• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب ہم کسی کے گھر جاتے ہیں تو وہاں گھر کو مہارت اور دل جمعی سے سجاہوا اور چیزوں کو ترتیب میں دیکھتے ہیں تو خاتونِ خانہ کی سلیقہ مندی کا اندازہ لگاتے ہیں۔ دراصل، گھر میں چیزوں کو صفائی ستھرائی اور سلیقہ مندی (Tidiness)کے ساتھ رکھنا بھی ایک ہُنر ہے، جو کئی خواتین (اور حضرات میں بھی) فطری طور پر موجود ہوتا ہے اور خوش قسمتی سے اسے سیکھا بھی جا سکتا ہے۔

جاپان سے تعلق رکھنے والی میری کونڈو غیرمعمولی صلاحیتوں کی حامل، صفائی ستھرائی اور سلیقہ مندی کی ماہر (Tidiness Expert)اور کنسلٹنٹ ہیں۔ آپ نے الماری میں کپڑوںکو کس طرح رکھنا ہے؟ بدلتے موسم میں آپ نے کپڑوں کا کیا کرنا ہے؟ باورچی خانہ میں برتن کس طرح رکھنے چاہئیں؟ لانڈری کے بعد کپڑوں کے بے ترتیب انبار کو کس طرح کم سے کم وقت میں مؤثر انداز میں ٹھکانے لگانا ہے؟ ہر چیز لانے کی دُھن میں جب گھر میں سامان اور اشیاکا انبار لگ جائے تو اس کا کیا کیا جائے؟ دفتر میں کاغذوں اور فائلوں کے انبار کو کس طرح رکھنا چاہیے کہ وہ آنے جانے والوں کو ناگوار نہ گزریں؟ یہ اور اس جیسے دیگر کئی سوالات کے لیے دنیا بھر کے خواتین و حضرات میری کونڈو کی طرف دیکھتے ہیں۔

میری کونڈو کی امریکا میں مقبولیت

میری کونڈو کی مقبولیت ایشیا سے نکل کر اب امریکا تک جا پہنچی ہے۔ سال 2019ء کے آغاز پر امریکا کی سب سے بڑی ویڈیو اسٹریمنگ سروس ’نیٹ فلکس‘ نے میری کونڈو کے ساتھ ’ٹائڈنگ اَپ وِد میری کونڈو‘ کے نام سے 8اقساط پر مشتمل ایک سیریز شروع کی۔

سلیقہ مندی کے ذریعے دنیا بھر میں خوشیاں پھیلانا میری کونڈو نے کا عزم ہے اور ان کے اسی عزم نے انھیں مجبور کیا کہ وہ نیٹ فلکس کی پیشکش قبول کرتے ہوئے ہر وقت خریداری کے شوقین امریکیوں کو یہ بتاسکیں کہ وہ اپنے گھر کو کس طرح چیزوں کے انبار اور بے ترتیبی سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

دراصل، جس جگہ بھی چیزیں بے ترتیبی سے پڑی ہوں اور غیر ضروری اشیا کا انبار لگا ہو، وہاں ان چیزوں کا ایک اَن سُنا شور ہوتا ہے، جس سے ماحول میں افراتفری جنم لیتی ہے، یہ افراتفری وہاں رہنے والوں کے مزاج اور نفسیات پر بھی اثرانداز ہوتی ہے۔ یقیناً آپ نے بھی نوٹس کیا ہوگا کہ جب ہم کسی سلیقے سے سجے گھر میں جاتے ہیں تو وہاں داخل ہوتے ہی ایک عجیب ذہنی اور دِلی سکون کا احساس ہوتا ہے۔ یہی میری کونڈو کی سائنس ہے۔

نیٹ فلکس پر ریکارڈ ویورشپ

خوش قسمتی سے ’نیٹ فلکس‘ کا اندازہ غلط نہ تھا، میری کونڈو کا شو نہ صرف ویورشپ کے نئے ریکارڈ بنانے میں کامیاب رہا بلکہ اس کے نتیجے میں کئی چیزوں کی فروخت میں بھی زبردست اضافہ دیکھا گیا۔

’’ایک ایسے وقت میں جب ہر شخص صحت، بہتر زندگی اور دماغی سکون کے لیے پریشان نظر آتا ہے، ایسے میں ریٹیلرز اور برانڈز کے لیے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ وہ انھیں ان چیزوں سے دور کریں، جو اِن کی زندگیوں میں انتشار کا باعث بن رہی ہیں اور انھیں ایسی چیزوں کی ترغیب دیں، جن کے ذریعےدماغی سکون حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے‘‘، ایسا کہنا ہے امریکا کی نیشنل پرچیز ڈائری انڈسٹری کی تجزیہ کار لیِن نسولی کا۔ وہ مزید کہتی ہیں، ’’کبھی کبھی ہم یہ محسوس ہی نہیں کرتے کہ ہم نے کس طرح غیر ضروری اور غیر ارادی طور پر اپنی الماریوں، درازوں، گھروں، دفاتر اور کلاس رومز میں ایک عرصے سے غیر ضروری چیزوں، جیسے کئی چھوٹی بڑی تھیلیوں اور بیگز، کے انبار لگادیے ہیں‘‘۔

ایمی ایوارڈز کیلئے نامزدگی

میری کونڈو اپنے نیٹ فلکس شو کے ذریعے ناظرین ہی نہیں بلکہ ناقدین کو بھی اپنی طرف متوجہ کرنے میں کامیاب رہیں۔یہی وجہ ہے کہ انھیں ایمی ایوارڈز کی جانب سے 2پرائم ٹائم کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔ اکیڈمی آف ٹیلی ویژن آرٹس اینڈ سائنسز کے مطابق 2011ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ اپنی اولین ٹیلی ویژن پرفارمنس پرکوئی اس قدر بڑے پیمانے پر نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہو۔

میری کونڈو: آرگنائزیشن گُرو

میری کونڈو نے دنیا بھر کے لوگوں کی زندگیاں بدل دینے والی کتاب ’’دی لائف چینجنگ میجک آف ٹائڈنگ اَپ:جیپنیز آرٹ آف ڈی کلٹرنگ اینڈ آرگنائزنگ‘‘ کے ذریعے خود کو ’آرگنائزیشن گُرو‘ کے طور پر منوالیا تھا۔ اس ایک ہی کتاب کی بدولت وہ ٹائم جریدے کی 2015ء کی ’100بااثرشخصیات‘ کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔ میری کونڈو کا طریقہ دراصل ہمیں صرف سلیقہ مندی اور صفائی ستھرائی ہی نہیں سیکھاتا بلکہ اس طریقے کے تحت ان چیزوں کی نشاندہی کی جاتی ہے، جو ہماری زندگیوں میں خوشیوں کا باعث ہوتی ہیں، جبکہ دیگر چیزوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہی بہتر رہتا ہے۔

’’گھر، میز کے خانے، الماری یا کسی بھی جگہ چیزوں کو صفائی ستھرائی کے ساتھ رکھنا ایک زندگی بدل دینے والا کام ہے۔ ہر چندکہ یہ کوئی اتنا مشکل کام ہرگز نہیں ہے، تاہم اس کے لیے ہمیں اپنے مائنڈ سیٹ (سوچ) کو بدلنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ نے کسی کام میں ہاتھ ڈالا ہے تو اسے ایک ہی بار میں ڈھنگ سے کرڈالیں۔ اس کے بعد آپ دیکھیں گی کہ آپ کے اِرد گرد سب کچھ بدل جائے گا۔ آپ کو ہر چیز نہ صرف اچھی لگے گی بلکہ اس کے نتیجے میں آپ خود کو دماغی طور پر بھی پُرسکون محسوس کریں گی‘‘، میری کونڈو اپنی تکنیک کے بارے میں بتاتی ہیں۔

گھر کی بہترین صفائی ستھرائی اور ترتیب کے لیے میری کونڈو کی ترجیحات کی فہرست کچھ اس طرح ہے: 1) کپڑے، 2)کتابیں، 3) کاغذات، 4)ایک ہی کارٹن کے اندر رکھی گئی مختلف چیزیں، اور 5)یادگار چیزیں جیسے تصاویر، قدیم اشیا وغیرہ۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ جب آپ گھر کو ترتیب دینے لگیں تو اسی ترتیب میں چیزوں کو سلیقہ سے رکھتی جائیں اور ساتھ ہی انتہائی بے رحمی سے ان چیزوں کو بھی باہر نکالتی جائیں جو اب آپ کے کسی کام آنے والی نہیں ہیں۔

تازہ ترین