• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک اننگز میں 10 وکٹیں لینے والا پہلا پاکستانی کھلاڑی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کھلاڑی شاہد محمود پاکستان کے وہ پہلےباؤلر ہیں جنہوں نےایک اننگز میں10وکٹیں لینے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

شاہد محمود نے یہ اعزاز فرسٹ کلاس کرکٹ کے میچ میں کراچی وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے خیر پور کے خلاف حاصل کیا۔

5اور 6 ستمبر 1969 میں کراچی کےنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 3 روز میچ میں خیر پور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 93 رنز بنائے جس میں شاہد محمود 2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے ۔

کراچی وائٹس نے اپنی پہلی اننگز میں 295 رنز بنائے جس کے تعاقب میں خیر پور کی ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

17 مارچ 1939 کو لکھنؤ میں پیدا ہونے والے شاہد محمود نے خیر پور کے خلاف دوسری اننگز میں فرسٹ کلاس میچوں میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 25 اوورز میں 58 رنز کے عوض 10 وکٹیں حاصل کیں۔

بائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹسمین اورلیفٹ آرم میڈیم باؤلر شاہد محمود نے 1962 میں انگلینڈ کا دورہ کیا، وہ ناٹنگھم ٹیسٹ کے لئے ٹیم میں لائے گئے تھےتب تک وہ فارم سے باہر تھے اور کوئی بھی متاثر کُن کارکردگی پیش کرنے میں ناکام رہے تاہم فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاہد محمود نے ایک اننگز میں 10وکٹیں حاصل کرنے کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر رکھا ہے۔

1995میں فاسٹ باؤلر نعیم اختر نے راولپنڈی کی نمائندگی کرتےہوئے پشاور کے خلاف میچ میں 28 رنز دے کر 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے اسپنر ذوالفقار بابر بھی 2009 میں 10 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے۔

واضح رہے آج دس سال گزر جانے کے بعد کوئی بھی کرکٹر یہ اعزاز اپنے نام کرنے میں ناکام رہا ہے۔

تازہ ترین