• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رینجرز آپریشن کے بعد پراپرٹی کے کاروبار میں تیزی کا رجحان، سٹہ باز بھی میدان میں آگئے

کراچی(رپورٹ /رفیق بشیر)ٍشہر میں رینجرز کے آپریشن کے بعد پراپراٹی کے کاروبار میں تیزی کا رجحان ہے، جبکہ اس دوران سٹہ باز بھی میدان میں آگئے ہیں ،،پراپرٹی کا زیادہ کاروبار اور لین دین سپر ہا ئی وے کے اطراف میں واقع ہاؤسنگ اور تجارتی منصوبوں میں ہورہا ہے جس کی وجہ سپر ہائی وے کو موٹر وے اور ایکسپریس وے میں تبدیل کرنے کے علاوہ دوبڑے منصوبوں بحریہ ٹاؤن اور ڈی ایچ اے سٹی ہے ، ڈی ایچ اے سٹی اور بحریہ ٹاؤن میں تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہیں جس کے پراپرٹی کے کاروبار پر مثبت اثرات نمایاں ہورہے ہیں ، اس کے علاوہ سپر ہائی وے کو موٹر وے اور ایکسپریس وے میں تبدیل کرنے کے پراپرٹی کے کاروبارپر مثبت اثرات آرہے ہیں ، سپرہائی وے پر تیزی سے موٹر وے اور ایکسپریس وے کے ترقیاتی کاموں کے باعث ہائی وےکے اطراف میں تجارتی اور ہاؤسنگ پروجیکٹ میں نہ صرف لوگ خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں بلکہ قیمتیں بھی تقریباً دوگنی ہوچکی ہیں ،ملیر کینٹ کے قریب جناح ایونیو روڈ پر بھی درجنوں پروجیکٹ مارکیٹ میں آچکے ہیں جن کی بکنگ بھی جاری ہے اسطرح شہر کے دیگر مقامات پر وہ پروجیکٹ جن کو’’ڈیڈ ‘‘ پروجیکٹ کہا جارہا تھا بحالی کی جانب گامزن ہیں ، پراپرٹی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں زیادہ تر خریدار وہ ہیں جو اپنی رقم بینکوں سے نکلوا کر پراپرٹی میں لگا رہے ہیں ، ڈیلرز کا کہنا ہے کہ جن لوگوں نے بینکوں میں سرمایہ رکھا ہوا تھا انہوں نے شہر میں سود کے حوالے جاری مہم کے بعد اپنا سرمایہ پراپرٹی میں لگا دیا ہے ، کاروبار میں تیزی آنے کے بعد شہر میں اسٹیٹ ایجنسیاں بھی بننا شروع ہوگئی ہیں ، پراپرٹی ڈیلرز کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے پر ترقیاتی منصوبوں اور شہر میں رینجرز کی جانب سے آپریشن کے بعد جو ماحول پر سکون ہوا ہے اس کے بعد پراپرٹی کے کاروبار میں تیزی آئی ہے ، ایک ڈیلر کا کہنا تھا کہ سپر ہائی وےکی ہاؤسنگ سوسائٹیزمیں 120گز کا پلاٹ ایک لاکھ میں فروخت نہیں ہوتا تھا اب اس کی قیمت بھی دو لاکھ سے زائد ہوگئی ہے ڈیلر کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کے بعد یہ بات کہی جاسکتی ہے پراپرٹی کی قیمتیں دوگنی ہوچکی ہے، ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پراپرٹی میں تیزی آنے کے بعد سٹہ باز بھی مارکیٹ میں آگئے ہیں اور سٹہ بازوں نے بھی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ایک سرمایہ کار مارکیٹ سے 50 سے زائد پلاٹوں کی فائلیں خرید کر اس پر سٹہ کھیل رہا ہے اس صورتحال پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ سٹہ باز بھی مارکیٹ میں خوب سرمایہ کاری کررہےہیں ، مارکیٹ ذرائع کے مطابق ہاکس بے میں واقع ہاؤسنگ اور تجارتی منصوبوں میں بھی بہتری آئی ہے ، پہلے لیاری گینگ وار کے باعث ہاکس بے کے تقریباً تمام منصوبے لفظ‘‘ڈیڈ‘‘ کے زمرے میں آگئے تھے لیکن اب ہاکس بے پر بھی ہاؤسنگ اور تجارتی منصوبوں میں خرید وفروخت شروع ہوگئی ہے ، ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے چائنا کٹنگ ، قبضہ مافیا اور لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کے پراپراٹی پر مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں ، ڈیلرز کا کہنا ہے کہ شہرپراپرٹی کی خرید وفروخت تو پورے شہر میں ہورہی ہے لیکن زیادہ خرید و فروخت سپر ہائی وے پر واقع رہائشی اور تجارتی منصوبوں میں ہورہی ہے ،ڈیلرز کا کہنا ہے کہ وہ لوگ جو اپنی بلیک منی کو وائٹ منی کرنا چاہتے ہیں انہوں نے بھی پراپراٹی کے کاروبار میں پھر سرمایہ کاری شروع کردی ہے ۔
تازہ ترین