• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ اور لندن کے درمیان قومی ائرلائن کا آغاز

وقار ملک ،لندن

سیالکوٹ اور لندن کے درمیان قومی ائرلائن پی آئی اے کی براہ راست ہفتہ وار پر واز کا آغاز ہوا تو عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، سیالکوٹ کے رہائشیوں نے دھمال ڈالا اور سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک اور قاضی سراج کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا ۔اس سلسلے کی پہلی پرواز پی کے 777 کے مسافروں کو وزیر اعظم کے مشیر عثمان ڈار، پی آئی اے کے ہیڈ آف سیکورٹی اینڈ ویجلینس ائر کموڈور شاہد قادر، ، چیئرمین سیال ندیم انور قریشی ،چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ر) محمد عابد نذیر، اسٹیشن مینیجر پی آئی اے طارق گلزار اور دیگر حکام لندن سے آنے والے مسافروں کو خوش آمدید کہا اور لندن جانے والوں کو الوداع کہا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پی آئی اے کا یہ دسواں نیا روٹ ہوگا۔

نئی فلائٹ کے حوالے سےوفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سیالکوٹ سے لندن کے لیے ہفتہ وار پروازیں آپریٹ کی جائیں گی،جس سے سیالکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں رہنے والے تارکین وطن کو بہت آسانی میسر آئے گی۔عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انھوں نے کہا کہ سیالکوٹ تا لندن پروازوں سے پی آئی اے کے ریونیو میں مزید اضافہ ہوگا اور پروازویں شروع ہونے سے بالخصوص کارگو بزنس کو فروغ ملے گا۔پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ ہماری یہ کوشش انشا اللہ کامیاب رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تعاون پر ہم وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان کے بہت مشکور ہیں ہم اس توقع کا اظہار کرتے ہیں کہ عوام ہماری اس کوشش کی حوصلہ افزائی کریں گے کیونکہ پی آئی اے پاکستان کا فلیگ ہے جو پوری دنیا میں پاکستان کی تشہیر کرتی ہے اس لیے پاکستانی اپنی ایئر لائین سے ہی سفر کو ترجیح دیں جبکہ وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے سیالکوٹ سے لندن پروازیں شروع کرنے پر مسافروں، پی آئی اے کارکنان، متعلقہ ایوی ایشن حلقوں اور سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کو مبارکباد پیش کی۔

دریں اثناء گزشتہ دنوں صبح ساڑھے 6 بجے لندن سے سیالکوٹ کی پہلی پرواز پی کے 778 پہنچی، جس کی آمد پر آبی توپوں کی سلامی دی گئی۔لندن سے کنٹری منیجر قاضی سراج نے بتایا کہ جب سے نئی انتظامیہ نے پی آئی اےکی باگ ڈور سنبھالی ہے ،ترقی کا دور شروع ہو گیا ہے ۔عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات میسر کی جا رہی ہیں پی آئی اے کے سی ای او نے( زیرو برداشت ) کی پالیسی اپنائی تاکہ غلطی سرزد نہ ہو اب ہر کارکن محنت لگن سے ملکی مفاد میں کام کرتا ہے۔ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کا درد رکھتی ہے، حکومت چاہتی ہے کہ اوورسیز کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کیں جائیں۔ آج سیالکوٹ سے فلائٹ کا آغاز ہو گیا ہے تاکہ اوورسیز اور سیاحوں کا پاکستان کے ساتھ رشتہ مضبوط کیا جائے،اب اوورسیز کا فرض بنتا ہے کہ اپنی قومی ایئر لائن سے ہی مستفید ہوں ،اسی کے ذریعے سفر کریں اگر پی آئی اے کی بہتری کے لیے تجاویز دینا چاہیں تو ان کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں پی آئی اے پاکستان کی ہے اور پاکستانی ہی اس کے مالک ہیں ، انھیں چاہیے کہ وہ اپنی ایئر لائین میں بہتری کے لیے کردار ادا کریں۔ اس موقعے پر اوورسیز پاکستانیوں نے سیالکوٹ کے لیے پی آئی اے کے سفر کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئےکہا کہ پی آئی اے کی سیالکوٹ کے لیے شروعات اہم قدم ہے جس سے ترقی کے دروازے کھلیں گے اور سیالکوٹ میں کاروبار میں بھی وسعت پیدا کرنے کا موقع ملے گا ۔دریں اثناء فلائٹ روانگی سے قبل مسافروں میں تحائف تقسیم کیے گے اور کیک بھی کاٹا گیا۔

تازہ ترین