ کے لیے تعاون کی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے موقعے پر کہا کہ خوش آئند امر یہ ہے کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس پروجیکٹ کو ’الفیصلیہ‘ کا نام دیاہے ۔ انہوں نے سعودی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو اس منصوبے پر عملدرآمد میں حصہ لینے کی پیشکش بھی کی ہے ۔گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل اور وزیر خزانہ محمد الجدعان نے الفیصلیہ پروجیکٹ کے دائرے میں واقع ریاستی زمینوں سے فائدہ اٹھانے کے معاہدے پر دستخط کئے۔ الفیصلیہ پروجیکٹ کے تمام نقشے تیار ہو چکے ہیں جس پرجلد عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔الفیصلیہ پروجیکٹ کے تحت سعودی وژن 2030ء کے مطابق شمسی توانائی کا منصوبہ بھی روبہ عمل لایا جائے گا۔ اس سے مکہ مکرمہ ریجن میں 3لاکھ 40ہزار مکانات کو بجلی فراہم کی جا ئے گی۔ الفیصلیہ پروجیکٹ ماحول دوست توانائی فراہم کرے گا۔ زائرین کی تعداداور مقامی آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث بجلی کی طلب مسلسل بڑھ رہی ہے۔ الفیصلیہ شمسی توانائی پروجیکٹ سے یہ طلب پوری ہو سکےگی۔سعودی وزارت توانائی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے تعاون سے الفیصلیہ شمسی توانائی پروجیکٹ نافذ کرے گی اس سے 2600میگا واٹ بجلی تیار ہو گی۔

تازہ ترین