• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس کے ثقافتی میلے میں پاکستان کا اسٹال


پاکستان نے فرانس کے دوسرے بڑے شہر لیوں کے اٹھارویں بین الاقوامی ثقافتی میلے میں اپنا اسٹال لگالیا۔

فرانس کے دوسرے بڑے شہر لیوں کے اٹھارویں بین الاقوامی ثقافتی میلے میں پاکستان کی جانب سے ایک خوبصورت ا سٹال سجایا گیا، پاکستانی اسٹال میلے میں آئے ہوئے متعدد مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔

یہ لیوں کا سالانہ ثقافتی میلہ ہے جس میں پچاس سے زائد ممالک اپنی ثقافتی اور روایتی نمائش پیش کرتے ہیں، اس سال چھ ممالک نے اس میلے میں حصہ لیا ہے۔

اس بین الاقوامی ثقافتی میلے کا افتتاح جراڈ کولمب نے کیا اور مختلف مُمالک کے اسٹالوں کا دورہ بھی کیا۔ اسٹالوں کے دورے کے دوران لیوں کے میئر نے اس میلے میں خوبصورت رنگوں سے سجائے گئے پاکستانی اسٹال کی تعریف کی اور سفیرِ پاکستان معین الحق کا اس میلے میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس بین الاقوامی ثقافتی میلے میں پاکستان کا لگائے جانے والا اسٹال ہمیشہ سے مہمانوں کی دلچسپی کا سبب رہا ہے۔

اس ثقافتی تقریب میں آئے ہوئے سیکڑوں مہمانوں نے خصوصی طور پر  نہ صرف پاکستانی کھانوں کو سراہا بلکہ اس میلے میں پاکستان کے مختلف علاقوں کی تصویروں کی نمائش میں  بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔

میلے میں پاکستان کی دستکاری، کپڑوں، کھانوں اور موسیقی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سیاحتی مقامات کی یادگاری نمائش بھی کی جا رہی ہے۔ گزشتہ سال سفارت خانہ پاکستان برائے فرانس میں پاکستانی سیاحت کے حوالے سے شروع کی جانے والی مہم کے بعد سے پاکستان آنے والے فرانسیسی سیاحوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

سفیر پاکستان معین الحق نے پاکستانی اسٹال پر آنے والے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں پاکستان کی متنوع ثقافتی ورثہ، شاندار مناظر اور 200 ملین سے زائد پاکستانی عوام کی مہمان نوازی سے آگاہ کیا۔

واضح رہے کہ 2016 سے یہ چوتھا موقع ہے کہ پاکستان لیوں کے اس بین الاقوامی ثقافتی میلے میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہا ہے۔ اسٹال لگائے جانے کے علاوہ اس میلے میں شریک ممالک کے روایتی ثقافت، تہواروں اور اسٹیج شو بھی شامل ہیں۔ یہ بین الاقوامی ثقافتی میلہ تین روز تک جاری رہے گا اور اس میں چالیس ہزار لوگوں کی آمد متوقع ہے۔

تازہ ترین