• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوہلی نے بریڈ مین کا ریکارڈ توڑدیا


بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ میں بحیثیت کپتان 9 مرتبہ 150 یا اس سے زائد رنز بناکر آسٹریلوی لیجنڈ سر ڈان بریڈ مین کا ریکارڈ توڑ دیا۔

سر ڈان بریڈ مین نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے دوران کپتان کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے 8 مرتبہ 150 یا زائد رنز بنائے تھے۔

ویرات کوہلی نے پونے میں جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز ناقابل شکست 254 رنز بنائے، جو ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔


آسٹریلیا کے مائیکل کلارک، سری لنکا کے مہیلا جے وردنے، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اور جنوبی افریقا کے گریم اسمتھ نے سات، سات مرتبہ یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔

پونے ٹیسٹ کے دوسرے روز صرف یہی نہیں بلکہ بھارتی کپتان تیز ترین 26 ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے چوتھے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، جس کے بعد انہوں نے سنیل گواسکر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ویرات کوہلی نے بحیثیت کپتان 19 ٹیسٹ سنچریاں بناکر آسٹریلیا کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین رکی پونٹنگ کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ہے۔

اس کے علاوہ ویرات کوہلی بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں کپتان کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے مجموعی طور پر 40 سنچریاں اسکور کرنے والے واحد کھلاڑی بن گئے ہیں۔ وہ آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ کا بین الاقوامی کرکٹ میں بحیثیت کپتان سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کرنے کے لیے صرف دو سنچریز کی دوری پر ہیں۔


اپنی اننگز کے دوران ویرات کوہلی نےٹیسٹ کرکٹ میں 7ہزار رنز بھی مکمل کرلیے، اس طرح وہ دلیپ وینگسارکر (6ہزار 868رنز) کو پیچھے چھوڑ کر بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔

سچن ٹنڈولکر 15921رنز کے ساتھ پہلے، راہول ڈریوڈ 13288رنز کے ساتھ دوسرے، سنیل گواسکر 10927 رنز کے ساتھ تیسرے، وی وی ایس لکشمن 8781 رنز کے ساتھ چوتھے، وریندر سہواگ 8586رنز کے ساتھ پانچویں اور سارو گنگولی 7212رنز بناکر چھٹے نمبر پر ہیں۔

پونے ٹیسٹ میں بھارت نے 601 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی، ویرات کوہلی نے ناقابل شکست 254، میانک اگروال نے 108 اور رویندرا جدیجا 91 رنز بناکر نمایاں رہے۔

دوسرے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے 3 وکٹیں گنواکر 36 رنز بنائے تھے۔

تازہ ترین
تازہ ترین