• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 چیئرمین ڈی ایم سی سائوتھ ملک محمد فیاض اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں لیاری کو باکسنگ کی نرسری کہا جاتا ہے، ماضی میں بھی یہاں سے کئی کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل اور قومی سطح پر اپنے کھیل سے ملک کا نام روشن کیا۔

لیاری کی خواتین میں باکسنگ کی صلاحیتیں کسی طور پر کم نہیں ہیں، انہیں بہترین انفراسڑکچر اور مناسب پلیٹ فارم فراہم کریں گے تا کہ وہ اپنے ٹیلنٹ کا بھرپور استعمال کرکے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا وقار بلند کرسکیں۔

یہاں کی خواتین میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور کلب کی سطح پر ٹورنامنٹس کے انعقاد سے خواتین باکسرز کا نیا ٹیلنٹ سامنے آنے میں بہت مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری میں پاک شاہین باکسنگ کلب میں منعقدہ ڈی ایم سی سائوتھ ویمن باکسنگ چیمپئین شپ کے اختتام پر تقسیم انعامات کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر یوسی6 کے وائس چیئرمین فرحان ہنگورو، یوسی 2 کے وائس چیئرمین عثمان عطاری، پاک شاہین باکسنگ کلب کے بانی محمدیونس قنبرانی اور کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

قبل ازیں کراچی سائوتھ ریڈ نے کراچی ویسٹ بلیو کے خلاف6 کے مقابلے میں 18 پوائنٹس حاصل کرڈی ایم سی سائوتھ ویمن باکسنگ چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

چیئرمین ملک فیاض اعوان نے کہا کہ ہماری خواتین ہوائی جہاز چلانے کے ساتھ ساتھ دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹیاں سر کر رہی ہیں، توایسی کونسی مشکل ہے کہ ہم اسپورٹس میں بھی اپنی لڑکیوں کو بھرپور مواقع فراہم  نہ کریں، ٹورنامنٹ میں شریک خواتین کھلاڑیوں کو کھیلتا دیکھ کر مجھے امید ہے کہ مستقبل میں ان میں سے کئی باصلاحیت کھلاڑی پاکستان کی قومی ویمن باکسنگ ٹیم کی نمائندگی کریں گی۔

انھوں نے کہا کہ مستقبل میں اپنی مد مقابل کھلاڑیوں کیلئے ایک سخت جان حریف ثابت ہوں گی، چیئرمین ملک فیاض اعوان کامزیدکہنا تھا کہ ہم ڈسٹرکٹ سائوتھ میں کھیلوں کی ترقی اور فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، ہماری بھرپور کوشش ہے کے اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو ان کی صلاحتیوں کے مظاہرے کے لیے بھرپور مواقعے فراہم کئے جائیں تاکہ وہ مستقبل میں اپنے ڈسٹرکٹ، شہر، صوبے اور پاکستان کا نام اور پرچم سربلند کر سکیں۔

ڈی ایم سی سائوتھ کیجانب سے ضلع جنوبی میں خواتین باکسنگ کیلئے انفراسڑکچر کو مضبوط بناتے ہوئے کلبس، اکیڈمیز اور ڈسڑکٹ کی سطح پر اسے فروغ دیا جا رہا ہے جس سے نئے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آرہے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین ملک فیاض اعوان نے اعلان کیا کہ پاک شاہین باکسنگ کلب کی تزئین و آرائش اور دیگر ضروری سامان کو ترجیحی بنیادوں پرفراہم کیا جائے گا۔ محمد یونس قنبرانی کا کہنا تھا کہ ملک فیاض اعوان نے ہمیشہ ہر سطح پر کھیلوں کی بھرپور سرپرستی کی ہے خصوصاً خواتین باکسرزکیلئے ٹورنامنٹ کو اسپانسر کرنا ایک خوش آئند اقدام ہے جسے مستقبل میں بھی جاری رکھنا چاہیے۔

دریں اثناء کراچی سائوتھ ریڈ نے کراچی ویسٹ بلو کے خلاف6 کے مقابلے میں 18 پوائنٹس حاصل کرکے ڈی ایم سی سائوتھ ویمن باکسنگ چیمپئن شپ کاٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

کراچی سائوتھ کی جانب سے عالیہ سومرو نے کراچی ویسٹ ریڈکی فاطمہ، حنیفہ کمانڈو نے منیزہ، بختاور بلوچ نے سہارہ، عریشہ قنبرانی نے مبشرہ اور عظمیہ سنگھار نے سمیاں کیخلاف کامیابی حاصل کی جبکہ کراچی ویسٹ کی گوہرتاج نے کراچی سائوتھ کی آمنہ قنبرانی اور فاطمہ نے کائنات کے خلاف کامیابی حاصل کی۔

تازہ ترین