• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پائی بیکڈ کی جانے والی ڈشز میں سے ایک ہے۔اس کو پیسٹری کی ڈو سے تیار کیا جاتا ہے۔اس کو مختلف اجزاء سے بھر کر تیار کیا جاتا ہے۔یہ میٹھی اور نمکین دونوں طرح بنائی جاتی ہے۔میٹھی کو مختلف پھلوں، نٹس،کریم ،بران شوگراور سویٹ ویجیز سے فل کیا جاتا ہے جبکہ نمکین کو مختلف گوشت، انڈے ،چیزاور سبزیوں سے بھرا جاتاہے۔

پائی کھانے میں بہت ہی مزیدار ہوتی ہے،یہ شام کی چائے کے ساتھ خوب مزہ دیتی ہے۔علاوہ ازیں ان کو سفر پر جاتے ہوئے یا پکنک کے دوران بھی باآسانی ساتھ رکھا جاسکتا ہے۔

جلدی خراب نہیں ہوتی اور وزن میں کم ہونے کے باعث دوران سفر ساتھ رکھنے میں کوئی مسئلہ بھی نہیں ہوتا۔طرح طرح کی مزیدار پائی بنائی اور کھائی جاتی ہیں۔چند کی تراکیب ملاحظہ کریں۔

چاکلیٹ چپ براؤنی پائی

اجزاء۔

بیس کے لئے:

مکھن ۔چار اونس

کاسٹر شوگر ۔دو اونس

میدہ ۔آٹھ اونس

انڈے کی زردی۔ ایک عدد

ٹھنڈا پانی۔ حسبِ ضرورت

براؤنی کے لئے:

مکھن ۔چھ اونس

چاکلیٹ ۔دو سو گرام

انڈے۔ تین عدد

ونیلا ایسنس ۔ایک چائے کا چمچ

میدہ۔ ایک کپ

چاکلیٹ چپ۔ ایک کپ

چینی ۔ڈیڑھ کپ

آئسنگ شوگر۔ چھڑکنے کے لئے

ترکیب۔

بیس کے لیے:مکھن اور کاسٹر شوگر کو ملاکر پھینٹ لیں، یہاں تک کہ وہ کریمی ہو جائے۔

اب اس میں میدہ اور انڈے کی سفیدی شامل کریں، یہاں تک کہ وہ بریڈ کرمبز کی شکل اختیار کرلے۔

پھر اسے حسب ضرورت ٹھنڈےپانی سے گوندھ لیں اور آٹھ انچ کی پائی پلیٹ میں پھیلا دیں۔

اب اسے کانٹے کی مدد سے (گود) لیں اور پہلے سے گرم اوون میں ایک سو اسی ڈگری سینٹی پر بیس منٹ کے لیے بیک کر لیں۔

براؤنی کے لیے:ایک سوس پین میں چاکلیٹ اور مکھن کو پگھلائیں، یہاں تک کہ مکھن اور چاکلیٹ اچھی طرح پگھل جائیں۔

اب انھیں ایک پیالے میں نکال لیں۔

پھر اس میں چینی شامل کرکے مکس کریں۔

اب اس میں ایک ایک کرکے انڈے ڈالتے جائیں اور اچھی طرح پھینٹ لیں۔

اس کے بعد ونیلا ایسنس اور میدہ شامل کرکے اچھی طرح فولڈ کر لیں۔

پھر اس میں چاکلیٹ چپ ڈال کر مکس کر لیں۔

اب اسے بیس پر ڈالیں اور اوپر سے چاکلیٹ چپ چھڑک دیں۔

اس کے بعد پہلے سے گرم اوون میں چالیس منٹ کے لیے بیک کر لیں، یہاں تک کہ وہ سیٹ ہو جائے۔

اب اسے نکال کر ٹھنڈا کریں اور آئسنگ شوگر چھڑک دیں۔

آخر میں کاٹ کر پلیٹ میں سرو کریں۔

لیمن مرینگ پائی

اجزاء۔

پیسٹری کے لیے:

میدہ۔ آٹھ اونس

آئسنگ شوگر۔ ایک اونس

ٹھنڈا مکھن ۔چار اونس ﴿کیوبز

انڈے کی زردی۔ ایک عدد

ٹھنڈا پانی۔ دو کھانے کے چمچ

فلنگ کے لیے:

لیموں ۔چار عدد

کارن فلور۔ تین اونس

پانی ۔ایک پائنٹ

انڈے کی زردی۔ چار عدد

کاسٹر شوگر۔ چھ اونس

مرینگ کے لیے:

انڈے کی سفیدی۔ پانچ عدد

کاسٹر شوگر۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب۔

پیسٹری کے لیے:ایک پیالے میں میدے، آئسنگ شوگر اور مکھن کو ایک ساتھ ایسے مکس کریں کہ وہ بریڈ کرمبز کی شکل میں آجائے۔

اب انڈے کی زردی اور ٹھنڈے پانی کی مدد سے اسے گوندھ لیں اور ڈو کو ڈھک کر تیس منٹ کے لیے فریج میں رکھ لیں۔

پھر ڈو کو بیکنگ پین میں پھیلائیں اور اُس کے اوپر بٹر پیپر لگا کر ایک سو اسی ڈگری سینٹی گریڈ پر دس منٹ کے لیے بیک کریں۔

اب بٹر پیپر ہٹاکر مزید پانچ منٹ کے لیے بیک کریں۔

جب بیک ہوجائے تو وائرریک پر رکھ کر ٹھنڈا کریں۔

فلنگ کے لیے:لیموں کا رس اور کارن فلور کو ایک ساتھ مکس کریں۔

پھر ایک پائنٹ پانی کو اُبال لیں اور اس میں لیموں کا مکسچر ڈال کر اتنا پکائیں کہ وہ گاڑھا ہوجائے۔

اب ٹھنڈا کرکے انڈے کی زردی اور چینی ملائیں اور ہلکی آنچ پر پکائیں۔

فلنگ کو پیسٹری شیل میں ڈال دیں۔

مرینگ کے لیے:سب سے پہلے انڈے کی سفیدی کو پھینٹ لیں۔

اب چینی ڈال کر مزید پھینٹیں۔

پھر مکسچر کو اوپر سے ڈال کر تیس سے پینتالیس منٹ کے لیے ایک سو پچاس ڈگری سینٹی گریڈ پر بیک کرلیں۔

لیمن مرینگ پائی سرو کرنے کے لیے تیار ہے۔

لیمب پائی

اجزاء۔

میدہ ۔تین کپ

انڈہ ۔ایک عدد

کلونجی۔ ایک چٹکی

نمک ۔آدھا چائے کا چمچ

خمیر ۔ایک کھانے کا چمچ

چینی ۔ایک چائے کا چمچ

اجوائن۔ ایک چٹکی

ہرا دھنیا ۔تھوڑا سا

دودھ ۔ایک چوتھائی کپ

تیل ۔دو کھانے کے چمچ

پانی۔ حسب ِضرورت

فلنگ کے لئے:

قیمہ ۔پانچ سو گرام

تیل ۔دو کھانے کے چمچ

پیاز ۔ایک عدد

چلغوزے ۔ایک تہائی کپ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

کالی مرچ۔ حسبِ ذائقہ

زیرہ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

لیموں ۔تین چائے کے چمچ

ترکیب۔

پہلے ایک پیالے میں میدہ، انڈہ، کلونجی، نمک، خمیر، چینی اجوائن، ہرا دھنیا، دودھ اور پانی ڈال کر اچھی طرح گوندھ لیں۔ اور ایک گھنٹے کے لئے رکھ دیں تاکہ خمیر پھول جائے۔پین میں تیل گرم کرکے قیمہ فرائی کرلیں۔اب پیاز شامل کریں اور قیمے کا رنگ تبدیل ہونے تک تیز آنچ پر پکائیں۔اس کے بعد چلغوزے، نمک اور تمام مصالحے شامل کرکے خشک کرلیں۔

اب میدے کو روٹی کی طرح بیل لیں۔تیار قیمے کو میدے کی رول کی ہوئی روٹی میں ڈال کر فولڈ کریں اور سائیڈ سے دبا دیں۔

بیکنگ ٹرے کو گریس کرکے پائی اس میں رکھیں۔اوپر سے انڈے اور تیل سے برش کرکے بارہ منٹ تک بیک کریں۔نکال کر گرم گرم سرو کریں۔

کی لائم چیز پائی

اجزاء۔

بسکٹس۔ دو کپ ﴿چورا کیے ہوئے

مکھن ۔چار اونس ﴿پگھلا ہوا

فلنگ کے لیے:

کنڈینسڈ ملک۔ تین چوتھائی کپ

کرڈچیز ۔آدھا کپ

لیموں کا رس۔ دو کھانے کے چمچ

لیمن زیسٹ ۔ایک چائے کا چمچ

میدہ ۔ایک کھانے کا چمچ

انڈے۔ تین عدد

ترکیب۔

فلنگ کے لیے:ایک پیالے میں کنڈینسڈ ملک، کرڈ چیز، میدہ، لیموں کا رس، لیمن زیسٹ اور انڈے کی زردی ڈال کر گاڑھا ہونے تک پھینٹ لیں۔

اب انڈوں کی سفیدی کو اتنا پھینٹ لیں کہ وہ اسٹف ہو جائے۔پھر اسے مکسچر میں فولڈ کریں اور اس مکسچر کو بسکٹ بیس پر ڈال کر پینتس سے چالیس منٹ تک پہلے سے گرم اوون میں ایک سو پچاس ڈگری سینٹی گریڈ پر سیٹ ہو جانے تک بیک کرلیں۔اب اسے ٹھنڈا کرکے کریم کے ساتھ سرو کریں۔

کورنش فش پائی

اجزاء۔

آلو۔ ایک کلو ﴿اُبلے اور چھلے ہوئے

مکھن۔ ایک سو پچاس گرام

دودھ ۔سات سو پچاس ملی لیٹر

نمک، کالی مرچ۔ حسب ِذائقہ

مچھلی کے فلے ۔آدھا کلو

تیز پتے۔ دو عدد

جھینگے۔ ایک سو گرام ﴿اُبلے ہوئے

انڈے ۔تین عدد

میدہ ۔ساٹھ گرام

چیڈر چیز۔ ایک سو گرام ﴿کدوکش کی ہوئی

پارسلے۔ حسبِ ضرورت ﴿کٹے ہوئے

ترکیب۔

آلو میں آدھا مکھن، ذرا سا دودھ، نمک اور کالی مرچ ڈال کر مکس کرلیں۔اب باقی دودھ کو اُبال لیں۔ساتھ ہی مچھلی اور تیز پتے ڈال کر پکالیں اور مچھلی کو گلالیں۔اب بیکنگ ٹرے کو گریس کرکے مچھلی کو ٹرے میں رکھ کر جھینگے اور انڈوں کو سیٹ کر دیں۔

اب بچے ہوئے مکھن کو پگھلا کر میدہ شامل کردیں اور چولہا بند کر دیں۔پھر آہستہ آہستہ دودھ شامل کرکے مکس کرلیں۔اب ہلکا سا پکاکر پارسلے شامل کریں اور مچھلی پر ڈال دیں۔پھر آلو کے مکسچر کی تہہ لگائیں اور چیز کو اُوپر سے ڈال کر ایک سو اسی ڈگری سینٹی گریڈ پر بیس منٹ کے لیے بیک کرلیں اور گولڈن براؤن کرلیں۔تیار ہونے پر سرو کریں۔

شیفرڈ پائی

اجزاء۔

گائے کا قیمہ۔ آدھا کلو

آلو۔ آدھا کلو (اُبال کر بھُرتہ بنالیں)

شملہ مرچ۔ ایک عدد (باریک کٹی ہوئی)

ٹماٹر۔ دو عدد (باریک کٹے ہوئی)

پیاز ۔ایک پیالی (باریک کٹی ہوئی)

چیڈر چیز۔ آدھی پیالی

دودھ۔ آدھی پیالی

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ (پسا ہوا)

کالی مرچ۔ دو چائے کے چمچ (پسی ہوئی)

رائی۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئ)

ووسٹر شائر سوس ۔ایک کھانے کا چمچ

گرم مصالحہ ۔آدھا چائے کا چمچ (پسا ہوا)

ٹماٹو کیچپ۔ چار کھانے کے چمچ

نمک ۔ایک چائے کا چمچ

تیل ۔ایک چوتھائی پیالی

ترکیب۔

آلو میں دودھ، نمک اور ایک چائے کا چمچ کالی مرچ ڈال کر ملالیں اور پائپنگ بیگ میں بھر کر رکھ لیں۔دیگچی میں تیل گرم کرکے پیاز سنہری کریں۔اس میں ٹماٹر اور ادرک لہسن کا پیسٹ ڈال کر بُھونیں، پھر قیمہ، نمک، باقی کالی مرچ، رائی، و وسٹر شائر سوس، گرم مصالحہ اور ٹماٹو کیچپ ڈال کر قیمہ گلنے تک پکائیں۔پائریکس کی ڈش میں قیمے کو پھیلائیں، اس کے اوپر شملہ مرچ اور پنیر کی تہہ بچھائیں۔پائپنگ بیگ کی مدد سے آلو کی سجاوٹ کردیں۔

ڈش کو پہلے سے گرم اوون میں ایک سو اسی ڈگری پر پندرہ منٹ پکا کر نکال لیں۔

پھر گرم گرم سرو کریں۔

تازہ ترین