• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحیرۂ روم(Mediterranean Sea)، جسے بحیرۂ متوسط یا بحیرۂ ابیض بھی کہا جاتا ہے، تین براعظم افریقا، یورپ اور ایشیا کے درمیان ایک سمندر ہے، جو تقریباً چاروں طرف زمین سے گھرا ہوا ہے۔ یہ صرف ایک حصے سے کھلا ہے، جہاں اسپین اور مراکش آمنے سامنے ہیں اور درمیان محض میں چند کلومیٹر کا سمندر ہے۔

اگر ہم بحیرۂ روم کے اردگرد کے ممالک جیسے اسپین ، فرانس ، یونان وغیرہ کے مضافات کو دیکھیں تو یہاں بنائے گئے میڈیٹرینین باغات اپنی جداگانہ شناخت وانداز رکھتے ہیں۔ 

نرم مزاج رنگوں ، خاموش طبع اور چمکدارپیٹرن والے ٹائلز ، ریتی اورپتھر سے بنے راستے ، مختلف اشکال میں کانٹ چھانٹ کی گئی جھاڑیاں و گھاس اور موسم کی سختیاں جھیلنے والے غیر روایتی پودے ہر کسی کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں۔ میڈیٹرینین پودوں کے صرف پھول ہی نہیں، ان کے پتے بھی خوشبو دیتے ہیں۔ اگر آپ کا ارادہ میڈیٹرینین گارڈن اسٹائل اپنانے کا ہے تو آپ کو کچھ عناصر کو دھیان میں رکھنا ہوگا۔

سائبان والی بیٹھک

میڈیٹرینین گارڈن اسٹائل میں سائبان مکمل کور نہیں ہوتا بلکہ اس کی جنگلے نما چھت ہری بھری بیلوں اور پودوںسے ڈھکی ہوتی ہے۔ سردیاں ہو ں یا گرمیاں، اس ہر بھرے سائبان سے چھن کر آنے والی دھوپ میں بیٹھ کر چائے پینے کاالگ ہی مزہ ہے۔ 

لکڑی پر کھڑے سائبان کو آپ مختلف پودوں یا بیلوں سے سجا سکتے ہیں ، چاروں طر ف سے مہکتے پھولوں سے سجی اس بیٹھک میں آپ راحت بھرے لمحات کا لطف اٹھا سکتے ہیں۔ اگر یہ داخلی دروازے کے بالکل ساتھ بنا ہو تو آپ کے گھر کی خوبصورتی میں بے پنا ہ اضافہ ہو جاتا ہے۔

گملے اور مرتبان

کچی مٹی اور گارے سے بنے گملے اور مرتبان میڈیٹرینین اسٹائل کا خاصہ ہیں۔ مرتبان ہر سائز میں آتے ہیں اور آپ اپنے گارڈن کی گنجائش کے حساب سے کہیں بھی انہیں رکھ سکتے ہیں۔ وہ گملے یا مرتبان استعمال کریں جو نیچے سے چوڑے ہوں اور مٹی یا پودے کے وزن سے نہ ٹوٹیں ۔ 

مٹی کے ان مرتبانوں میں پانی بخارات کی شکل میں نکلتا رہتاہے اور یہ دھوپ میں بھی ٹھنڈے رہتے ہیں۔ یہ یاد رہے کہ آپ کو پودوں کو باقاعدگی سے پانی دینا ہے کیونکہ پودوں کے پاس پانی کا ذخیرہ مختصر مدت کیلئے ہوتا ہے۔ گملوں کے نیچے سوراخ ہوتاہے اگر اس کے نیچے بھی مٹی سے بنی ٹکیہ رکھ دیں گے تو پانی زیادہ مدت کیلئے اسٹور ہو جائے گا۔

کچی مٹی اور ریت سے بنا فرش

میڈیٹرینین گارڈ ن کیلئے اگر آپ کو پانی کی کمی کا سامنا ہے تو گھاس کے لان کو کم یا ختم کرکے اس کو ریتی بجری یا چھوٹے پتھروں سے بھر دیں۔ اس طرح پانی کے استعمال میں کمی آتی ہے اور آپ کو دیکھ بھال بھی کم کرنی پڑتی ہے۔ اس میں ادھ سڑی گھاس (Mulches)پیدا ہوتی ہیں، جو گارڈن کی افادیت بڑھاتی ہیں۔

واٹر فیچرز

میڈیٹرینین گارڈن واٹر فیچر کے بغیر مکمل نہیں ہوتا ، خاص طور پر گرمیوں میں کیونکہ گرمی کی شدت کم کرنے اور ہوا کو ٹھنڈا کرنے میں یہ بہت کام آتا ہے۔ بہتا اور گرتا ہوا پانی گارڈن کو چار چاند لگادیتاہے۔ پانی کی دھار اور اس کی سریلی آواز طبیعت پر اچھا اثر ڈالتی ہے اورآپ اپنی پریشانیاں بھول کر ا س کی رعنائی میں گم ہوجاتے ہیں۔ آرائشی تالاب ہو یا فوارہ، آپ کے گارڈن کی شان بڑھا دیتاہے۔ ایسے ماحول کو تو تتلیاں اور پرندے بھی خوب انجوائے کرتے ہیں۔

میڈیٹرینین ٹائلز

 قدیم مصری سرزمین سے وابستہ مورش (Moorish)موزیک، آرائش کو بڑھاوا دیتے ہیں، شیشے سے بنے یہ رنگین ٹائلز دیواروں، برآمدے اور صحن کو سجانے کے بھی کام آتے ہیں۔ اس کے مختلف النوع رنگ اور اسٹائل سے بھرپور پیٹرن باغیچے کو ڈرامائی انداز دیتے ہیں۔ سِٹنگ ایریا ہویا سیڑھیاں ، ان ٹائلز سے رنگوں کی بہار میں اضافہ ہوجاتاہے۔

پتھروں سے سجاوٹ

گول چپٹے سفید یا بھورے پتھروں اور سنگریزوںسے بنے پیسیج کے بغیر میڈیٹرینین گارڈن مکمل نہیں ہوتابلکہ یہ اس کی خوبصورت تکنیک میں شمار ہوتاہے۔ پتھروں والے موزیک کی تو قدیم تاریخ ہے، جو مشرقی میڈیٹرینین والے علاقوں جیسے کہ مصر وغیرہ میں مقبول تھے اورآج بھی یہ مقبول و عام ہیں۔ آپ مختلف رنگوں اور سائز کے پتھروں سے اپنی مرضی کا ڈیزائن بنواسکتے ہیں۔

تراشیدہ پودے اور گھاس

تراشید ہ پودے باغ کا آرکیٹیکچرل فریم ورک کہلاتےہیں۔ آپ کو درخت یا جھاڑیاں مختلف اشکال یا مجسمہ نظر آتی ہیں۔ بعض اوقات یہ اشکال کیوبیکل یا دائرہ کی شکل کی ہوتی ہیں جس میںصرف دو افراد بیٹھ سکتے ہیں۔ یہ انداز آپ کے گارڈن کے حسن کو بھی جلا بخشتا ہے۔ 

تازہ ترین