• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرچر کا چیلنج قبول، پیٹرسن کرکٹ میں واپسی کیلئے تیار

دنیائے کرکٹ سے کنارہ کشی کرنے والے انگلینڈ کے سابق کھلاڑی کیون پیٹرسن نے ایک مرتبہ پھر کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کرلیا، تاہم اس مرتبہ وہ جنوبی افریقہ میں اپنے جوہر دکھائیں گے۔

ایسا انکشاف کیون پیٹرسن نے خود سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جوفرا آرچر کے ساتھ ٹوئٹ کے ذریعے گفتگو کے دوران کیا، تاہم کرکٹ میں واپسی بین الاقوامی سطح کی نہیں بلکہ صرف پریکٹس کے لیے ہے۔

انگلینڈ کے ابھرتے ہوئے اسٹار فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھر کرکٹ کھیلنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

اس ٹوئٹ کے جواب میں کیون پیٹرسن نے ان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں بھی یہی کر رہا ہوں، تم گیند بازی کرو گے اور میں بلے بازی کروں گا۔‘

جوفرا آرچر نے دنیا کرکٹ پر اپنی ہیبت جمانے والے کیون پیٹرسن کے اس چیلنج کو قبول کرنے میں کوئی جلدی نہیں کی اور کہا کہ ’تو پھر آجاؤ‘۔

کیون پیٹرسن نے جوفرا آرچر سے سوال کیا کہ وہ یہ مقابلہ کب اور کہاں کریں گے؟ ساتھ میں انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا مقابلہ تب ہوگا جب انگلینڈ کی ٹیم جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی؟

جوفرا آرچر نے بغیر کوئی وقت ضائع کیے کہا کہ ’اس مقابلے کے انتظامات کریں‘۔

خیال رہے کہ کیون پیٹرسن نے 2013 میں آخری مرتبہ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کی نمائندگی کی تھی جبکہ 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں شکست کے بعد سے انہیں دوبارہ انگلینڈ کی ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا۔

کیون پیٹرسن نے کسی بھی طرز کی کرکٹ میں اپنا آخری میچ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے مارچ 2018 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شارجہ میں کھیلا تھا۔

خیال رہے کہ جوفرا آرچر حال ہی میں انگلینڈ کو پہلی مرتبہ عالمی چیمپیئن بنانے والی ٹیم کا حصہ تھے جنہوں نے فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف تاریخی سپر اوور کروایا تھا۔

یہ بھی یاد رہے کہ رواں برس آسٹریلیا کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر ہونے والی ایشز سیریز کے دوران جوفرا آرچر نے اپنا ڈیبیو کیا اور 4 میچوں میں 22 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 

تازہ ترین