سری لنکا نے پاکستان کے خلاف تاریخ رقم کرتے ہوئے وہ کارنامہ انجام دے دیا جو آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ جیسی بڑی ٹیمیں بھی نہ کرسکیں۔
بلاشبہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی مضبوط ترین 2 ٹیمیں قرار دیا جائے تو غلط نہ ہوگا۔
ویسٹ انڈیز 2 مرتبہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے جبکہ پاکستان نہ صرف سابق ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن ہے بلکہ سب سے زیادہ میچز جیتنے کا ریکارڈ بھی رکھتی ہے۔
ماضی قریب کی کارکردگی کے باعث پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی عالمی نمبر ایک ٹیم ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے دوطرفہ سیریز میں حریف ٹیموں پر برتری حاصل رہی ہے۔
ویسٹ انڈیز، انگلیںڈ، آسٹریلیا اور سری لنکا جیسی ٹیمیں بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کے مقابل آئیں، وہ اسے 3 میچوں پر مشتمل سیریز میں شکست دینے میں کامیاب تو ہوئیں لیکن انہیں سیریز کے کم از کم ایک میچ میں شکست کا منہ ضرور دیکھنا پڑا۔
تاہم یہ پاکستان کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ کسی ٹیم نے قومی ٹیم کو 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کیا۔
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ جنوبی افریقا کی ٹیم پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں نہ صرف ایک بلکہ دو مرتبہ کلین سوئپ کر چکی ہے لیکن یہ سیریز صرف 2 میچوں پر ہی مشتمل تھی۔
جنوبی افریقا نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی میں پہلی مرتبہ اکتوبر 2010ء جبکہ دوسری مرتبہ نومبر 2013ء میں متحدہ عرب امارات میں وائٹ واش کیا تھا۔
اسی طرح قومی ٹیم انگلینڈ کے ہاتھوں بھی 2 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرچکی ہے جہاں انگلینڈ کو ستمبر 2010ء میں 0-2 سے سیریز میں کامیابی ملی تھی۔
اس کے علاوہ آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 3 میچوں کی سیریز میں پاکستان کے مد مقابل آچکی ہیں تاہم وہ پاکستان کو وائٹ واش کرنے میں ناکام رہیں۔