• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گارڈن یا زمین کے کسی ٹکڑے کو سجانے اور ڈیزائن کرنے کو لینڈ اسکیپنگ کہا جاتا ہے۔ لینڈ اسکیپنگ بھی ایک ہنر ہے۔ اگر آپ اپنے گھر یا گھر کے باہر اپنے لان کو بنانے، سجانے یا اس کا ڈیزائن تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں تو اس کےلیے آپ کے پاس دو آپشنز ہیں۔ ایک یہ کہ آپ لینڈ اسکیپ ڈیزائن کرنے کا کام اپنے ذمہ لے لیں یا پھر اس کے لیے کسی ماہر لینڈ اسکیپر کی خدمات حاصل کریں۔

اگر آپ لینڈ اسکیپر کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں تو یہ سوچنا بہت آسان ہوتا ہے۔ تاہم جب آپ اپنے فیصلے کو عملی جامہ پہنانے جائیں گے تو اپنے کام کے لیے دُرست لینڈ اسکیپر کے انتخاب اور اس سے مؤثر سوالات پوچھنے سے لے کر کئی دیگر پوائنٹس پر غور کرنا پڑے گا۔ یہ ایک عام سی بات ہے کہ آپ کو کسی لینڈ اسکیپر کا انتخاب کرنے سے پہلے چند ایک سے بات کرنی چاہیے، تاکہ آپ کو اندازہ ہوسکے کہ آپ کیا چاہتے ہیں اور اس کے لیے کون سا لینڈ اسکیپر بہتر انتخاب ثابت ہوگا۔

لینڈ اسکیپر کا انتخاب

ایک لینڈ اسکیپر کا انتخاب بھی اتنا ہی پیچیدہ ہوسکتا ہے جتنا کہ ایک انٹیریئر ڈیزائنر کی خدمات حاصل کرنا۔اس کی وجہ یہ ہے کہ جب آپ مارکیٹ میں لینڈ اسکیپر کی خدمات حاصل کرنے نکلیں گے تو آپ کو کئی طرح کے لوگوں کا سامنا کرنا پڑےگا، جو خود کو لینڈ اسکیپر قرار دیں گے۔ لینڈ اسکیپر سند یافتہ یا پھر سند کے بغیر بھی ہوسکتا ہے۔ ایسے میں کئی لینڈ اسکیپرز سے بات چیت کے بعد آپ کو ان کی قابلیت کا اندازہ ہوگا اور آپ اس قابل ہوجائیں گے کہ کسی ایک درست لینڈ اسکیپر کا انتخاب کرسکیں۔

بجٹ اور ٹاسک

اگر آپ کو بجٹ کا کوئی مسئلہ نہیں ہے تو لینڈ اسکیپر آپ کے لیے درختوں کی کٹائی سے لے کر چُنائی تک، آپ کے لیے ہر کام اعلیٰ معیار اور اول درجہ کا کرکے دے سکتا ہے۔ تاہم اگر آپ محدود بجٹ پر کام کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ایسے میں لینڈ اسکیپر آپ کے لیے کچھ مختلف طرح کے پلان پیش کرسکتا ہے، جس میں سے آپ اپنے بجٹ اور ذوق کے مطابق کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ ان پلانز میں سے چند فیچرز اُٹھا کر آپ اپنے لیے اپنی مرضی اور پسند کا پلان بنالیں، جس پر لینڈ اسکیپر کام کرے۔

پیسے بچانے کا طریقہ

پیسے بچانے کا دارومدار آپ کی ذہانت اور منصوبہ بندی پر ہے۔ آپ کسی ایسے لینڈ اسکیپر کی خدمات حاصل کریں جس نے ابھی ابھی یہ کام شروع کیا ہو، کسی نئی کمپنی سے رابطہ کریں جو ابھی اپنے کلائنٹس بنانا چاہتی ہو یا پھر کسی قریبی نرسری پر کام کرنے والے لڑکوں سے بات کریں کہ وہ آپ کے لیے لینڈ اسکیپنگ کرسکیں۔ اگر آپ کو پتہ ہے کہ آپ کیا چاہتے ہیں اور اسے کس طرح حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ لینڈ اسکیپنگ کے ڈیزائن پارٹ کو پھلانگ سکتے ہیں اور براہِ راست لینڈ اسکیپنگ کے کام کا آغازکرواسکتے ہیں۔ مگر کہتے ہیں کہ جتنا گُڑ ڈالیں گے اتنا ہی میٹھا ہوگا، تو ایسے کسی بھی فیصلے پر پہنچنے سے پہلے آپ کو اچھی طرح سوچ بچار کرنا چاہیے۔

درست سوالات پوچھیں

اچھی طرح سوچ بچار کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ جس لینڈ اسکیپر کی خدمات حاصل کرنے جارہے ہیں، اس سے درست سوالات پوچھیں تاکہ طویل مدت میں آپ کے پیسے بھی بچیں اور کام بھی اچھا، معیاری اور دیرپا ہو۔ مثلاً کیا آپ اس طرح کی لینڈ اسکیپنگ میں مہارت رکھتے ہیں؟ کیا میں آپ کے کام کی تصاویر دیکھ سکتا ہوں؟کیا آپ فلاں بجٹ کے اندررہتے ہوئے یہ کام مکمل کرسکتے ہیں؟ وغیرہ وغیرہ۔آپ اس سے ریفرنس کے متعلق بھی پوچھ سکتے ہیں، اس سوال کا فائدہ یہ ہوگا کہ اگر آپ ایک تجربہ کار لینڈ اسکیپر کی خدمات حاصل کررہے ہیں تو وہ آپ کو اپنے چند سابقہ کلائنٹس کا بتادے گا، جن سے آپ اس کے کام کے معیار اور کمٹمنٹ کے بارے میں پوچھ سکتے ہیں۔

آپ کیا چاہتے ہیں؟

آپ اس وقت تک اپنے کام کے لیے درست لینڈ اسکیپر کی خدمات حاصل نہیں کرسکتے، جب تک آپ اس بات میں واضح نہ ہوں کہ آپ چاہتے کیا ہیں۔ اگر بجٹ کا مسئلہ نہیں ہے اورآپ چاہتے ہیں کہ لینڈ اسکیپر خود ہی آپ کے لیے پلان تیار کرکے اس کے مطابق کام کردے پھر تو ٹھیک ہے، بصورت دیگر آپ کو ہر چیز کی ذمہ داری خود لینا ہوگی اور ہر چیز پر نظر رکھنا ہوگی تاکہ آپ اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرسکیں۔

بنیادی معلومات

آپ اپنے لینڈ اسکیپر کے پاس جس قدر زیادہ تیاری کے ساتھ جائیں گے، آپ اس قدر بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ ایک کام یہ بھی کرسکتے ہیں کہ انٹرنیٹ یا دیگر جگہوں سے ایسے لینڈ اسکیپ کی تصاویر حاصل کریں، جس طرح کا لینڈ اسکیپ آپ بنوانا چاہتے ہیں۔ 

تازہ ترین