• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ،تاپی اور ایل این جی سے بہت سستا ہے،ایرانی سفیر

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان میں متعین ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ تاپی اور ایل این جی منصوبوں سے بہت سستا ہے ۔اس منصوبے پر عملد آمد سے پاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی اور توانائی بحران کے خاتمہ میں مددملے گی، دہشتگرد گروپوں کی فنانسنگ اور لاجسٹک سپورٹ روکنا ضروری ہے جمعہ کو نیشنل پریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں گفتگو کرتے ہوئےا یرانی سفیر نے کہا کہ ایران کے صدرحسن روحانی کے دورہ پاکستان کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہونگے ۔ایرانی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت میں اضافے کی بہت زیادہ گنجائش ہے، اس کے لئے موجود مواقع سے فائدہ اٹھاناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اپنے علاقے میں گیس پائپ لائن کی تنصیب مکمل کرچکا ہے پاکستان کو اپنے حصے کا کام کرنا ہے۔ ایرانی گیس پائپ لائن منصوبے سے پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔داعش کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ایران کے سفیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے دہشت گرد گروپوں کی ’’فنانسنگ‘‘ اور ’’لاجسٹک سپورٹ‘‘ روکنا ضروری ہے، سب جانتے ہیں کہ ان کو کہاں سے مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی کا نام نہیں لینا چاہتے لیکن یہ بہت واضح ہے کہ دہشت گردی ایک بین الاقوامی معاملہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے سب کو اکٹھا ہونا ہوگا، انہوں نے حیرت کا اظہارکرتے ہوئےکہا کہ دہشت گردی کے خلاف بنائے جانے والے اتحاد میں زیادہ دہشت گردی کا شکار ہونے والے تین اسلامی ممالک عراق، شام اور ایران شامل نہیں ہیں۔ ایرانی سفیر نے یمن کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یمن زمینی فوج نہ بھیجنے کے فیصلے نے عالمی برادری میں پاکستان کے قد کاٹھ میں اضافہ کیا ہے۔ پاکستان اور ایران کے بہت سے مفادات اور تشویش مشترک ہیں، دونوں ممالک کے کئی شعبوں میں مشترکہ کمیشن اور گروپ ہیں جن کو فعال بناکر تعلقات کومزید سعت دینے کی ضرورت ہے ۔
تازہ ترین