• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
پی آئی اے کا مزید 5 طیارے لیز لینے کا فیصلہ
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ان پانچ طیاروں کے آنے سے بیڑے میں شامل طیاروں کی تعداد 36 ہوجائیگی۔

قومی ایئرلائن پی آئی اے نے اپنی ملکی پروازوں کی روزانہ کی بنیاد پر تعداد بڑھانے اور غیر ممالک کے لیے نئے روٹس کیلئے مزید پانچ طیارے لیز پر لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان پانچ طیاروں کے آنے سے بیڑے میں طیاروں کی تعداد 36 ہوجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے ملکی روٹس خاص طور پر اسلام آباد اور لاہور کے لیے ہر تین سے چار گھنٹے بعد ایک پرواز چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس وقت صبح سے رات تک اسلام آباد کے لیے چار اور لاہور کے لیے تین پروازیں آپریٹ ہوتی ہیں، جو بڑھا کر اسلام آباد کے لیے چھ اور لاہور کے لیے پانچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ غیر ممالک کے لیے بھی نئے روٹس پر پروازیں چلانے کے بارے میں غور ہورہا ہے۔ ان اضافی پروازوں کے لیے انتظامیہ نے مزید پانچ طیارے لیز پر لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس میں ایک طیارہ رواں ماہ کے آخری ہفتے تک پاکستان پہنچ جائے گا جبکہ دوسرا اگلے ماہ کے وسط تک آئے گا۔

مزید 3طیارے لیز پر لینے کے لیے ہفتہ کو اشتہارات شائع کروادیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان ایئرلائن مشہود تاجور نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان پانچ طیاروں کے آنے سے بیڑے میں طیاروں کی تعداد 36ہوجائے گی۔ یہ تمام لیز طیارے نیروباڈی یعنی 170مسافروں کی گنجائش والے ہوں گے جو ایندھن کم خرچ کرتے ہیں۔ طیارے 6 برس کے لیے لیز پر لیے جارہے ہیں، جس سے ملکی اور غیر ملکی پروازوں کی تعداد بڑھ سکے گی۔

تازہ ترین