• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

او آئی سی کا بھارت سے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ


اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) نے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور بدترین بندشوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارت سے کرفیو ختم کرنے اور مواصلاتی رابطے بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

اسلامی تعاون تنظیم کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کے مظالم سے ایک لاکھ سے زائد معصوم کشمیری شہید ہوچکےہیں، تنظیم نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت سے کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

او آئی سی نے عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنانے اور کشمیریوں سے کیے گئے  وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

او آئی سی کے ہیومن رائٹس کمیشن کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوچکی ہے، مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے ساتھ انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں اور انسانیت سوز سلوک کیا جا رہا ہے، بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں شہری حقوق بحال کرائے۔

تازہ ترین