• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لِونگ روم گھر کا وہ کمرہ ہے جہاں ہم اپنا زیادہ تر وقت صرف کرتے ہیں اور اکثر اپنے قریبی دوستوں یا رشتہ داروں کو بھی اسی کمرے میں بٹھاتے ہیں۔ سب سے زیادہ استعمال ہونے والا یہ کمرہ اضافی سامان کا بھی مسکن ہوتا ہے اور یہاں گھر کے دیگر حصوں کے مقابلے میں پھیلاوا بھی بہت ہوتا ہے۔ لِونگ روم کو کشادہ دکھانے کے لیے گھر کے افراد کے کام آنے والا یہ اضافی سامان اگر آپ بیسمینٹ یا گیراج میں رکھ دیں گے تو ضرورت پڑنے پر بار بار انھیں وہاں سے لانا پڑے گا۔ اس دقت اور پریشانی سے بچنے کے لیے کسی زبردست آئیڈیا پر عمل کرتے ہوئےکیوں نہ لِونگ روم میں ہی اسٹوریج کا ایسا انتظام کیا جائے، جو دیکھنے والوں کو بھی اچھا محسوس ہو۔ لِونگ روم اسٹوریج ضرورت کی چیزیں اپنے قریب رکھنے کا ایک زبردست آئیڈیا ہے لیکن یہ اس وقت تک بہترین ثابت نہیں ہو سکتا جب تک اس میں تخلیقیت شامل نہ ہو، ورنہ آپ کا لِونگ روم کباڑ خانہ بن جائے گا۔ آپ کی آسانی اور مدد کیلئے ہم آپ کو کچھ آئیڈیاز پیش کر رہے ہیں۔

شیلف

آپ نے کتابیں رکھنی ہوں، بچوں کے کھلونے یاپھر سجاوٹی اشیا، لِونگ روم یا فیملی روم کیلئے شیلف بہترین آپش ہوتاہے اور اچھی بات یہ ہے کہ اس کے بےشمار دلکش ڈیزائن بھی دستیاب ہیں۔ لیڈر (Ladder)یعنی سیڑھی نما شیلف بھی ایک عمدہ اندا زہے، ا س کے نچلے حصے میں درازیں ہوتی ہیں اور اوپر شیلفس بنی ہوتی ہیں۔ اگر فرش پر جگہ نہیں ہے تو آپ دیوار پر فلوٹنگ شیلف لگاسکتے ہیں۔ ہرقسم کی شیلف کارنگ آپ اپنے کمرے کی مناسبت سے منتخب کرسکتےہیں۔

کافی ٹیبل

آپ کو مارکیٹ میں ایسے زبردست قسم کے کافی ٹیبلز مل سکتے ہیں، جن میں منفرد اسٹوریج آپشنز موجود ہوں۔ آپ اپنی بساط اور لونگ روم کی گنجائش کے مطابق ایسے کسی کافی ٹیبل کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ کافی ٹیبل کی تہہ میں لگی درازیں اور الگ کیا جانے والا اوپری حصہ، کپ پرچ وغیرہ رکھنے کے کام آسکتا ہے۔ اگر مالی گنجائش زیادہ ہوتو آپ اس سے بھی زیادہ آپشنز والی کافی ٹیبل گھر کیلئے خرید سکتے ہیں۔

جدید صوفے

جدید صوفے (Ottomans)بیڈ روم میں بچھے بیڈ کی طرح ہی اچھی خاصی جگہ رکھتے ہیں، اس میں آپ کمبل یا تکیے بھی اسٹور کرسکتے ہیں۔ مزید یہ کہ آپ اپنے لِونگ روم کی گنجائش کے مطابق دیدہ زیب رنگوں کے ساتھ ان صوفوں کو منتخب کرسکتے ہیں۔

سائڈ ٹیبل

صوفے کے ساتھ رکھی ایک چھوٹی سی سائڈ ٹیبل اکثر کافی ٹیبل کے ساتھ آتی ہے اور اس کے اندر بھی چیزیں اسٹور کرنےکی اچھی خاصی گنجائش موجود ہوتی ہے۔ یہ کمرے کا ایک اچھا تاثر پیش کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ بغیر کیبنٹ کے کھلے ٹیبل بھی منتخب کیے جاسکتےہیں، اس کے نیچے آپ کتابیں یا ضروری اشیا رکھ سکتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ میڈیا سینٹر

لِونگ روم میں انٹرٹینمنٹ میڈیا سینٹر اسٹوریج کا ایک وسیع آپشن مہیا کرتاہے۔ اس میں ہر قسم کی اسٹوریج جیسے شیلف، درازیں اور کیبنٹس موجود ہوتے ہیںجن میں آپ گیمنگ کنسول، ڈی وی ڈیز اور دیگر اشیا رکھ سکتے ہیں۔ انٹرٹینمنٹ میڈیا سینٹر کا انتخاب بھی آپ اپنے کمرےکی مناسبت سے کرسکتے ہیں۔ ان میں سادہ ڈیزائن بھی آتے ہیں، جو صرف ٹی وی اسٹینڈ پر مشتمل ہوتے ہیں، تاہم ان میں اسٹوریج کی گنجائش کم ہوتی ہے۔

باسکٹ

ایک مناسب جگہ پر رکھی باسکٹ آپ کے کمرے کو اچھوتا اسٹائل دیتی ہے۔ ہم اکثر انہیں کمرے کے کونے یا آخری سرے پر رکھتے ہیں، لیکن اب لکڑی کی ایسی بینچ بھی آرہی ہیں جن کے اندر یا نیچے آپ باسکٹ رکھ سکتے ہیں اور ان میں اسٹور کی گئی اشیا کمرے کی لُک کو خراب نہیں ہونے دیتیں۔

ڈیوائڈر

عموماً ہمارے گھروں میں ڈیوائڈر دیوار کے ساتھ لگے ہوتےہیں اور ان میں زیادہ تر ڈنرسیٹس ہی دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم اگر نیچے درازیں یا کیبنٹس موجود ہیں توآپ ان میں کمبل وغیرہ بھی رکھ سکتے ہیں۔ اگرآپ چاہتے ہیں کہ ان کے اند ر موجود اشیا نظر نہ آئیں تو آپ شیشوں کے بغیر بند دروازوں والا ڈیوائڈر بھی کمرے میں رکھ سکتے ہیں۔

میگزین ریک

اگر آپ میگزین اور اخبارات پڑھنے کے شوقین ہیں تو آپ کیلئے میگزین ریک ایک زبردست آپشن ہے۔ آج کل بڑے دلکش ڈیزائن والے میگزین ریکس بھی دستیاب ہیں، جو اسٹوریج کی سہولت کے ساتھ ساتھ آپ کے کمرے کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ میگزین اور اخبارات کو ادھر ادھر بکھرنے سے بچانے کے لیے سائڈ ٹیبل یا کافی ٹیبل کے نچلے حصے میں بھی رکھ سکتے ہیں۔ 

تازہ ترین