• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نان ٹیکنیکل کو اے ایف سی ورکشاپ میں بھیجنا مذاق ہے، ناصر اسماعیل

پاکستان فٹ بال کے سابق کوچ ناصر اسماعیل نے کہا ہے کہ نان ٹیکنیکل فہد خان کو ڈائریکٹر ریفرنگ ورکشاپ میں شرکت کے لیے کوالالمپور بھیجنا پاکستانی فٹ بال کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے۔

دوسری جانب پاکستان فٹ بال فیڈریشن (فیصل صالح حیات گروپ) کے سیکریٹری کرنل (ر) احمد یار کا کہنا ہے کہ ہم نے اے ایف سی کی ہدایت کے مطابق اہل شخص کو ورکشاپ میں بھیجا ہے۔

سابق کوچ ناصر اسماعیل نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سابق صدر فیصل صالح حیات کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے من پسند شخص نوازنا قرار دیا ہے۔

ناصر اسماعیل کا کہنا ہے کہ فیصل صالح حیات فیفا اور اے ایف سی سے ملنے والی فنڈنگ میں کرپشن کے مبینہ الزامات کے ہنوز جواب دہ ہیں۔ وہ من پسند اور قریبی ساتھیوں کو اہل اور مستحق افراد پر ترجیح دے کر فٹبال کے کھیل سے اپنی محبت کا واضح ثبوت پیش کرتے نظر آتے ہیں۔

اے ایف سی ممبر ایسوسی ایشن کا دو روزہ ورکشاپ کوالالمپور میں 9 اور  10ستمبر منعقد ہوا۔ اس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے فہد خان، سابق انٹی گریٹی آفیسر، پاکستان فٹبال فیڈریشن کا انتخاب کیا گیا جو ریفرنگ تو کجا فٹبال کی ابجد سے بھی واقف نہیں جن کی فٹبال کی تکنیک یا ریفرنگ کی معلومات صفر ہیں۔ ایسے شخص کو فیصل صالح حیات نے فیفا ریفری/ ٹیکنکل ڈائریکٹر یا سینئر ریفری پر ترجیح دے کر مذکورہ کورس کیلئے کوالالمپور روانہ کیا۔

ذاتی پسند اور اقرباپروری کی بنیاد پر فہد خان جیسے شخص کو غیر ملکی دورہ کرانا اور ان کے ٹی اے/ ڈی اے کے حصول کو یقینی بنانا ہے۔

احمد یار نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے جنگ کو بتایا کہ فہد خان گزشتہ ڈیڑھ سال سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ریفرنگ ڈپارٹمنٹ کو دیکھ رہے ہیں، یہ پڑھے لکھے قابل شخص ہیں، اس لئے انہیں اے ایف سی کی ریکوائرمنٹ کے مطابق بھیجا گیا ہے۔

تازہ ترین