• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکثر لوگ ویلتھ مینجمنٹ کی اصطلاح کو پیچیدہ مالی نظریات یا پھر ایک طویل اور نہ ختم ہونے والا مرحلہ گردانتے ہیں۔ درحقیقت یہ بے حد آسان ہے جوکسی بھی شخص ،ادارے یا نئے شروع کیے جانے والے کاروبار کے لیے بآسانی عمل میں لایا جاسکتا ہے ۔ویلتھ مینجمنٹ کی تعریف کی جائے تو ویلتھ منیجر کے مطابق یہ ایک اعلیٰ سطح کی پیشہ ورانہ خدمت ہے، جس میں مالی مشاورت، سرمایہ کاری سے متعلق رہنمائی، تمام طرح کے حساب کتاب، ٹیکس کی خدمات، ریٹائرمنٹ پلاننگ اور جائیداد کی منصوبہ بندی شامل ہے۔ ماہرین ویلتھ مینجمنٹ کے مقاصد میں دولت بڑھانے کے طریقہ کار اور اسے منظم کرنے سے متعلق تمام تر رہنمائی اور خدمات کو شامل کرتے ہیں۔ اگر آپ بھی دولت میں اضافے کے طریقوں کو آسان بناتے ہوئے اپنی دولت کو منظم کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو ضرورت ہے ماہرین کی درج ذیل مفید تجاویز پر عمل کرنے کی ۔

ماہانہ تنخواہ اوربہترین سرمایہ کاری

کیا آپ کو لگتا ہے کہ آپ کی ماہانہ تنخواہ آپ کے اخراجات سے کچھ زیادہ ہے لیکن یہ اضافی رقم ہر ماہ نت نئے اضافی خرچوں کے سبب ختم ہوجاتی ہے؟ اگر ایسا ہے تو بجٹ کی ایک نئی فہرست ترتیب دیں اور اس ترتیب دی گئی فہرست سے اندازہ لگائیں کہ تمام اخراجات اور بچت کا حساب کتاب الگ کرنے کے بعد آپ کے پاس کتنی رقم ایسی بچتی ہے جو ہر ماہ ہونے والے نت نئے خرچوں میں نکل جاتی ہے۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ اس رقم کے تناسب سے بینک سے کوئی گاڑی ماہانہ قسطوں پر لے لیں اور اس کو سرمایہ کاری کے زاویے سے سوچیں کیونکہ قسطوں کی ادائیگی کے بعد یہ آپ کا اثاثہ ہوگی۔ ہر ماہ تنخواہ سے ادائیگی کو ماہرین ملکیت بڑھانے کے لیے بے حد اہم تصور کرتے ہیں کیونکہ یہ ادائیگی مقررہ وقت پر باقاعدگی کے ساتھ ہر ماہ ادا کی جاتی ہے، جسے نہ تو آپ چھوڑ سکتے ہیں اور نہ ہی کم کرسکتے ہیں۔ آپ اپنے ماہانہ اخراجات کوہر ماہ اسی طرح سے ترتیب دینے لگیں گے، جس سے آپ کی اضافی رقم محفوظ ہوکر ایک قیمتی اثاثے کی شکل اختیار کرلے گی۔

اہداف مقرر کریں اور سختی سے عمل پیرا ہوں

ماہانہ ادائیگیوں، اخراجات، سرمایہ کاری اور بچت سے متعلق اہدا ف مقرر کریںاور ان اہداف پر سختی کے ساتھ عمل پیرا ہوں۔ جو لوگ ماہانہ مقرر کیے گئے اہداف پر سختی سے عمل پیرا ہوتے ہیں وہ ان لوگوں کی نسبت دولت منظم کرنے میں زیادہ کامیابی حاصل کرتے ہیں، جو یہ اہداف مقرر نہیں کرتے۔ مقرر کیے گئے اہداف ماہانہ اخراجات کے ساتھ ساتھ بچت اور دولت دونوں کو منظم کرنے کی راہ متعین کرتے ہیں۔

معلومات کو دستاویزی شکل دینا

آپ کو ان تمام باتوں سے ہر وقت آگاہ رہنا چاہیےمثال کے طور پر کہ آپ کے اثاثوں کی تعداد کیا ہے، آپ کے اکاؤنٹس کتنے اور کون کون سے بینکوں میں موجود ہیں اور ان تمام معلومات سے متعلق کون کون سے افراد آپ کے ہم راز ہیں۔ اپنے یوزر نیم، پاس ورڈ اور سیکیورٹی کوڈ وغیرہ سے متعلق تمام تر معلومات صرف ذہن میں ہی نہیں بلکہ دستاویزی صورت میں بھی آپ کے پاس موجود ہونی چاہئیں، جہاں آپ بآسانی کسی بھی وقت رسائی حاصل کرسکیں۔ ساتھ ہی دوسری دستاویزات مثلاًجائیداد نامہ، لون ڈاکیومنٹ اور سوشل سیکیورٹی کارڈ کی بھی کسی دوسری جگہ آپ کے پاس دستاویزی کاپیاں لازمی محفوظ ہونی چاہئیں۔

ریٹائرمنٹ کی منصوبہ بندی

اگر آپ کیریئر کے ابتدائی مراحل میں ہیں تو یہ نہ سوچیں کہ ریٹائرمنٹ کی منصوبہ بندی کے لیے ابھی یہ وقت بھی جلدی ہے۔ یہی مناسب وقت ہوتا ہے کہ کیریئر کی ابتدا سے ہی ریٹائرمنٹ کی منصوبہ بندی کرلی جائے۔ اس کی منصوبہ بندی کے لیے ماہرین کی جانب سے فراہم کیے گئے نکات آپ کے لیے سود مند ثابت ہوسکتے ہیں۔ مثلاً ایمرجنسی فنڈ آپ کےپاس موجودہونا چاہیے، قرض لینے کی شرح کم سے کم کردیں، آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ ریٹائرہونے کے بعد آپ کو کن چیزوں کی ضرورت درپیش ہوگی، ریٹائر منٹ کے بعد آپ کتنی پینشن کے حقدار ہوں گے، تخمینہ لگائیں کہ آپ کی مجموعی ملکیت کتنی ہے وغیرہ وغیرہ۔

مختلف طریقوں سے کی گئی سرمایہ کاری

ماہرین سرمایہ کاری کو ویلتھ مینجمنٹ کے لیے ضروری تصور کرتے ہیں۔ ان کے مطابق سرمایہ کاری کے نام پر علیحدہ کی گئی رقم مستقبل کی ضمانت تصور کی جاتی ہے۔ یہ سرمایہ کاری مختلف طریقوں سے کی جاسکتی ہے مثلاًجائیداد، جیولری، بینک اکاؤنٹس، بانڈز،بچت کی مختلف اسکیموں کی صورت میں۔ اس کے علاوہ سرمایہ کاری کی ایک صورت تجارت بھی ہے مثلاً اثاثہ جات کی خریدوفروخت، مضاربہ کمپنیز، میوچل فنڈزاور انویسٹمنٹ ٹرسٹ وغیرہ۔یہ تمام طریقہ کا ر آپ کی دولت منظم کرنے کے لیے بہترین ٹول تصور کیے جاتے ہیں۔

تازہ ترین