• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھاد سیکٹر کیلئے 5 ارب 85 کروڑ کی سبسڈی منظور

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس سبسڈی کی مد میں کھاد سیکٹر کو 5 ارب 85 کروڑ روپے کی ادائیگی کی منظوری دے دی۔

مشیرِ خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا، جس میں نان ریذیڈنٹ کمپنیوں کے لیے ٹیکس طریقہ کار آسان بنانے کی تجاویز منظور کی گئی۔

اجلاس میں تمباکو پر سیس ریٹ برائے 2019ء-2020ء پر نظرثانی کی بھی منظوری دے دی گئی۔

اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے گیس سبسڈی کی مد میں کھاد سیکٹر کو 5 ارب 85 کروڑ روپے ادا کرنے کی منظوری دی۔

ای سی سی کو ملک میں گندم کے ذخائر کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ملک کے اکثر حصوں میں گندم کی قیمت میں استحکام ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی جیسے مقامات پر گندم اور آٹے کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس پر اجلاس میں کہا گیا کہ نیشنل فوڈ سیکیورٹی گندم کی صورتِ حال پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے اور گندم اور آٹے کی قیمت میں اضافے کو کنٹرول کرے۔

ای سی سی کے مطابق زیرو ریٹیڈ برآمدی صنعت کے لیے 7 اعشاریہ 5 سینٹ فی یونٹ بجلی کی منظوری دی گئی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ نیلم جہلم سرچارجز، فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافہ برآمدی صنعت نہیں دے گی۔

اعلامیے یہ بھی کہا گیا کہ خیبر پختون خوا کے تیل و گیس کے اضلاع میں گیس نیٹ ورک کے لیے معاملہ ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کو ارسال کیا گیا ہے۔

تازہ ترین