• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی تعمیراتی ڈھانچے میں فرش اور دیواریں لازمی جزو ہوتی ہیں۔ ان کےذریعے آپ گھر کے اندرونی حصے کی تمام تر شکل و صورت یکسر تبدیل کرسکتے ہیں۔ چونکہ ان دنوں فرش اور وال ٹرینڈز میں’’ تھری ڈی ٹائلز اور تھری ڈی وال پیپر‘‘ خاص اہمیت اختیار کرگئے ہیں، لہٰذا آج کے مضمون میں ہم گھر کے مختلف حصوں کے لیے تھری ڈی ٹائلز اور وال پیپرپیٹرن کا ذکر کر رہے ہیں۔

3D فلورنگ/ 3D وال پیپر

تھری ڈی فلورنگ، تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مرہون منت ہے۔ فلورنگ کا یہ نیا ٹرینڈ روایتی فرش کی اندرونی آرائش کے حوالے سے تھری ڈی ٹیکنالوجی کا حسین سنگم ثابت ہوتا ہے۔ اس کے ذریعے آپ اپنے گھرکو فطرت کےساتھ بآسانی ہم آہنگ کرسکتے ہیں۔ 

تھری ڈی فلورنگ اور وال پیپرکے ذریعے گھر کے مختلف حصوں کو فطرت کے تقاضوں کے پیش نظرسحر انگیز تصاویر سے سجایا جاتا ہے، جنھیں دیکھ کر بیڈروم، کچن اور باتھ روم میں فطری ماحول کا گمان ہونے لگتا ہے۔ آپ کافرش کنکریٹ کاہو، ماربل کا یاپھر لکڑی کا، آپ اس فرش کو ایسی سحر انگیز تصاویر سے سجا سکتے ہیں کہ دیکھنے والوں کو گھر میں جنگل کی رعنائی، سمند ر کا سماں، بادلوں کی سواری جیسےتجربات کا احساس ہو۔

تنصیب کا عمل

ماہرین کے مطابق تھری ڈی فلورنگ کی تنصیب 4مرحلوں میں مکمل کی جاتی ہے۔ پہلے مرحلے میں فلورمیورل کے لیے تصویر منتخب کی جاتی ہے، دوسرا مرحلہ آرٹ امیجز کے زاویہ نگاہ میں تبدیلی کا ہے، جس کے تحت گرافکس پروگرام میں منتخب کردہ 3D فلور ڈیزائن کی تصویرفکس کی جاتی ہے۔

اگلے مرحلے میں3D فرش کے عکس کو مکمل کرنے کے لئے اس کے زاویوں کو نیچے ،سامنے، اطراف اور عقب میں توسیع دی جاتی ہے، عین اس طرح جیسے ہم کمرے کو دیکھتے ہیں۔چوتھے مرحلے میں ایڈیٹر ٹول کا دانش مندانہ استعمال کرتے ہوئے 3D فلور میورل مکمل کیا جاتا ہے ۔

ڈیزائن کا انتخاب

انٹیریئر ڈیکوریشن کیلئے 3Dٹیکنالوجی کا انتخاب دو طرح سے کیا جاسکتا ہے، تھری ڈی فلورنگ یا پھر تھری ڈی وال پیپر کے ذریعے۔ تاہم ان دونوں کیلئے ڈیزائن کے انتخاب کا مرحلہ آسان نہیں۔ تھری ڈی تصاویر اور ڈیزائن کی لامحدود اقسام کے باعث اکثر افراد مشکل کا شکار ہوجاتے ہیں کہ گھر کے کس حصے کیلئے کون سا ڈیزائن منتخب کیا جائے۔ اس بارے میں تعمیراتی ماہرین کی رائے جانتے ہیں۔

بیڈروم

کہتے ہیں کہ انسان کا بیڈروم اس کی شخصیت کا پتہ دیتا ہے۔ بیڈروم کی تعمیرو آرائش انسان کے مزاج اورپُرسکون نیندپر اثر انداز ہوتی ہے۔ لہٰذا بیڈ روم کے لیے فلورنگ کا انتخاب ہو یا وال پیپر ،3D ڈیزائننگ کے ایسے پیٹرن کا انتخاب کریں جو آپ کو سکون اور طمانیت کا احساس بخشے۔ 

ماہرین اس حوالے سےچلتے پھرتے اور جھلملاتے سمندر کے ڈیزائن کے انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں۔ یہ انتخاب نہ صرف آپ کے بیڈروم کو دیگر خواب گاہ سے منفرد بنائے گا بلکہ آپ خوبصورت، تخلیقی اور شاندار فرش پر ڈوبنے کے ڈر کے بغیر چل کر اپنے باطنی احساس کو بھی منفرد بناپائیں گے۔

دوسری جانب اگر آپ اپنے بیڈروم کے لیے تھری ڈی وال پیپر کا انتخاب کر رہے ہیں تو گھنے جنگلوں والا ڈیزائن منتخب کریں۔ درختوں اور ہریالی کا نظارہ اگر آپ کے بیڈروم کی کھڑکی سے ممکن نہیں تو آپ بیڈ کے سامنے والی دیوار پر یہ نظارہ صبح و شام دیکھ کر اپنا مزاج بہتر بناسکیں گے۔

ڈرائنگ روم

ڈرائنگ روم یا لیونگ روم گھر کا اہم ترین حصہ کہلاتا ہے، یہ وہ حصہ ہے جہاں کی تعمیر وسجاوٹ کے ذریعے گھر آنے والے مہمان آپ کے جمالیاتی ذوق سےمتاثر ہوتے ہیں۔ 

لہٰذا لیونگ روم کے لیے تھری ڈی فلورنگ ہو یا تھری ڈی وال پیپر، دونوں کا انتخاب خاصی سوچ بچارسے کریں، اس حوالے سے ماہرین تھری ڈی فلورنگ کے بجائے تھری ڈی وال پیپر کے انتخاب کا مشورہ دیتے ہیں، آجکل گلیکسی وال پیپر پرنٹ زیادہ مشہورہیں۔ 

گلیکسی اسٹائل کو تھری ڈی وال پیپرز کے خوبصورت ترین ڈیزائنز میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ آپ خلا میں جانہیں سکتے لیکن اس دیوار کے ساتھ بیٹھ کر آپ خلا کو محسوس کرتے ہوئے، خود کو اس ماحول کا حصہ سمجھ سکتے ہیں۔ 

لیونگ روم میں لگے وال پیپر کے ذریعے یوں محسوس ہوتا کہ گویا اب بادلوںسے بھی اوپر جاکر کہکشائوں میں بسیرا کرلیا ہویا پھر آپ کائنا ت کے جھلمل کرتے سیاروں اور ستاروں کا مزہ لے رہے ہوں۔

باتھ روم

باتھ روم کیلئے عام طور پروال پیپر کے بجائے تھری ڈی فلورنگ کا انتخاب زیادہ دیکھنے میں آتا ہے۔ باتھ روم کیلئے تھری ڈی فلورنگ کے بے شمار ڈیزائن موجود ہیں، تاہم ان میں سب سے زیادہ ٹھہرا ہوا پانی اور فلاور پرنٹ بے حد مشہور ہیں۔ 

ان پرنٹ کے ذریعے آپ کو باتھ روم کا ماحول کسی اور جہاں میں لے جاتا ہے اور آپ تمام تر وقت منفرد احساس کے ساتھ خود کو پُرسکون محسوس کرتے ہیں۔

تازہ ترین