• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ 11سال میں کراچی پر توجہ نہیں دی گئی، وزیر قانون

گزشتہ 11سال میں کراچی پر توجہ نہیں دی گئی، وزیر قانون


وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے گزشتہ گیارہ سال میں کراچی کے مسائل پر توجہ نہیں دی گئی شہر کو بچانا ہے تو جلد مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنا ہوں گے۔

وزیر قانون فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ تمام آئینی وقانونی آپشنز کراچی کے لیے استعمال کیے جائیں گے، کراچی کو بچانا ہے تو جلد مسائل مستقل بنیادوں پر حل کرنا ہوں گے۔

کراچی کے بڑھتے ہوئے مسائل اور گندگی کے ڈھیر لگنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے ایک اور کمیٹی بنادی ہے، گندگی کے ڈھیر پر علی زیدی کی کلین کراچی اور میئر کراچی وسیم اختر کی کوششوں کے بعد وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر کراچی اسٹریٹیجک کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کی کراچی کمیٹی نے کراچی کی انتظامی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کام شروع کردیا ہے،کمیٹی کے سربراہ و فاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی قیادت میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے چھ چھ اراکین سر جوڑ کر بیٹھ گئے، وفاقی حکومت کی کمیٹی کراچی میں انتظامی مسائل کے لیے سفارشات مرتب کرے گی۔

حکام کے مطابق کمیٹی وفاق، صوبائی اور بلدیاتی حکومت کو قانون کے تحت دائرہ کار میں لاتے ہوئے اقدمات کرئے گی۔

کمیٹی کے اجلاس کراچی کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی ہوں گے جس میں اراکین کراچی کے شہریوں کو صاف شفاف ماحول دینے کے اقدامات کریں گے۔

ددسری جانب کراچی کے مسائل پر بنائی گئی کمیٹی میں سندھ کی حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی نمائیندگی سرے سے نظر ہی نہیں آئی۔

تازہ ترین