• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کی حالت کراچی جیسی بنائی جارہی ہے، علی نواز اعوان

اسلام آباد کی حالت کراچی جیسی بنائی جارہی ہے، علی نواز اعوان


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حالت کراچی جیسی بنائی جارہی ہے۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجا خرم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں علی نواز اعوان نے کہا کہ میئر کے اکاؤنٹ میں 2ارب روپے کے فنڈ پڑے ہیں، لیکن انہیں اسلام آباد کی پروا نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میئر شیخ انصر عزیز ہر ماہ لندن یاترا پر جاتے ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت کے شہری اور مضافاتی علاقوں کی صورتحال پریشان کن ہے۔

علی نوا ز اعوان کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں پانی کے بیشتر ٹیوب ویل کام نہیں کر رہے، صفائی کا نظام بھی شدید تباہی کا شکار ہے، میئر اسلام آباد استعفیٰ نہیں دیتے تو ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پارک، گلیاں، گرین بیلٹ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، شیخ انصر کا رویہ ایسا ہے کہ جیسے شہر اور اس کے باشندوں سے انتقام لے رہے ہوں، کسی صورت اپنے ووٹرز کو کراچی کے جیسے حشر کا سامنا نہیں ہونے دیں گے ۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے 11ارب کا بجٹ اسلام آباد شہر کی فلاح کے لیے حاصل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں برس کے خاتمہ سے قبل جڑواں شہروں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے غازی بروتھا ڈیم سے پانی سپلائی کے معاملہ پر کنسلٹنٹ سے مشاورت کریں گے۔

علی نواز اعوان نے مزید کہا کہ بھارہ کہو میں مری تک جانے کے لیے 3 ارب کی لاگت سے چار رویہ پل بنے گا ۔

تازہ ترین