• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا تعمیراتی صنعت کا مستقبل ماڈیولر کنسٹرکشن ہے؟

ریئل اسٹیٹ اور تعمیرات، دونوں ایک دوسرے سے جُڑی ہوئی صنعتیں ہیں۔ ریئل اسٹیٹ فرم یا بروکر کو تعمیراتی صنعت کے بارے میں ہرچند کہ وسیع معلومات نہیں ہوتیں، تاہم وہ تعمیراتی صنعت میں متعارف کروائے جانے والے نت نئے رجحانات سے خود کو ضرور باخبر رکھتے ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ تعمیراتی صنعت کے نت نئے رجحانات جاننا کسی بروکر کا ذاتی شوق ہی ہوتا ہے بلکہ یہ اس کے پیشے کی ضرورت بھی ہے، کیونکہ اس طرح وہ اپنے کلائنٹس کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھ سکتا اور انھیں اپنی بات پر قائل کرسکتا ہے۔

انویسٹرز، ڈویلپرز اور ریئل اسٹیٹ کے شعبے سے وابستہ دیگر اسٹیک ہولڈرز میں زور پکڑتا ایک نیا رجحان ’ماڈیولر کنسٹرکشن‘ ہے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز حالیہ عرصہ میں اس بات پر تحقیق کررہے ہیں کہ ماڈیولر کنسٹرکشن کو کس طرح مستقبل کے تعمیراتی منصوبوں میں شامل کرکے بہتر نتائج (وقت کی بچت اور بہتر معیار) حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

ماڈیولر کنسٹرکشن کیا ہے؟

ماڈیولر کنسٹرکشن تعمیرات کا ایک ایسا رجحان ہے، جس کے تحت ایک عمارت کے تعمیراتی ڈھانچے کے کئی حصے آف سائٹ (کسی فیکٹری وغیرہ میں) تیار کرکے آن سائٹ لائے جاتے ہیں، جہاں ان کی اسمبلنگ کی جاتی ہے۔ تعمیراتی ماہرین کے مطابق یہ ایک ایسا رجحان ہے، جس میں آنے والے دنوں میں تیز تر اضافے کی توقع ہے۔

ماڈیولر کنسٹرکشن کی وجوہات؟

تعمیرات کے موجودہ طریقہ کار کی دو خامیاں ایسی ہیں، جو اس صنعت سے وابستہ افراد کو ماڈیولر کنسٹرکشن کی طرف مائل کررہی ہیں۔ 1) کئی تعمیراتی منصوبے اپنے بجٹ سے اوپر چلے جاتے ہیں، 2) کئی منصوبے بروقت پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ پاتے۔ یہ دونوں وجوہات پراجیکٹس کے منصوبہ سازوں کے منافع پر اثرانداز ہوتی ہیں۔

ماڈیولر کنسٹرکشن کا کردار

درج بالا وجوہات کی وجہ سے ماڈیولر ٹیکنالوجی کا کردار اُبھر کر سامنے آیا ہے۔ فیکٹری میں تیار کردہ اسٹیل کے ماڈیولز، جدید ترین الیکٹریکل اور پلمبنگ سسٹم اور اعلیٰ معیار کے ڈیزائن کے حامل ہوتے ہیں اور اب یہ ممکن ہوگیا ہے کہ ان تیار شدہ اسٹیل ماڈیولز کو فیکٹری سے تعمیراتی سائٹ پر لاکر انتہائی نفاست کے ساتھ جوڑ دیا جائے۔ اس سارے عمل میں دلچسپ بات یہ ہے کہ سارا کام بہت ہی قلیل مدت میں مکمل کیا جاسکتا ہے، جسے اگر روایتی تعمیراتی طریقے سے کیا جائے تو اس کیلئے کہیں زیادہ وقت درکار ہوگا۔

ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر معیار کا حصول

تعمیراتی صنعت میں نت نئی ٹیکنالوجیز متعارف ہونے سے منصوبوں کے کسی بھی حصے کی 100فیصد دُرست پیمائش کرنا اب ممکن ہوگیا ہے اور غلطی کا وہ امکان بھی ختم ہوجاتا ہے، جس کا تھوڑا بہت خدشہ روایتی طریقہ تعمیر میں بہرحال موجود رہتا ہے۔

ماڈیولر کنسٹرکشن کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ اس سے تعمیراتی صنعت کا اعلیٰ ہنرمند افرادی قوت پر دارومدار بھی کم ہوجائے گا۔ اس سے تعمیراتی عمل میں انسانی غلطی کے امکانات کم ہونے کے علاوہ تعمیراتی لاگت میں بھی کمی آئے گی۔ ماڈیولر کنسٹرکشن سے تعمیراتی لاگت میں بچت کے امکانات کی فہرست طویل ہے، جس کے ممکنہ فوائد بھی بے شمار ہیں۔ لاگت میں کمی کا ایک فائدہ جائیداد کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں بھی نظر آسکتا ہے، اس طرح زیادہ سے زیادہ املاک حقیقی خریداروں کی پہنچ میں آئیں گی اور ریئل اسٹیٹ کی کاروباری سرگرمیاں بڑھ جائیں گی۔

بین الاقوامی سطح پر ترقی یافتہ ملکوں میں کم اونچائی والے رہائشی منصوبوں اور ہوٹل انڈسٹری میں ماڈیولر کنسٹرکشن ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ تعمیرات اور ریئل اسٹیٹ سے وابستہ پروفیشنلز نے اپنے تجربے کی بنیاد پر پیشگوئی کی ہے کہ ماڈیولر ٹیکنالوجی نئے سرمایہ کاروں کو تعمیراتی صنعت کی طرف راغب کرنے کا باعث بنے گی کیونکہ ماڈیولر تعمیرات انتہائی نفاست کی حامل ہوتی ہیں، جو اپنی ’کنٹرولڈ کاسٹ‘ کے باعث کئی لوگوں کے لیے کشش رکھتی ہیں۔ ماڈیولر ٹیکنالوجی ان لوگوں کو بھی تعمیراتی صنعت میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کررہی ہے، جو اپنی سرمایہ کاری پر طویل عرصے تک پرکشش منافع حاصل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس کی ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ ماڈیولر ٹیکنالوجی کی حامل عمارتیں وقت سے پہلے مکمل کرلی جاتی ہیں، جبکہ روایتی طرز تعمیر کے تحت بننے والی عمارتیں اکثر تاخیر کا شکار ہوجاتی ہیں، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو بروقت آمدنی حاصل نہیں ہوپاتی۔ سرمایہ کاروں کے نزدیک پراجیکٹ کی بروقت تکمیل ایک اہم معاملہ ہوتا ہے، جس کی بنیاد پر وہ سرمایہ کاری کا فیصلہ کرتے ہیں۔

ماڈیولر کنسٹرکشن میں سرمایہ کاری

سیلیکون ویلی کے وینچر کیپٹلسٹ، ماڈیولر کنسٹرکشن میں زبردست دلچسپی دِکھارہے ہیں۔ اس کا اندازہ ان کی طرف سے اس شعبے میں حالیہ برسوں میں کی جانے والی ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہے۔ یہ سرمایہ کاری امریکا بھر میں دیکھی جارہی ہے، جس میں سان فرانسسکو سے لے کر نیویارک تک تمام ساحلی شہر شامل ہیں۔

غالباً، وقت آگیا ہے کہ پاکستان میں بھی تعمیراتی صنعت کو فروغ دینے اور کم لاگت گھروں کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے یہاں بھی ماڈیولر کنسٹرکشن ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے پر غور کیا جائے۔

تازہ ترین