• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ فائنل کی سنسنی خیزی نے ایک جان لے لی

عالمی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے سنسنی خیز اور ڈرامائی میچ میں نیوزی لینڈ کی شکست نے کیوی آل راؤنڈر جمی نیشام کے کوچ کی جان لے لی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جمی نیشام نے اپنے اسکول کے زمانے کے کرکٹ کوچ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’ورلڈکپ کا فائنل سنسنی خیز تھا، جس میں میرے کوچ ڈیوڈ گورڈن کی جان چلی گئی، وہ میرے بچپن کے کوچ اور اچھے دوست تھے۔‘

بعد ازاں ڈیوڈ گورڈن کی صاحبزادی لیونی گورڈن نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سپر اوور میں جب جمی نیشام نے چھکا لگایا تو ان کے والد نے آخری سانسیں لیں۔


جمی نیشام نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’ ڈیوڈ گورڈن کھیل سے بہت پیار کرتے تھے اور ہم خوش قسمت ہیں کہ اُن کی کوچنگ میں بہت کچھ سیکھا۔‘

جمی نیشام نے کوچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’ میں ان پر ہمیشہ فخر کرتا رہوں گا، مجھے سب کچھ سکھانے کا بہت شکریہ۔‘

 جمی نیشام کے ٹوئٹ پر ڈیوڈ گورڈن کی صاحبزادی لیونی گورڈن نے اُن کا شکریہ ادا کیا ۔

لیونی گورڈن نے اپنے جواب میں لکھا کہ ’میں اور میری بہن آخر وقت میں اپنے والد کے ساتھ ہی تھے۔‘ انہوں نے لکھا کہ ’میرے والد کو آپ پر فخر تھا۔‘

واضح رہے کہ لارڈز میں کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل کے آخری اوور میں فتح کے لیے انگلینڈ کو 15 رنز درکار تھے لیکن بین اسٹوکس 14 رنز بنا سکے اور یوں میچ ٹائی ہو گیا۔

اس کے بعد سپر اوور میں میچ کا فیصلہ کیا گیا جہاں انگلینڈ نے 15رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو 16 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 15رنز بنا سکی اور میچ ٹائی ہو گیا البتہ زیادہ باؤنڈریز کی بناء پر انگلینڈ کو فاتح قرار دیا گیا۔

تازہ ترین