• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاب مارکیٹ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ماہرین نوجوانوں کو انٹرپرینیور (اپنے کاروبار کا آغاز کرنا) بننے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق، ہمیں نوجوانوں کو نوکریوں کا انتظار کروانے کے بجائے ان کا رجحان انٹرپرینیورشپ کی جانب مبذول کروانا چاہیے تاکہ وہ نوکری کرنے والوں کے بجائے نوکریاں دینے کے اہل ہوجائیں۔ کامیاب انٹرپرینیور بننے کے لیے صلاحیتوں کی کوئی حد مقرر نہیں اور نہ ہی یہ لازمی ہےکہ آپ کے پاس کسی نامور یونیورسٹی کی ڈگری یا بینک میں خطیر رقم اور کئی سالوں کا کاروباری تجر بہ موجود ہو۔ ان سب باتوں کے برعکس آپ کو مناسب منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، جس پر چلتے ہوئے آپ اپنے اہداف مکمل کرسکیں۔ اگر آپ بھی انٹرپرینیور بننا چاہتے ہیں لیکن آغاز کے حوالے سے پریشان ہیں تو آج کا مضمون آپ کی رہنمائی کرے گا۔ اپنے خیالات کو ایک کامیاب کاروبار میں تبدیل کرنے کے لیے درج ذیل تجاویز پر عمل کریں ۔

اپنی قدروقیمت کا اندازہ لگائیں

سب سے پہلے اس سوال کا جواب جاننے کی کوشش کریں کہ آپ کاروبار کیوں کرنا چاہتے ہیں؟ اس کے بعد اس بات کا فیصلہ کریں کہ آپ کس قسم کا کاروبار شروع کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں؟ خود سے پوچھے گئے اسی طرح کے چند مزید سوالات کاروبار کا آغاز کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

٭ کیا آپ ایک انٹرپرینیور بننے کیلئے تیار ہیں؟

٭ آپ کے پاس ہنر کیا ہے؟

٭ ناکامی کی صورت آپ کتنا نقصان برداشت کرسکیں گے؟

٭ آپ کو کتنے سرمایہ کی ضرورت پڑے گی؟

٭ آپ کس قسم کے طرزِ زندگی کی خواہش رکھتے ہیں؟

٭ آپ کا جذبہ کتنا ہے؟

ان تمام سوالات کے جواب نہایت ایمانداری کے ساتھ تلاش کریں کیونکہ یہ جوابات کاروبار کا آغاز کرنے اور اسے بہتر انداز میں چلانے کے لیے آپ کی رہنمائی کریں گے۔

آئیڈیا پر غورو فکر

اگر آپ کے پاس ایک بہترین کاروبار کا ’آئیڈیا‘ ہے تو آپ اگلے مرحلے میں قدم رکھ سکتے ہیں لیکن اگر آپ کے پاس بزنس آئیڈیا نہیں ہے تو برین اسٹورمنگ (Brainstorming) کے ذریعے پہلے آپ کو آئیڈیا تلاش کرنا ہوگا۔ یہ جاننے کی کوشش کریں کہ مستقبل کن چیزوں کی جانب رُخ کرے گا یا کوئی ایسا آئیڈیا جو فوری لوگوں کی توجہ کا مرکز بن سکے۔ دوسری جانب ایسے پیشہ ور افرا د سے بھی رہنمائی حاصل کریں جوآپ کی مہارتیں جانتے ہوئے اور اس کے مطابق آپ کو بزنس آئیڈیاز دے سکیں۔

مارکیٹ ریسرچ کریں

آپ جس کاروبار کی شروعات کرنا چاہتے ہیں کیا مارکیٹ میں اس طرز کا کاروبار پہلے سے موجود ہے؟ اگر ہے تو پھر آپ کو اپنے ممکنہ حریفوں اور شراکت داروں پر تحقیق کرنے کی ضرورت ہے۔ مارکیٹ ریسرچ کے دوران آپ ایک سروے پیپر بھی تیار کرسکتے ہیں، جس میں کسی چیز کی خریداری کے دوران زیر غور آنے والے عوامل اور کسی پراڈکٹ کو بہتر بنانے سے متعلق رائے دینے کے سوالات درج کیے جاسکتے ہیں۔

’’فیڈ بیک‘‘ جانیں

اگر آپ کسی پراڈکٹ کی تیاری سے اپنے کاروبار کا آغاز کرناچاہتے ہیں تو اس پراڈکٹ سے متعلق لوگوں کی رائے یا رد عمل جاننے کی کوشش کریں۔ ایک صارف ہی پراڈکٹ میں موجود خامیوں کی درست طورپر نشاندہی کرسکتا ہے، جن کے بارے میں جان کر آپ مستقبل میں اپنے پراڈکٹ کو ان خامیوں سے محفوظ بنانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہی لوگ آگے چل کر آپ کے اولین برانڈ ایڈوائزر بن سکتے ہیں، اگر آپ ان کی تجاویز شامل کریں گے تو یقیناًیہ عمل آپ کی پراڈکٹ کی فروخت میں اضافے کا باعث بنے گا۔

پیشہ ورانہ طریقہ کار اپنائیں

کاروبار کے آغاز میں ہی تمام تر قانونی پہلوؤں کو مد نظر رکھیں، یہ طریقہ کار آپ کے کاروباری خیال کو بھی تمام تر مشکلا ت سے محفوظ رکھے گا۔ اس حوالے سے چند باتیں اپنی چیک لسٹ میں شامل کرنے کی کوشش کریں ۔

٭ بزنس اسٹرکچر (کارپوریشن، شراکت دار یا چند افراد کے نام شامل کریں )۔

٭ کاروبار کا نام، کاروبار کی رجسٹریشن، ٹیکس آئی ڈی، پرمٹ، ضروری بینک اکاؤنٹ، ٹریڈ مارک اور کاپی رائٹ وغیرہ کے لیے کوشش کریں، ان میں بعض چیزیں آپ ذاتی طور پر بھی حاصل کرسکتے ہیں تاہم بعض کیلئے آپ کو وکیل کی ضرورت ہوگی۔

بزنس پلان ترتیب دیں

بزنس پلان دراصل ایک تحریری دستاویز ہوتی ہے۔ اس پلان میں کاروباری مقاصد ، حکمت عملی ،ٹارگٹ مارکیٹ اور مالی پیشگوئی جیسے نکات درج کیے جاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کسی بھی کاروبار کا آغاز کرنے کیلئے بزنس پلان ترتیب دینا ضروری ہے۔ یہ منصوبہ بندی آپ کو حقیقت پسندانہ اہداف کا تعین کرنے، سرمایہ کے حصول، بزنس کی پیمائش اور بزنس کو چلانے کیلئے ضروریات کی وضاحت جیسے عوامل کا تعین کرنے میں مدد دیتی ہے۔ بزنس پلان ترتیب دینے کے دوران آپ کو کاروبار چلانے اور اسے کامیاب بنانے کے تمام تر مراحل سے آگاہی ہوجاتی ہے۔

اچھی ٹیم کی تلاش

کسی بھی کاروبار کی کامیابی کیلئے ایک اچھی ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ کاروبار کے تمام امور نمٹانے کیلئے آپ کو اپنے علاوہ دیگر پیشہ ورانہ افراد کی بھی ضرورت محسوس ہوگی۔ ٹیم کے انتخاب کے وقت تین باتوں کا خاص خیال رکھیں مثلاً اپنے مقاصد واضح الفاظ میں بتادیں، ہائرنگ پروٹوکول پر عمل کریں اور مضبوط کمپنی کلچر کا قیام عمل میں لائیں۔

تازہ ترین