• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سری لنکا پاکستان کیخلاف ٹی 20سیریز میں ہمیشہ ناکام رہا

پاکستان سری لنکا ون ڈے سیریز کا تیسرا و آخری میچ کل بدھ کو کھیلا جائے گا، پہلا میچ بارش کی نذر ہوا،دوسرے ون ڈے میں بھی ایک دن کی تاخیر ہوگئی، امید ہے کہ کراچی میں کرکٹ شائقین بڑی تعداد میں نیشنل اسٹیڈیم کا رخ کرکے نہ صرف ایک روزہ کرکٹ کی واپسی کا جشن منائیں گے بلکہ دونوں ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کریں گے۔

کراچی کے بعد سری لنکا کی اگلی منزل لاہور ہے جہاں 3ٹی 20 میچز شیڈول ہیں ،پہلا میچ 5دوسرا 7اکتوبر اور آخری میچ 9اکتوبر کو کھیلا جائے گا ۔تمام میچز شام ساڑھے 6بجے شروع ہونگے،سری لنکن کرکٹ ٹیم سال کے آخر میں ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان میں کھیلے گی اسکے معاملات بھی پوری طرح طے پاگئے ہیں ۔

سرفراز احمد الیون کے خلاف آنے والی لنکن ٹیم میں اکثریت نئے پلیئرز کی ہے ا س لئے سابقہ ریکارڈ برقرار رہنے کی قوی امید ہے کہ گرین شرٹس ٹی 20 کی باہمی سیریز میں آئی لینڈرز سے کبھی ہارے نہیں ،معاملہ ایک دو سیریز اور اسی طرح ایک دوسال کا نہیں بلکہ گزشتہ ایک عشرے میں کھیلی گئی ہاف درجن سیریز کا ہے،پاکستان ہمیشہ ناقابل شکست رہا ،2009 سے 2017 کے درمیان کھیلی گئی 6 سیریز میں سے 4 پاکستان جیتا اور 2 سیریز برابری پر ختم ہوئیں ۔

باہمی سیریز کے 11میچز میں پاکستان 9میں فتحیاب رہا اور صرف 2 ہارا جبکہ مجموعی مقابلوں میں بھی پاکستان نمایاں طور پر سر فہرست ہے اس نے 18میں سے 13 جیتے جبکہ سری لنکا صرف 5میچز اپنے نام کرسکا۔ایک اور دلچسپ بات کا ذکرہوتا چلے ،سری لنکاگزشتہ 6 سال سے پاکستان کے خلاف سنگل ٹی 20 فتح کا متلاشی رہا ہے اس دوران کھیلے گئے تمام 6میچز پاکستان کے نام رہے ،آئی لینڈرز آخری مرتبہ 13 دسمبر 2013 کودبئی میں پاکستان کو ہراسکا ۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دونوں ٹیمیں تاریخ کا پہلا ٹی 20 میچ کھیلیں گی یہاں اس سے قبل دونوں کا آمنا سامنا نہیں ہوا ہے ۔پاکستان اس فارمیٹ میں سری لنکا کے خلاف کبھی ڈبل سنچری کامجموعہ سیٹ نہیں کرسکا اسکا ہائی اسکور 6وکٹ پر 189رہا جو 17ستمبر 2007کو جوہانسبرگ میں بنا جبکہ سری لنکا کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف 13دسمبر 2013کو دبئی میں 3وکٹ پر 211کا بڑا مجموعہ سیٹ کرگیا ۔

دونوں ٹیموں کو ایک دوسرے کےخلاف 100سے کم مجموعے پر ہتھیار پھینکنے کا اعزاز حاصل ہے اور یہ دلچسپ اتفاق اوپر تلے ہوا یکم جون 2012کو ہمبنٹوٹا میں پاکستان 95پر آئوٹ ہوا تو 2دن بعد 3جون کو اسی مقام پر سری لنکا 99پر باہر ہوا ۔کسی بھی ایک سیریز کے ٹاپ ا سکورر ز میں شعیب ملک پہلے نمبر پر ہیں،حال ہی میں کیریبین لیگ میں 350 ٹی 20 میچز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والے شعیب ملک اس سیریز میں نہیں ہیں انہوں نےآخری 2017کی سیریز میں 102رنزکئے تھے، دونوں ممالک کا کوئی کھلاڑی ایک سیریز میں سنچری کا مجموعہ سیٹ نہیں کرسکا۔

شعیب ملک16میچز میں 397رنزکے ساتھ پاکستان اورتلکرتنے دلشان 14 میچز میں 323کے ساتھ اپنے ملک کے ٹاپ اسکورر ہیں ،کشال پریرا 84 اور شعیب ملک 57کے ساتھ اپنے ملک کے بہترین انفرادی اسکورر ہیں ،بائولنگ میں اس وقت کے غیر حاضر لاستھ ملنگا 11 میچز میں 16اور پاکستان کے سعید اجمل 9میچزمیں 14شکار کے ساتھ اپنے اپنے کیمپ کے ٹاپ وکٹ ٹیکر بولرز ہیں ،عمر گل اور محمد عامر کی 13،13رنزکے عوض 4،4 وکٹیں پاکستان کے لئے اور سری لنکا کے ویرا رتنے اتنی ہی وکٹیں19رنزکے عوض لیکر بہترین انفرادی گیند بازی کا ریکارڈ رکھتے ہیں ،فہیم اشرف اور حسن علی کی 6،6 وکٹیں ایک سیریز کابڑا کارنامہ ہیں جبکہ سری لنکا کا کوئی بائولر ایک سیریز میں 4 سے زیادہ وکٹیں نہ لے سکا۔

پاکستان کو تمام ٹیموں سے زیادہ 143 ٹی 20انٹر نیشنل میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے سب سے زیادہ 90 میچز جیتنے کا ریکارڈ ہے 50 ناکامیاں ہیں جبکہ سری لنکا نے 117میں سے 56 جیتے اور اس سے زیادہ 58میچ ہارے ہیں پاکستان 283ریٹنگ کے ساتھ آئی سی سی رینکنگ میں پہلے اور اسکے قریب انگلینڈ 266کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اور سری لنکا کی پوزیشن 8ویں ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین