• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائد اعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا راؤنڈ مکمل ہوگیا، پہلے راؤنڈ کے تینوں میچز ڈرا پر اختتام پذیر ہوئے تاہم پہلی اننگز کی کارکردگی کی بنیاد پر ملنے والے پوائنٹس کے نتیجے میں خیبر پختونخوا پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آگے ہے۔

قائد اعظم ٹرافی کے سلسلے میں ایبٹ آباد اسٹیڈیم پر خیر پختونخوا کیخلاف ناردرن کو پہلی اننگز میں تو فالو آن کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم دوسری اننگز میں محمد نواز اور آصف علی نے سنچریاں اسکور کرکے ٹیم کو شکست سے بچایا اور میچ ڈرا پر اختتام پذیر ہوا۔

محمد نواز نے ناقابل شکست ایک سو رنز بنائے، آصف علی نے 114 رنز کی اننگز کھیلی۔ کھیل ختم ہونے تک ناردرن نے چھ وکٹ پر 433 رنز بنائے تھے ۔

میچ ڈرا ہونے پر دونوں ٹیموں کو پانچ، پانچ پوائنٹس ملے، کے پی نے 110 اوورز میں 400 سے زائد رنز کرکے پورے پانچ بونس پوائنٹس حاصل کئے۔

بولنگ میں بھی حریف کو 110 اوورز سے کم میں آؤٹ کرکے 3 بونس پوائنٹس لیے، یوں ایبٹ آباد میں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے مجموعی طور پر تیرا پوئنٹس حاصل کئے ۔ ناردرن کو مجموعی طور پر 3 بونس پوائنٹس ملے۔

کراچی میں سندھ اور بلوچستان کے درمیان ہونیوالا میچ بھی ڈرا رہا، یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر چار روز کے دوران صرف 14 وکٹیں گریں۔

کھیل کے آخری روز بلوچستان نے اپنی نامکمل پہلی اننگز 191 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی اورکھیل ختم ہونے تک نو وکٹ کے نقصان پر 355 رنز بنائے، آخری سیشن میں جب پندرہ اوورز باقی تھے اور نتیجے کا کوئی امکان نہ تھا تو دونوں کپتانوں نے باہمی رضامندی سے میچ کے اختتام کا فیصلہ کیا۔

امام الحق نے 152 رنز کی اننگز کھیلی، سندھ کی جانب سے اسد شفیق اور کاشف بھٹی نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ ڈرا ہونے پر دونوں ٹیموں کو پانچ، پانچ پوائنٹس ملے ، پہلی اننگز کی کارکردگی کی بنیاد پر سندھ کو چار اور بلوچستان کو دو اضافی پوائنٹس ملے، یوں میچ میں سندھ کو 9 اور بلوچستان کو 7 پوائنٹس ملے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سینٹرل پنجاب اور ساؤتھ پنجاب کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ دونوں ٹیموں نے ڈرا کے پانچ ، پانچ پوائنٹس کے ساتھ  پہلی اننگز کی کارکردگی کی بنیاد پر چھ، چھ بونس پوائنٹس بھی حاصل کئے۔

یوں پہلے راؤنڈ کے اختتام پر کے پی 13 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، سینٹرل اور ساؤتھ پنجاب گیارہ، گیارہ پوانٹس کے ساتھ دوسری، سندھ 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، ناردرن 8 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور بلوچستان 7 پوائنٹس کے ساتھ چھٹی پوزیشن پر ہیں۔

تازہ ترین