• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کا آخری میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا،قذافی اسٹیڈیم میںپہلے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل طور پر فلاپ رہی، احمد شہزاد، عمر اکمل واپسی پر کچھ نہ کرسکے۔

پاکستان کو64رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، دوسرے میچ کا نتیجہ آپ کے سامنے ہوگا ،مہمان ٹیم کراچی میں 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلنے کے بعد جب لاہور پہنچی تو وہاں بھی بارش نے اس کا استقبال کیا،سخت سکیورٹی اور کڑے حصار میں آئی لینڈرز بھر پور انداز میں کھیل رہے ہیں۔

لاہور میں تماشائیوں کا جوش و خروش عروج پر تھا ،پاکستان نے اس سے قبل ایک روزہ سیریز جیت لی،ایک میچ بارش کی نذر ہوا،باقی دونوں میچزمیں مہمان کھلاڑیوں نے تجربے سے عاری ہونے کے باوجود ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

آخری میچ میں پاکستانی بولرز کے خلاف 300کے قریب اسکور بنانا بڑا کارنامہ تھا،ہوم گرائونڈز کا یہی فائدہ ہوتا ہے،عابد علی نے ایک بار پھر اپنی اہمیت ثابت کی ۔ اس وقت ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کی تبدیلی کی افواہیں ہیں۔

پی سی بی کو فوری فیصلہ کرنا چاہئے آسٹریلیا کی سیریز قریب ہے تاکہ متعلقہ کپتان یکسو ہوکر اپنی ٹیم سیٹ کرسکیں، لگتا ہے کہ کرکٹ بورڈ اظہر علی اور بابر اعظم کا کمبی نیشن سیٹ کرے گا،سرفراز احمد بیک اپ کے طور پر موجود ہونگے۔ 

پاکستان کے 2019کے ایک روزہ میچز تمام ہوئے پاکستان نے اس سال 25 میچز کھیلے 9جیتے اور 15ہارے ایک میچ بے نتیجہ رہا،ورلڈ کپ جیسا ایونٹ بھی اسی سال تھا ٹیم سیمی فائنل تک نہ کھیل سکی ،پاکستان کرکٹ حکام کو ابھی سے ہی ورلڈ کپ 2023کو ٹارگٹ کرنا چاہئے۔

ہمارے ہاں تقرریاں بھی بڑے اہداف کو سامنے رکھ کر نہیں کی جاتیں اب مصباح اور وقار کے معاہدے جب ختم ہونگے تو ورلڈ کپ 12 ماہ کی دوری پر ہوگا دوسری جانب ورلڈ ٹی 20 میں اب ایک سال کا عرصہ رہ گیا ہے ایسے میں اگلے 12 ماہ انٹر نیشنل سطح پر اسکے بھر پور مقابلے ہونگے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی دونوں سیریز کامیابی سے منعقد کرکے دنیائے کرکٹ کو واضح پیغام دیا ہے کہ قومی ٹیم کی اگلی تمام ہوم سیریز پاکستان میں ہونگی۔

یقین ہے کہ سری لنکن ٹیم اب دسمبر میں ٹیسٹ سیریز بھی یہاں کھیلے گی اسی طرح پاکستان سپر لیگ بھی مکمل طور پر پاکستان میں ہوگی ،سری لنکا کے سینئر کرکٹرز کا حالیہ رویہ سامنے ہے ،ہر وہ غیر ملکی کرکٹر جس کا آئی پی ایل میں بڑا مالیاتی مفاد ہوگا وہ پی ایس ایل کھیلنے پاکستان نہیں آئے گا۔

تازہ ترین
تازہ ترین