• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف اے ٹی ایف، ایشیا پیسفک گروپ اجلاس کا دورسرا دن ختم

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ایشیا پیسفک گروپ (اے پی جی) کے بینکاک اجلاس کے دوران حماد اظہر کی قیادت میں پاکستانی وفد نے شرکت کی۔

پاکستان کے 15رکنی وفد نے اجلاس کے شرکاء کو پاکستان کی جانب سے کالعدم تنظیموں کی سرگرمیاں اور اثاثے منجمد کرنے پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں پاکستان کے منی لانڈرنگ، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے اقدامات کاجائزہ لیا گیا، پاکستانی وفد نے ایشیا پیسفک گروپ اجلاس کے پہلے روز کی کارروائی میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں ایشیا پیسفک گروپ کی جانب سے پاکستان کے لیے127 سوالات کے جوابات پر بحث کی گئی۔

ذرائع کے مطابق زیادہ تر سوالات کالعدم تنظیموں کی مبینہ بلیک مارکیٹ میں سرمایہ کاری سے متعلق تھے۔

اے پی جی نے موقف اختیار کیا کہ کالعدم تنظیمیں سونے اور رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔

اجلاس میں کالعدم تنظیموں کے ان شعبوں میں سرمایہ کاری روکنے کے اقدامات پر بحث جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیموں کے اثاثہ جات پر حکومتی کنٹرول پر بھی سوالات کیے گئے،اس حوالے سے صوبوں اور مرکز کا باہمی تعاون بھی زیر بحث آیا۔

ایشیا پیسفک گروپ کا تین روزہ اجلاس 11ستمبر تک جاری رہے گا، ذرائع کے مطابق اجلاس کے خاتمے پر پاکستان کے جوابات کی روشنی میں اے پی جی اپنی رپورٹ ایف اے ٹی ایف کو بھجوائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد نے امید ظاہر کی ہے کہ اے پی جی، ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے حق میں سفارشات بھجوائے گا۔

تازہ ترین