• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کرکٹ میچ کی تاریخ اور ریکارڑز 


پہلا ویمن ورلڈکپ مینز کرکٹ سے دو سال قبل کھیلا گیا،پاکستان کی کرکٹر ساجدہ شاہ دو عالمی ریکارڈ کی حامل ہیں سب سے زیادہ عالمی کپ جیتنے کا ریکارڈ آسٹریلیا اور ایشین کپ میں دس وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز پاکستان کے پاس ہے۔

کرکٹ کا کھیل 16ویں صدی میں متعارف ہواجب کہ خواتین میں یہ کھیل اٹھارویں صدی میں رائج ہوا۔ پہلا خواتین کرکٹ میچ انگلینڈ میں مقامی سطح پر 1745میں کھیلا گیا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ جو بین الملکی تھا، سڈنی کے گراؤنڈ میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ کرکٹ کا پہلا عالمی کپ ٹورنامنٹ ،مردوں کے ورلڈ کپ سے دوسال قبل منعقد ہوا تھا۔ اس کے باوجود خواتین کرکٹ ، کھیلوں کے حلقوں اور ذرائع ابلاغ میں وہ مقام حاصل نہیں کرسکی جس طرح کی پذیرائی مردوں کی کرکٹ ٹیم کو ملی ہے۔ 1970ء میں لارڈز میں ایم سی سی نے روایتی کرسمس کوچنگ کلاسز شروع کی جن میں کرکٹ کے کھیل سے متعلق کلاسیں بھی تھیں۔ ان میں’’چیلے تھم‘‘ ویمنز کالج کی طالبات سین دیویز اور سیلی سلودی نے خصوصی طور سے شرکت کی جس کے بعد اس کھیل کا کاؤنٹیز کی سطح پر باقاعدہ آغاز ہوا۔ خواتین کرکٹ کی ابتدا سے اب تک جو عالمی ریکارڈبنے اور جو دل چسپ و تاریخی واقعات رونما ہوئے، ذیل میں ان کا تذکرہ نذر قارئین ہے۔

تاریخ کا پہلا کرکٹ میچ

خواتین کرکٹ کی تاریخ کا پہلامیچ 1745میں سرے کے گراؤنڈ میں برطانیہ کی دو کاؤنٹیز،بریملے اور ہیمبلیڈون کے درمیان کھیلا گیا جسے دیکھنے کے لیے تماشائیوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی۔

برطانوی کرکٹ ٹیم کا پہلا غیرملکی دورہ

برطانیہ کی ٹیم دنیا کی پہلی ٹیم ہے جس نے 1934میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا دورہ کرکےکرکٹ کی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا، اس میچ میں انگلینڈکی ٹیم فاتح رہی۔

ٹیسٹ کرکٹ کی ابتدائی ٹیمیں

برطانوی، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا، ویمن ٹیسٹ اسٹیٹس کی حامل ابتدائی ٹیمیں تھیں اور یہ اعزاز انہیں 1960تک حاصل رہا۔

سب سے زیادہ کرکٹ میچ

ویمن کرکٹ کے سب سے زیادہ میچ برطانیہ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان منعقد ہوئے۔

محدود اوورز کے میچوں کا آغاز

فرسٹ کلاس میچوں میں محدود اوور کرکٹ کا آغاز 1962میں خواتین کے کرکٹ میچوں سے ہوا جب کہ مردوں کی ٹیم کا پہلا ایک روزہ میچ اس کے چھ سال بعد 1971میں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جو ساٹھ اووز پر مشتمل تھا۔

بیٹس وومین یا’’ بیٹر‘‘

خواتین کرکٹ کے حلقوں کی طرف سے سب سے زیادہ اعتراضات کمنٹیٹر حضرات کی جانب سے ’’بیٹس وومین ‘‘ کے لفظ کے استعمال پر اٹھائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کرنے والی خاتون کرکٹر کے لیے ’’بیٹر‘‘ کے لفظ کا استعمال زیادہ مناسب ہے۔

ویمن عالمی کرکٹ الیون کا پہلا میچ

سہ ملکی ورلڈ ٹورنامنٹ سے دو سال قبل 1970میں عالمی کرکٹ الیون کا سہ ملکی بین الاقوامی میچ آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان منعقد ہوا۔ اس ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم بھی مدعو تھی لیکن جنوبی افریقی حکومت کی نسل پرستانہ پالیسیوں کی وجہ سے اس کا دعوت نامہ منسوخ کردیا گیا تھا۔

پیئر حاصل کرنے والی پہلی خاتون کپتان

آسٹریلیا کی کھلاڑی بلنڈا کلارک دنیا کی پہلی خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نےکپتان کی حیثیت سے ٹیسٹ میچ کھیلتے ہوئے دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوکر ’’پیئر‘‘ کا اعزاز حاصل کیا۔

ایک روزہ میچ میں ناٹ آؤٹ ڈبل سینچری اسکور کرنے والی پہلی بیٹس وومین

خواتین کرکٹ کی ایک روزہ تاریخ کی پہلی ڈبل سینچری آسٹریلین کرکٹر بلنڈا کلارک نے اسکورکی۔ انہوں نے1996کے ورلڈ کپ میں ڈنمارک کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 229ناٹ آؤٹ رنز اسکور کیے۔ اس کے ساتھ انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ مرد اور خواتین کرکٹ ٹیم کی واحدکرکٹر ہیں جنہوں نے کپتان کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے ڈبل سینچری بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

ہال آف فیم کے تین اعزازات کی حامل کرکٹر

بلنڈاکلارک وہ واحد کرکٹر ہیں جنہوں نے کرکٹ کے ہال آف فیم کے تین اعزازات حاصل کیے۔ 1997-98میں ان کا نام آئی سی ہال آف فیم میں آویزاں کیا گیا جب کہ 2011میں اسپورٹس آسٹریلیا ہال آف فیم اور 2014میں آسٹریلین کرکٹ ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔

ورلڈ کپ میں ناٹ آؤٹ سینچری کا عالمی ریکارڈ

برطانیہ کی شارلیٹ ایڈورڈ دنیا کی پہلی خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے بھارت میں منعقد ہونے والے ورلڈ کپ 1996میں 173ناٹ آؤٹ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا۔

دنیا کی سب سے کم عمر خاتون کرکٹر

پاکستان کی ساجدہ شاہ کو دنیا کی سب سے کم عمر خاتون کرکٹر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے جولائی 2000میں ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف ایک روز ہ اور ٹیسٹ میچز سے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز کیا، اس وقت ان کی عمر صرف 12سال تھی۔ اس طرح وہ مرد و خواتین کرکٹ کی سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔

خواتین کرکٹرز کے ریکارڈ اور دل چسپ واقعات
ساجدہ شاہ

انتہائی کمر عمری میں ، کم رنز کے عوض زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ

پاکستان کی ساجدہ شاہ دنیا کی واحد بالر ہیں جنہوں نے صرف پندرہ سال کی عمر میں کم رن دے کرسب سے زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈبنایا ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ جولائی 2003میں ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈم میں انٹرنیشنل ویمن کرکٹ کونسل ٹورنامنٹ کے ٹرافی میچ میں جاپان کی کرکٹ ٹیم کے خلاف بالنگ کراتے ہوئے انجام دیا۔ انہوں نے صرف 4رنز دے کر جاپان کی سات بیٹس وومین کو آؤٹ کرنے کا ایساکارنامہ انجام دیا جو کرکٹ کی مرد و خواتین کی تاریخ میں ہمیشہ ناقابل شکست رہے گا۔

بھارتی ویمن کرکٹ کی تاریخ کی پہلی ناٹ آؤٹ سنچری

بھارت کی جیا شرما وہ پہلی خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے 2006میں بھارت میں منعقد ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں 138ناٹ آؤٹ رنز بنا کر بھارت کی ناٹ آؤٹ سینچری بنانے والی پہلی خاتون کرکٹر کا اعزاز حاصل کیا۔

سب سے زیادہ کرکٹ عالمی کپ کی میزبانی کرنے والے ملک کا اعزاز

بھارت کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے خواتین عالمی کپ کے دس میں سےتین ٹورنامنٹ کا انعقاد اپنی سرزمین پر کرایا، جب کہ دیگر ٹورنامنٹس باقی پانچ ممالک میں منعقد ہوئے۔

سب سے زیادہ عالمی کپ جیتنے والے ملک کا اعزاز

آسٹریلیاکی ویمن کرکٹ ٹیم نے اب تک ہونے والے دس میں سے چھ عالمی کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیاہے۔

عالمی کپ جیتنے کی ہیٹ ٹرک

آسٹریلیا ویمن کرکٹ ٹیم نے2010,2012اور 2014میں لگاتار تین ویمن کرکٹ ورلڈ کپ جیت کر پہلی ہیٹ ٹرک بنائی۔

رنر اپ ٹیم کی ہیٹ ٹرک

برطانیہ کی خواتین کرکٹ نے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں تین مرتبہ رنر اپ رہنے کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

ایشین کپ جیتنے کی ہیٹ ٹرک

بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم کو ایشین ٹورنامنٹ کے لگاتار تین کپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے اس طرح وہ ہیٹ ٹرک کرنے والی ایشیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے جب کہ 2004کا ایشین کپ جیتنے کا اعزاز بھی بھارت کے پاس ہے۔

چار مرتبہ بھارت سے ایشیا کپ میں شکست کھانے کا اعزاز

سری لنکا ویمن کرکٹ ٹیم کو بھارت سے ایشیا کپ کے چار ٹورنامنٹ ہارنے کا اعزاز حاصل ہے۔

ایک اننگ میں سب سے زیادہ وکٹیں

بھارتی کرکٹر نیتو ڈیوڈ وہ پہلی خاتون بالر ہیں جنہوں نے1995میں ناگ پور ٹیسٹ برطانیہ کے خلاف بہترین بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 53رنز کے عوض 8وکٹیں لیں۔

ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑ ا اسکور

1997میں ’’ہیرو ویمن ورلڈ کپ‘‘ کے گروپ اے کا ایک میچ مڈل انکم گروپ گراؤنڈ، باندرہ، ممبئی میں منعقد ہوا، اس میں آسٹریلیا کی ٹیم ڈنمارک کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کے نقصان پر 412رنز بناکر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔اس کے جواب میں ڈنمارک کی ٹیم صرف 49رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ویمن ورلڈ کپ کی تاریخ کا مختصر ترین اسکور

ویمن کرکٹ کی تاریخ میں ورلڈ کپ میں سب سے کم اسکور کا عالمی ریکارڈ پاکستان کے پاس ہے۔ 1997میں آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے ویمن کرکٹ ورلڈ کے موقع پر میلبورن کے ویسلے کرکٹ گراؤنڈ میں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان گروپ میچ کھیلا گیا۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گرین شرٹس کو جیت کے لیے 398رنز کا ہدف دیا، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 23کے معمولی اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔ اس میں چار بلے بازوں نے صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ قائم کیا۔ یہ عالمی کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا مختصر ترین اسکور ہے، کم ترین اسکور کا عالمی ریکارڈ نیوزی لینڈ کی مینز ٹیم کے پاس ہے۔

تھرڈ ایمپائر کے بغیر عالمی کپ کے میچ کا انعقاد

جون 2017میں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کا ایک میچ جو ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا وہ تھرڈ ایمپائر کے بغیر ، دوفیلڈ ایمپائرز کی نگرانی میں کھیلا گیا۔ اس میں کئی فیصلے متنازع تھے۔ یہ ورلڈ کپ کی تاریخ کا پہلا میچ تھا جو ٹی وی ایمپائر کے بغیر منعقد ہوا۔

پاکستان قومی ویمن کرکٹ ٹیم دو بہنوں کی جدوجہد کا نتیجہ

پاکستان کرکٹ ٹیم کا قیام دو بہنوں شازیہ خان اور شرمین خان کی جدوجہد کے نتیجے میں 1996میں عمل میں آیا۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی پہلی کپتان

شازیہ خان کو پاکستان کی ویمن قومی ٹیم کی پہلی کپتان ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

پاکستان ویمن کرکٹ کی تاریخ کا پہلا میچ

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز نیوزی لینڈ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیل کر کیا جس میں اسے تمام میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا ورلڈ کپ میچ

پاکستان کرکٹ ٹیم نے اپنے قیام کے فوری بعد، پہلا ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 1997میں بھارت میں کھیلا، جس میں وہ کوئی بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی، اس کے بعد22سال تک قومی ٹیم کسی بھی عالمی کپ ٹورنامنٹ میں کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔ 2009سے 2017تک وہ عالمی کپ کا کوئی میچ بھی نہیں جیت سکی جب کہ 2009سے 2016تک اس نے پانچ ٹی ٹوئنٹی عالمی ٹورنامنٹس کے سترہ میچ کھیلے جن میں سے صرف چار میچ ہی جیت سکی۔

خواتین کرکٹرز کے ریکارڈ اور دل چسپ واقعات
ثنا میر

ثنا میر کا قومی ریکارڈ

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ثنا میر قومی کرکٹ کی تاریخ کی پہلی خاتون کرکٹر ہیں جنہوں نے ایک سو سے زیادہ میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے کیریئر کا 100واں میچ کھیلا ۔

دس وکٹو ں سےمیچ جیتنے کا ایشین ریکارڈ

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے2010میں ایشین گیمز کے ابتدائی میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم کو دس وکٹوں سے شکست سے ہم کنار کرکے نیا ایشین ریکارڈ قائم کیا۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان ویمن ٹیم نے پہلی مرتبہ سونے کا تمغہ جیتا۔

کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی سیاسی عدم استحکام کی بھینٹ چڑھ گئی

2007میں پاکستان کو پہلی بار 2009کے ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ میچوں کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا لیکن ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے یہ فرائض جنوبی افریقہ کو تفویض کردیئے گئے۔

ورلڈ کپ میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے کی ہیٹ ٹرک

سری لنکا کی خاتون کرکٹر تھانوگا ایکا نائیک نے 1997کے ورلڈ کپ کے تین گروپ میچوں میں صفر پر آؤٹ ہوکر عالمی کپ کا انوکھا ریکارڈ قائم کیا۔

بھارت کی ویمن کرکٹ ٹیم کا قیام

بھارت میں 1973میں ویمنز کرکٹ ایسوسی ایشن قائم کی گئی جسے 2006میں بورڈ آف کرکٹ کنٹرول انڈیا میں ضم کردیا گیا۔

خواتین کرکٹرز کے ریکارڈ اور دل چسپ واقعات
ویمن ان بلیو

ویمن ان بلیو

بھارت کی ویمن کرکٹ ٹیم کو ’’ویمن ان بلیو‘‘ بھی کہا جاتا ہے ۔

ایک روزہ میچز کی ناقابل شکست ٹیم

بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ اب تک ایک روزہ میچوں میں پاکستان، بنگلہ دیش، آئرلینڈ اور ہالینڈ کے مقابلے میں ناقابل شکست ہے۔

کم رن پر زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی دوسری بالر

کم رنز پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ تو پاکستانی بالر ساجدہ شاہ کے پاس ہے لیکن بھارت کی بالر ممتا میبن 10رنز کے عوض 6وکٹیں لینےوالی دنیا کی دوسری خاتون کرکٹر بن گئی ہے۔یہ کارنامہ انہوں نے سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران انجام دیا۔

ایک روزہ میچوں کی سب سے طویل شراکت

بھارتی خواتین بلے باز، دیپتی شرما اورپونم روت نے ایک روزہ میچوں میں سب سے لمبی شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ مئی2017 میں سری لنکا میں ہونے والی چارملکی ٹرافی کے میچ میں انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 320رنز کی طویل شرا کت کا ریکارڈ بنایا۔

خواتین کرکٹرز کے ریکارڈ اور دل چسپ واقعات
متالی راج

سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ

بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان متالی راج، جولائی 2017ء میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی پہلی عالمی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس سے سب سے زیادہ اسکور کرنے کا ورلڈ ریکارڈ، برطانیہ کی بیٹس وومین، شارلیٹ ریڈورڈ کے پاس تھا۔ متالی راج کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ 1999میں اپنے ایک روزہ کیریئر کے ڈیبیو میچ میں سینچری اسکور کرنے والی دنیا کی پانچویں خاتون کرکٹر ہیں جب کہ انہوں یہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ اپنے سات سالہ کیریئر میں کبھی بھی صفر پر آؤٹ نہیں ہوئیں۔

کرکٹ میچ کھیلنے سے قبل جلال الدین رومی کی سوانح عمری کا مطالعہ

بھارتی کرکٹر متالی راج کے متعلق مشہور ہے کہ وہ بیٹنگ کے لیے جانے سے قبل جلال الدین رومی کی سوانح عمری کا مطالعہ کرتی ہیں۔

سب سے زیادہ نروس نائنٹیز کا شکار ہونے والی بلے باز

متالی راج دنیا کی واحد خاتون بیٹر ہیں جو پانچ مرتبہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئیں۔

سات مرتبہ قومی چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز

ثنا میر پاکستان کی واحد کرکٹر ہیں جن کی قیادت میں ان کی ڈومیسٹک ٹیم نے سات مرتبہ قومی چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ واحد خاتون کرکٹر ہیں جنہیں تمغہ امتیازاور چار ملکی ٹورنامنٹ میں وومین آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

خواتین کرکٹرز کے ریکارڈ اور دل چسپ واقعات
ثنا میر

سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی پاکستانی بالر

ثنا میر جو آئی سی سی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہیں، 107 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرکے قومی ٹیم کی پہلی اور دنیا کی چوتھی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بالر بن گئی ہیں۔

پاکستانی ویمن ٹیم کی فتوحات کی ہیٹ ٹرک

خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ ورلڈ کپ میں لگاتار شکست کا ریکارڈ قائم کرنے کے بعد2010،2012اور 2014میں دو ایشین گیمزکے مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے کے علاوہ ایشین کرکٹ کپ جیت کرفتوحات کی ہیٹ ٹرک بنائی۔

خواتین کرکٹرز کے ریکارڈ اور دل چسپ واقعات
جھولان گواسوامی

ایک روزہ میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ

بھارتی خاتون بالر جھولان گواسوامی نے چار ملکی ایک روزہ میچوں کے دوران جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں181وکٹیں لے کر نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔ اس سے قبل آسٹریلین بالر کیتھرین فٹزپیٹرک کا 180 وکٹوں کا تھا۔

تازہ ترین
تازہ ترین