• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمیٰ علی،جہلم

عید کے پُر مسرت ہنگامے کے بعد جوں ہی کچھ فرصت ملتی ہے تو عام طور پر قریبی رشتےداروں، دوستوں وغیرہ کے لیے ایک خاص ضیافت کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اگر اس اتوار آپ نے بھی کوئی ایسا ہی پروگرام مرتّب کیا ہے، تو لیجیے ، اس خاص دعوت کے لیے ہماری طرف سے بھی کچھ خاص تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

بونگ پائے کی نہاری

اجزاء: گوشت تین کلو، پائے دو عدد،نلیاں چارعدد،سُرخ مرچ پاؤڈر تین چائے کے چمچ،ثابت دھنیا ایک چائے کا چمچ، لہسن(جوے چھیل لیں)ایک عدد، ادرک (باریک کتر لیں)دو انچ کا ٹکڑا، نمک حسبِ منشاء،دہی آدھا کلو،گرم مسالا ایک چائے کا چمچ،پیاز تین سے چار عدد، ہلدی ایک چائے کا چمچ،آٹا ( آدھا گوندھ کر رکھ لیں)ایک کپ،ہری مرچیںچارعدد،لیموں(پانچ کارس نکال لیں)چھے عدد اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: گوشت پر لیموں کا رس چھڑک کر دس منٹ بعد پانی سے خُوب اچھی طرح دھوکر چھلنی میں رکھ دیں۔ اب سُرخ مرچ، ثابت دھنیا، آدھی پیاز، لہسن کے جوے، ہلدی اور نمک پیس کر مسالا تیار کرلیں۔ پتیلی میں ایک کپ تیل گرم کرکےباقی پیاز کے لچّھے براؤن کرکے پلیٹ میں نکال لیں۔ اب اسی تیل میں مسالا اور گوشت ڈال کر چند منٹ تک بھون کر پتیلی ڈھانپ کر پکنے دیں۔ اس دوران فرائی پیاز، دہی اورخشک آٹا اچھی طرح مکس کرلیں۔جب گوشت کا پانی خشک ہو جائے، تو دہی والا آمیزہ ڈال کر خُوب اچھی طرح بھونیں۔ اس کے بعد پانی بقدرِ شوربا ڈال کر پتیلی کا ڈھکن ڈھک کر کناروں پر آٹا لگا دیں۔ قریباً دو گھنٹے تک ہلکی آنچ پرپکنے دیں۔ پھر کناروں سے آٹا اُتارکرڈھکن کھول دیں۔ اگر شوربا گاڑھا ہو، تو تیل کا بگھار دے کر چولھا بند کردیں، ورنہ تیز آنچ پر گاڑھا کرلیں۔آخر میں ادرک، ہری مرچیں اورگرم مسالا پاؤڈرچھڑک کر اوپر سے لیموں نچوڑ دیں۔

کرسِپی کلیجی

اجزاء: کلیجی آدھا کلو،لہسن پیسٹ ایک چائے کا چمچ،گرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،میدہ ایک کپ،نمک حسب ِذائقہ،سویا ساس چار چائے کے چمچ،چلی ساس دو چائے کے چمچ،انڈا(پھینٹ لیں) ایک عدد،ڈبل روٹی کا چُورا ایک کپ اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: کلیجی اچھی طرح دھوکر چھلنی میں رکھ دیں، جب پانی خشک ہوجائے، تو باؤل میں کلیجی ڈال کر اس میں سویا ساس، چلی ساس، گرم مسالا پاؤڈر، لہسن پیسٹ اور نمک مکس کرکے2 گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب میدہ گھول کر پیسٹ سا بنا کر اس میں انڈا شامل کردیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کرکے کلیجی کو میدے والے آمیزے میں ڈبو کر ڈبل روٹی کے چُورے میں لپیٹ کرفرائی کرلیں۔

مٹن کُنا

اجزا ء: گوشت ایک کلو،پیاز(کاٹ لیں) ایک عدد،ثابت سفید زیرہ ایک کھانے کا چمچ،سبز مرچ (کُٹی ہوئی) ایک کھانے کا چمچ،ادرک، لہسن کاپیسٹ دو کھانے کے چمچ،نمک حسبِ ذائقہ،لال مرچ پاؤڈر دو کھانے کے چمچ،دھنیا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ،ہلدی ایک چائے کا چمچ،گرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کاچمچ،کالا زیرہ ایک کھانے کا چمچ،مٹن یخنی ایک کپ،سبز دھنیا آدھی گڈی، ادرک دوانچ کا ٹکڑا، سبز مرچیں(کاٹ لیں) چار عدد،آٹا (پانی میں گھول لیں)حسبِ ضرورت اور دیسی گھی ایک کپ۔

ترکیب: ایک مٹّی کی ہانڈی میں گھی کڑکڑاکر اس میں پیاز ،ثابت سفید زیرہ اورکُٹی ہوئی سبز مرچ ڈال کر ہلکا سا براؤن کرلیں۔اب اس میں ادرک،لہسن کا پیسٹ اور گوشت ڈال کر دو سے تین منٹ تک بھون کرایک کپ پانی اور تمام اجزاء( یخنی اور آٹے کا آمیزہ نہیں) ڈال کر پینتیس سے چالیس منٹ تک ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔اب اس میں مٹن یخنی اورپانی ملا آٹا شامل کرکے شوربا گاڑھا کرلیں۔ڈھکن ڈھک کر پانچ منٹ کا دَم دیں۔ آخر میں سبزدھنیا، کتری ہوئی ادرک اور سبز مرچیں باریک کاٹ کرچھڑک دیں۔

مٹن مندی رائس

اجزاء: مٹن نلی والاآدھا کلو،چاول آدھا کلو، ادرک پاؤڈر ایک چائے کاچمچ،لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ،ثابت گرم مسالا ایک کھانے کا چمچ،پیاز(کاٹ لیں)ایک عدد،ہلدی ایک چائے کاچمچ،ہری مرچیں(کاٹ لیں) دو عدد،ثابت سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، سفید زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،دھنیا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ،لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،گرم پانی ڈھائی گلاس،مکھن ایک چائے کا چمچ ،مندی مسالا پاؤڈر ڈیڑھ کھانے کا چمچ اور تیل حسبِ ضرورت۔

مندی مسالا بنانے کے اجزاء: تیز پات دو عدد، لونگ دو عدد، چھوٹی اِلائچی دو عدد، بڑی اِلائچی دو عدد، دار چینی دو ٹکڑے، کالی مرچ دس عدد، بھُنا ہوا ثابت دھنیا ایک چمچ، بھُنا ہوا سفید زیرہ ایک چمچ اور جائفل حسبِ ضرورت۔سب اجزاء اچھی طرح پیس لیں۔

ترکیب: ایک باؤل میں گوشت ، نمک،مندی مسالا، ہلدی اور دو چمچ تیل مکس کرکے تیس منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔اب ایک دیگچی میں تین کھانے کے چمچ تیل گرم کرکے اس میں پیاز، ثابت سفید زیرہ، ثابت گرم مسالا ،نمک اور ہری مرچیں ڈال کر براؤن کرلیں۔ اب اس میں لہسن کا پیسٹ،گوشت بمع مسالا اور بقیہ اجزاء ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ پھر اس میں گرم پانی ڈال کر چالیس منٹ تک ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔جب گوشت گل جائے ،تو بوٹیاں الگ برتن میں نکال لیں اور یخنی میں چاول ڈال کر تھوڑا پانی رہنے تک پکنے دیں۔ اب چاولوں پر بوٹیاں رکھ کر دَم دے دیں۔ جب دَم آجائے،تو چاولوں پر فوائل رکھ کر،او پر جلتا ہوا کوئلہ اور اُس پرمکھن ڈال کر جلدی سے ڈھک دیں۔ دس منٹ بعد فوائل اور کوئلہ نکال دیں۔مزے دار مٹن مندی تیار ہے ۔

بہاری بوٹی

اجزاء: گوشت ایک کلو(بغیر ہڈی کا)،کچا پپیتا (پسا ہوا)ایک چوتھائی کپ،ادرک ، لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، سُرخ مرچ پاؤڈر دو چائے کے چمچ اورگرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ۔

ترکیب: گوشت کے ٹکڑوں پرتمام مسالاجات لگا کر تین سے چار گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر کڑاہی میں ڈال کر بھون لیں، جب پانی خشک ہوجائے، تو ایک چوتھائی کپ تیل ڈال کر مزیدبھونیں۔ لذیذ بہاری بوٹی تیار ہے۔

سیخ کباب

اجزاء:قیمہ ڈیڑھ کلو ، پیاز (باریک کاٹ لیں)تین عدد ،ہرادھنیا ایک گڈی، لہسن، ادرک کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، پپیتا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، ہری مرچیں(کُوٹ لیں)آٹھ عدد، نمک حسب ذائقہ، لال مرچ(کُٹی ہوئی)دو کھانے کےچمچ، گرم مسالا پاؤڈرایک کھانے کا چمچ، تیل حسب ضرورت، مکئی کا آٹا ایک کپ اور کباب بنانے کے لیے سیخیں۔

ترکیب: ایک باؤل میں قیمہ اور تمام اجزاء(علاوہ مکئی کے آٹے کے) مکس کرکے 20منٹ کے لیے رکھ دیں۔ پھر مکئی کا آٹا بھی شامل کردیں۔اب ایک سیخ پرتیل لگا کر کباب بنا ئیں۔ اسی طرح دیگر سیخیں تیار کرلیں۔ اس کے بعد کھلے منہ کا پتیلا لے کر اس کے پیندے میں ہلکا سا تیل لگاکےفوائل بچھادیں۔پھر اس پر سیخ کباب پھیلا کر ڈھکن بند کردیں اور چولھے پر رکھ کرہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب خوشبو آنے لگے، تو ڈھکن کھول کر دیکھ لیں کہ پانی خشک ہوا یا نہیں۔ پانی خشک ہو جائے،تو سیخ کباب نکال لیں۔جب سب سیخ کباب تیار ہو جائیں، تو ان پر روٹی کا ٹکٹرا رکھ کر اوپردہکتا ہوا کوئلہ رکھیں اور کوئلے پر ایک چمچ تیل ڈال کر جلدی سے ڈھکن بند کر دیں۔دس منٹ بند کوئلہ نکال لیں-

تازہ ترین